Friday, 29 November 2024


پیپلز پارٹی تباہ و برباد ہوگئی ہے،شاہ محمود قریشی

 

ایمز ٹی وی (عمرکوٹ) شاہ محمود قریشی نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دیوالی کے موقع پر عمرکوٹ کے لامبا گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کے دوران پیپلز پارٹی کے آصف علی زرداری کو تھر اور عمرکوٹ سے عام انتخابات میں الیکشن لڑنے کا چیلنج دیا ہے اور کہا ہے کہ آصف علی زدارری اقتدار میں ہیں اور پیسہ بھی بہت ہے، لیکن تھرپارکر سے اگر وہ انتخابات میں حصہ لیں گے تو میں پی ٹی آئی کے ایک ورکر کی حیثیت سے ان کا مقابلہ کروں گا۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جو کام ضیا اور آمریت نہ کرسکے،

وہ آصف علی زرداری نے اپنی کرپشن کے ذریعے کردکھایا ہے اور ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفے کا جنازہ نکال دیا ہے۔ اب پیپلز پارٹی تباہ و برباد ہوگئی ہے، پنجاب سے پہلے ہی پیپلزپارٹی کا نام و نشان مٹ گیا تھا، کے پی کے میں پیپلزپارٹی کا کوئی نام لیوا نہیں اور بلوچستان پیپلزپارٹی کو پہلے ہی فارغ کرچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب عمران خان نے فیصلہ کیاہے کہ اب سندھ سے بھی پیپلزپارٹی کو فارغ کرنا ہے۔

جلسے میں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر ڈاکٹر عارف علوی، حلیم عادل شیخ، لال مالہی، نذہت پٹھان، سردار غلام مصطفی خاصخیلی،ملتان سے ایم این اے ملک عامر ڈوگراور کنری تھانہ حملہ کیس سے شہرت پانے والے نواب زید تالپور سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حق اور باطل کی لڑائی چلی آرہی ہے اوریہ لڑائی جاری رہے گی۔ مجھے جیتنے کی فکر اور ہارنے کاکوئی خوف نہیں ہے۔

انھوں نے آصف علی زرداری کو عمر کوٹ سے اپنے مقابلے میں الیکشن لڑنے کاچیلنج دیتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری دولت، پی پی پی اور اقتدار تمہارے پاس ہے، تم یہاں سے کھڑے ہو میں تمہارا مقابلہ کروں گا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت قائد اعظم نے کہا تھا کہ مسلمان مساجد اور ہندو مندروں میں جائیں، حکومت کے لیے سب برابر ہیں، حلیم عادل شیخ نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چور ڈاکو لٹیرے ایم این اے ایم پی اے عمرکوٹ میں ہیں،مظلوم اور غریب لوگوں کا پانی بند کرنے والے یزیدکے خاندان کے لوگ ہیں،یہاں عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا بدلہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے آنے میں اب صرف چند ماہ رہ گئے ہیں،پھر شاہ محمود قریشی کے ہاتھ میں ڈنڈا ہوگا جو سب کو سیدھا کریں گے اور پھر عوام کی زندگی میں تبدیلی آئے گی۔

ملتان سے ایم این اے ملک عامر ڈوگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ میں تبدیلی کی بارگشت پورے پاکستان میں سنی جارہی ہے،سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت بنے گی،صوبائی رہنما چیلا رام نے کہا کہ عمرکوٹ اب پاکستان تحریک انصاف کا قلعہ بن گیا ہے، نزہت پٹھان نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اوربے نظیر بھٹو نے عوام کی بات کی مگر آج سندھیوں کی بات کرنے کے لیے کوئی موجود نہیں جبکہ سردار غلام مصطفیٰ خاصخیلی نے کہا کہ جمہوریت کو نون لیگ اور پیپلزپارٹی سے خطرہ ہے۔

 

Share this article

Leave a comment