Friday, 29 November 2024


دعا ہے کہ سبز ہلالی پرچم ہمیشہ سربلند رہے

ایمزٹی وی (اسلام آباد)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کا مزاج بنیادی طور پر جمہوری اور پارلیمانی ہے، دعا ہے کہ سبز ہلالی پرچم ہمیشہ سربلند رہے ہے ، پاکستان اور چین اہم عالمی امور پر یکساں نظر رکھتے ہیں، ہماری خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلئے چین کا وفد تقریبات میں شرکت کر رہا ہے جس پر ان کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاک چین تعلق خطے میں امن کی ضمانت ہے ۔
کنونشن سینٹر اسلام آباد میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ چیلنجز پر قابو پاکر ہی اعلیٰ مقام حاصل کیا جاسکتا ہے، قومیں اپنے مستقبل پر نظر رکھتی ہیں اور جو قومیں خوشی اور مسرت کے لمحات میں مستقبل کو بھول بیٹھتی ہیں تو ایسی قوموں کے لئے بربادی کے سوا کچھ نہیں ہے۔ جو قومیں آزمائش کی بھٹی میں تپ کر کندن ہو جاتی ہیں زمانہ ان سے روشنی پا کر ترقی کرتا ہے، ہمارے بزرگوں نے عہد کیا تھا کہ ہماری قوم ایک ایسے نظام کی تشکیل کرے گی کہ دنیا جس کی پیروی کرکے اپنے دکھوں سے نجات حاصل کرے گی لیکن آج نوجوانوں میں بہت سے اندیشے پائے جاتے ہیں، ملک و قوم کیلئے تشویش اچھی بات مگر مایوسی درست نہیں ہے۔
صدر ممنون حسین نے کہا کہ نظام حکومت کے بارے میں عوام کی بے چینی پر ضرور توجہ دینی چاہیے، قومی معاملات میں فکر قابل تحسین ہے لیکن ایسا کرتے ہوئے ضروری ہے کہ معاملات کو درست تناظر میں دیکھا جائے۔ قوم توقع رکھتی ہے کہ قائدین گروہی مقاصد سے اوپر اٹھ کر ملک کے مستقبل کی نگہبانی کریں، کشیدگی کے ماحول میں جوش پر ہوش غالب نہ آیا تو اقتصادی احیا کا خواب پورا نہ ہو سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ وطن کو درپیش چیلنجز پر غیر جذباتی انداز میں توجہ دینے کی ضرورت ہے اور ترقی و خوشحالی کے لئے اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کے دست و بازو بننا ہوگا۔قومی ترقی اور استحکام کا راستہ قومی بلوغت سے ہموار ہوگا، وطن عزیز کو آج جن چیلنجز کا سامنا ہے تو ایسے میں نوجوان دانشمندی کا مظاہرہ کر کے قومی مقاصد کے حصول کا ذریعہ بن جائیں۔

Share this article

Leave a comment