Friday, 29 November 2024


آرمی چیف کی دبئی کے وزیر اعظم سے ملاقات

 

ایمزٹی وی(دبئی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المختوم سے دبئی میں ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے اسٹریٹجک تعلقات، دونوں ملکوں میں دفاعی تعاون بڑھانے اور خطے کی مجموعی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔آرمی چیف جنرل باجوہ نے پاکستانیوں کی انسانی بنیادوں پر امداد کرنے اور پاکستان میں ترقیاتی کاموں میں حصہ لینے پر شیخ راشد المختوم کا شکریہ ادا کیا۔
آرمی چیف نے خلیجی ملک کی تمام شعبوں میں ترقی کو سراہا ، انہوں نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کی خطے اور عالمی سطح پر متوازن پالیسی کی بھی تعریف کی۔ملاقات کے دوران شیخ محمد بن راشد المختوم نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانیوں کے مثبت کردار کی تعریف کی ۔اس ملاقات میں دبئی کے کراﺅن پرنس ہمدان بن محمد المختوم، دبئی کے نائب حکمران مختوم بن محمد المختوم اور یو اے ای کے وزیر خارجہ انور محمد قرقاش بھی موجود تھے۔
سفارتکار اس ملاقات کو اہم خیال کر رہے ہیں کیونکہ گزشتہ دنوں پاناما اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف دبئی کے حکمران سے ملاقات کر نا چاہ رہے تھے لیکن انہوں نے ملاقات کرنے سے انکار کردیا تھا، اس حوالے سے ایک خط بھی منظر عام پر آیا تھا۔ سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی دبئی کے حکمران سے ملاقات کے بعد نہ صرف دونوں ممالک مزید قریب آئیں گے بلکہ دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ بھی پاکستان کے تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔
 

 

Share this article

Leave a comment