Friday, 29 November 2024


دودھ جیسا سفید بارہ سنگھاسویڈن میں موجود

 

ایمز ٹی وی(اسٹاک ہوم) بارہ سنگھے عام طور پر ہلکے یا گہرے بھورے رنگ کے ہوتے ہیں لیکن سویڈن کے ایک نیچر فوٹوگرافر ہانز نلسن نے تین سال کی کوشش اور صبر کے بعد بالآخر چند روز پہلے ایک ایسے بارہ سنگھے کی فلم بندی کرلی ہے جو مکمل طور پر سفید ہے۔ اس ویڈیو اور تصاویر کو لوگ حیرت سے دیکھ رہے ہیں جو اس وقت انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہی ہیں۔ عام بارہ سنگھوں کے برخلاف یہ بالکل سفید کیوں ہے؟ اس سوال کا جواب ”البینو“ (Albino)، یعنی ایک ایسی کیفیت ہے جب کھال پر رنگ کی وجہ بننے والے خلیات اپنی قدرتی صلاحیت سے محروم ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے کھال کا رنگ سفید دکھائی دیتا ہے۔ یہی کیفیت انسانوں میں بھی ہوتی ہے اور ایسے افراد کو ہمارے یہاں ”سورج مکھی“ کہا جاتا ہے جن کی رنگت بالکل سفید اور بالوں کا رنگ سفیدی مائل سنہرا ہوتا ہے۔ اگرچہ یہ کوئی بیماری تو نہیں لیکن اس کیفیت میں مبتلا افراد (اور جانور بھی) اپنے آس پاس کے دوسرے لوگوں سے بالکل مختلف دکھائی دیتے ہیں اور توجہ حاصل کرتے ہیں۔ ماضی میں بھی مختلف مقامات پر بالکل سفید بارہ سنگھے دیکھے جاچکے ہیں لیکن پراسرار بات یہ ہے کہ ایسے بارہ سنگھوں کی تعداد بظاہر بڑھتی ہوئی محسوس ہورہی ہے۔ مثلاً چند ماہ پہلے ناروے کے جنگلات میں سفید بارہ سنگھوں کے دو بچھڑے دیکھے گئے تھے جو غالباً ایک سے دو مہینے کے تھے۔ اس سے پہلے اکتوبر 2016 میں بھی الاسکا کے برفانی علاقے میں ایسا ہی ایک بارہ سنگھا دیکھا گیا تھا جبکہ کینیڈا کے علاقے نیوفاونڈلینڈ میں بھی اس سے قبل ایک سفید بارہ سنگھا مردہ حالت میں پایا گیا تھا۔ غیر مصدقہ اندازوں کے مطابق ناروے اور سویڈن کی سرحد پر پھیلے ہوئے علاقے میں ایسے کم از کم 50 بارہ سنگھے موجود ہیں اور شاید اس تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ البتہ اس اضافے کی وجہ فی الحال کوئی نہیں جانتا۔

 

Share this article

Leave a comment