Friday, 29 November 2024


پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ سیریز کی شکست کا بدلا لے لیا

 

ایمزٹی وی(شارجہ)پاکستان نے ایک روزہ سیریز میں سری لنکا کو وائٹ واش شکست دے کر ٹیسٹ سیریز کا حساب برابر کردیا۔
شارجہ میں کھیلے گئے 5 ویں اور آخری ایک روزہ میچ میں سری لنکا عثمان خان کی شاندار بولنگ کے بدولت سری لنکا کی پوری ٹیم 27ویں اوور میں 103 رنز پر پویلین لوٹ گئی جب کہ پاکستان نے مطلوبہ ہدف باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق اور فخرزمان نے 84 رنز کا عمدہ آغاز کیا تاہم فخز صرف 2 رنز کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے، ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل تھے جب کہ امام الحق 45 اور فہیم اشرف 5 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ غلط ثابت ہوا اور پوری ٹیم 26 اعشاریہ 2 اوورز میں 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، مہمان ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سمراوکرما تھے جو کہ بغیر کوئی رنز بنائے عثمان شنواری کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جب کہ ان کے بعد آنے والے کھلاڑی چندیمل اگلی ہی گیند پرپویلین واپس لوٹ گئے انہیں بھی عثمان نے آؤٹ کیا، سری لنکن کپتان تھرنگا بھی 8 رنز بنا کر عثمان کی گیند پر بولڈ ہوگئے جب کہ ڈکویلا بھی کوئی رنز بنائے بغیر عثمان شنواری کا شکار ہوگئے۔
مشکل وقت میں سری لنکن بلے باز سروردانا بھی ہمت ہار بیٹھے اور 20 کے مجموعی اسکور پر 6 رنز بنا کر فخرزمان کو کیچ تھما بیٹھے ان کی وکٹ بھی عثمان شنواری کے حصے میں آئی۔ 49 کے مجموعی اسکور پر تھرمانے کو حسن علی نے آؤٹ کردیا وہ صرف 19 رنز بنا سکے۔ 63 رنز پر پرسانا کو شاداب خان نے رن آؤٹ کردیا وہ ٹیم کے مجموعی اسکور میں صرف 16 رنز کا اضافہ کرسکے۔
اس موقع پرجارح مزاج بلے باز پریرا نے تیز کھیلنے کی کوشش کی تاہم وہ بھی 25 رنز بنا کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے انہیں شاداب خان نے آؤٹ کیا۔ وندرسے بھی 2 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار ہوگئے۔ سری لنکا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی چمیرا تھے جو کہ 11 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نےشاندار بالنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑی آؤٹ کیئے جب کہ حسن علی اور شاداب خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں اور ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

 

Share this article

Leave a comment