Friday, 29 November 2024


ترقی کے لئے ضروری ہے کہ ان میں تحقیق پر مبنی تعلیم کو فروغ دیا جائے

 

ایمزٹی وی (تعلیم/ سندھ)جامعہ کراچی میں تعمیر کئےجانے والےانسٹیٹیوٹ آف فارماسوٹیکل ریسرچ میں گورنر سندھ محمد زبیر کی صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صوبہ میں اعلیٰ سطحی تعلیم اور جامعات کی کارکردگی میں بہتری اور نصاب کو تحقیق کی بنیاد پر مرتب کرکے بین الاقوامی ضروریات کے مطابق بنانے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جوکہ ماہرین تعلیم اور جامعات کے وائس چانسلرز پر مشتمل ہوگی
۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ ان میں تحقیق پر مبنی تعلیم کو فروغ دیا اس کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پاکستانی جامعات کا نامور غیر ملکی جامعات سے قریبی تعاون اور وفود کا تبادلہ اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ تحقیق پر مبنی تعلیم سے نوجوانوں کو ان کی پروفیشنل زندگی کے چیلنجز سے موثر طریقہ سے نمٹنے کے لئے تیار کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ کے فعال ہونے سے نہ صرف فارمیسی کے طالب علموں کو تربیت کی فراہمی ممکن ہوسکے گی بلکہ فارما سوٹیکل سائنسز میں ہونے والی نت نئی ایجادات اور بیماریوں کے خلاف ادویات کی تیاری میں بھی مدد ملے گی جوکہ ہمارے ماحول اور ضروریات کے مطابق ہوں گی۔ گورنر سندھ نے وفاقی اور صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشنز کے مابین قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے جامعات کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے سرکاری جامعات کی سنڈیکٹ اور سینٹ کے اجلاس بھی باقاعدگی سے بلانے کی ہدایت کی۔ اجلاس سے خطاب کرنے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے گورنر سندھ کو انسٹیٹیوٹ کے فعال کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں ، دشواریوں اور مشکلات کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کی عدم ستیابی اس ضمن میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

 

Share this article

Leave a comment