Friday, 29 November 2024


عدالت سے مفرور عبدالقوی گرفتار

 

ایمز ٹی وی (ملتان ) ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں نامزد ملزم مفتی عبدالقوی گرفتار کرلیا گیا۔ ایس پی ملتان کینٹ ڈاکٹر فہد کے مطابق مفتی عبدالقوی کی گرفتاری جھنگ جاتےہوئےہائی وے پر عمل میں لائی گئی۔ مفتی عبدالقوی درخواست ضمانت خارج ہونے پر احاطہ عدالت سے فرار ہوگئے تھے جس کے بعد پولیس نے ان کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ بھی مارا تھا۔ اس سے قبل ملتان کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج چوہدری امیر محمد کی عدالت میں قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت ہوئی۔

اس موقع پر فریقین نے اپنے دلائل مکمل کرلئے جس کے بعد عدالت نے قرار دیا کہ ملزم مفتی عبدالقوی کے خلاف دفعہ 302 اور 109 کے تحت کارروائی ہوگی۔

عدالت نے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کرتے ہوئے گرفتاری کا حکم دیا، لیکن اس سے پہلے ہی مفتی عبدالقوی احاطہ عدالت سے فرار ہوگئے۔

عدالتی احکامات کے بعد پولیس کے سادہ لباس اہلکار مفتی عبدالقوی کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پہنچے جہاں اہلکاروں نے گھر سے ملحقہ مدرسے کی بھی تلاشی لی تاہم مفتی عبدالقوی وہاں موجود نہیں تھے۔ خیال رہے کہ قندیل بلوچ قتل کیس کے ملزم مفتی عبدالقوی نے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی۔ گزشتہ برس جولائی میں قندیل بلوچ کو مبینہ طور پر ان کے بھائی وسیم نے غیرت کے نام پر قتل کیا تھا جبکہ مقدمے میں مقتولہ کا کزن حق نواز بھی شامل تھا اور یہ دونوں ملزمان اس وقت ملتان جیل میں ہیں۔

 

Share this article

Leave a comment