Friday, 29 November 2024


پاکستان کو جیت کے لئے 170رنز کا ہدف

ایمزٹی وی (اسپورٹس)آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت نے پاکستان کو 170 رنز کا ہدف دیا ہے۔
انگلینڈ کے شہرڈربی میں جاری میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر169 رنز بنائے، بھارتی کپتان مٹھالی راج نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان ٹیم کو پہلی کامیابی 7 رنز پرملی جب سمرتی مندھانا 2 رنز بنا کردیانا بیگ کی گیند پرایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئیں۔
بھارت کی دوسری آؤٹ ہونے والی کھلاڑی پونم راوت تھیں جو 74 کے مجموعی اسکور پر 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، انہیں نشرا سندھو نے آؤٹ کیا۔ان کے بعد آنے والی بلے باز اور بھارتی کپتان مٹھالی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکیں اور صرف 8 رنز بنا کر نشرا سندھو کا شکار ہوگئیں جب کہ اسی اوور میں نشرا سندھو نے دیپتی شرما کو بھی پویلین واپس بھیج دیا ۔دیپتی نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ 107 کے مجموعی اسکور پرسعدیہ یوسف نے ہرمن پریت کو کیچ آؤٹ کرادیا جب کہ ان کے بعد مونا میشرم کو بھی کلین بولڈ کردیا وہ صرف 6 رنز بنا سکیں۔ اس موقع پر سشما ورما نے تیزی سے کھیلتے ہوئے قیمتی 33 رنز بنائے اور اسماویہ اقبال کی گیند پر آؤٹ ہوگئیں جب کہ گوسوامی 14 رنز پر نشرا سندھو کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئیں۔
پاکستان کی جانب سے نشراسندھونے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا اور 26 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ سعدیہ یوسف نے 2 ،دیانا اور اسماویہ نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اب تک کوئی بھی فتح حاصل کرنے میں ناکام ہے، ثنا میر کی زیرقیادت گرین شرٹس کو جنوبی افریقہ سے سنسنی خیز مقابلے میں3 وکٹ سے شکست ہوئی تھی، دوسرے میچ میں انگلینڈ نے بولرز کی بھرپور پٹائی کرتے ہوئے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ پر107 رنز سے مات دی۔

Share this article

Leave a comment