Friday, 29 November 2024


جامعہ کراچی ایم اے کی طالبہ حادثے کا شکار،کوئِ مدد کو نہ آیا

 

ایمز ٹی وی (کراچی/تعلیم) جامعہ کراچی کے باہر ٹریفک حادثے کا شکار ہونے والی ایم اے اسلامک لرننگ کی غریب طالبہ کے خواب اَدھورے رہ گئے اور اس کی متاثرہ ٹانگ کاٹ دی گئی۔ مردان سے تعلق رکھنے والی طالبہ میمونہ کو اس وقت ایک تیز رفتار موٹرسائیکل نے یونیورسٹی گیٹ کے باہر ٹکر مار دی جب وہ گرلز ہاسٹل جا رہی تھی۔ شدید چوٹ کے باعث پہلے اسے ڈائو انٹرنیشنل اسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹر موجود نہیں تھے پھر سول اسپتال لے جایا گیا لیکن بستر نہ ہونے کی وجہ سے اسے وہاں داخل نہیں کیا گیا اور آخر میں اسے نجی اسپتال لے جایا گیا مگر اس وقت تک دیر ہو چکی تھی،

تاہم ڈاکٹرز نے اس کی جان بچانے کے لئے اس کی متاثرہ ٹانگ کاٹ دی اور یوں میمونہ کے اپنے خاندان کی مدد کرنے کے خواب چکنا چور ہو گئے۔

دلچسپ اَمر یہ ہے کہ جامعہ کراچی جس کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈر طالبعلم ہیں لیکن ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ جامعہ کراچی کی جانب سے طالبہ کی کوئی مالی مدد نہیں کی گئی نہ ہی علاج و معالجے کے اخراجات برداشت کئے گئے۔

اگر یہ حادثہ جامعہ کراچی کے کسی اُستاد کے ساتھ ہوتا تو یونیورسٹی میں ہنگامہ ہوتا۔ علاج و معالجے کے لئے بہترین اسپتال میں داخل کر دیا جاتا اور تمام اخراجات جامعہ کراچی برداشت کرتی لیکن جامعہ کراچی میں طالبعلم کی شنوائی کہاں ہے۔

 

Share this article

Leave a comment