Saturday, 30 November 2024


پولیس اہلکاروں کا جھوٹ پکڑنے والی مشین اسٹیڈیم میں نصب ہوگی

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس )مہمان ٹیم کی سکیورٹی فوج اور رینجرز کے سپرد کرنیکا فیصلہ کرلیا گیا۔دبئی سے پاک فضائیہ کے طیارے میں لانے پر غور ،موبائل فون جیمرز لگا کر ہوٹل سے اسٹیڈٖیم اور پھر ایئر پورٹ پہنچایا جائے گا سکیو رٹی پر مامور مذہبی جنونی اور نفسیاتی مرض میں مبتلا پولیس افسروں ، اہلکاروں کا جھوٹ پکڑنے والی مشین سے ٹیسٹ ہو گا،ہوٹل اور اسٹیڈیم کے قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن کی ہدایت پاکستان کیخلاف ٹی 20 میچ کھیلنے کیلئے لاہور آنیوالی سری لنکن ٹیم کو 7پردوں میں چھپانے کی تیاری کرلی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے آخری معرکے کیلئے 28اکتوبر کو لاہور آنیوالی سری لنکن ٹیم کی سکیورٹی فوج اور رینجرزکے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ مہمان ٹیم کو غیر ملکی جہاز کے علاوہ پاک فضائیہ کے طیارے میں لانے پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سکیورٹی فورسز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کالعدم تنظیموں کی دھمکیوں کے بعد سری لنکن ٹیم کی سکیورٹی پر سپیشل فورس کمانڈوز کو تعینات کیا جائے جبکہ اے ایس ایف کے تربیت یافتہ کمانڈوز،سول ایوی ایشن اور اعلیٰ عسکری قیادت بھی ٹیم کی آمد سے قبل الرٹ ہو ، ذرائع کے مطابق سری لنکن ٹیم کو غیر ملکی جہاز کے علاوہ دبئی سے پاک فضائیہ کے طیارے میں لانے کے بارے میں بھی زیر غور کیا گیا ہے لیکن اگر ٹیم کو غیر ملکی جہاز سے لایا گیا تو اس میں کوئی نامور شخصیت موجود نہیں ہوگی تاکہ ایئر پورٹ پرہجوم نہ ہو ۔ہوٹل اور سٹیڈیم کے قریبی علاقوں میں پولیس اور رینجرز کو سرچ آپریشن کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ،ذرائع کا کہنا ہے کہ مہمان ٹیم کو ہیلی کاپٹر سے ہی سٹیڈیم پہنچایا جائے گا اور ایک کلو میٹر تک موبائل فون جیمرزلگانے پر بھی غور کیا جارہا ہے جبکہ ٹیم کے روٹس پر مزید لائٹس بھی لگائی جارہی ہیں، ڈپٹی ایئر پورٹ آپریشن اور جہازوں کے سٹیشن منیجرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ سری لنکن ٹیم کی آمد کے موقع پر ایئر پورٹ پر موجود رہیں جبکہ رن وے پر موجود کسی بھی ملازم کو موبائل فون رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی اور ایئر پورٹ پر سی این جی گاڑیوں کا داخلہ مکمل طور پر بند ہو گا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی پر مامور پولیس افسروں اور اہلکاروں کے کوائف فوج کو بھجوا دئیے گئے ہیں ،25 ایسے پولیس افسر و اہلکار ہیں جن کے جھوٹ پکڑنے والی مشین سے ٹیسٹ لئے جائیں گے اور ان کے بارے میں خفیہ تحقیقات کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے ، ذرائع کے مطابق میچ کے ا ختتام پر سری لنکن ٹیم کو اسٹیڈیم سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پرانے ایئر پورٹ پر بھجوانے پر غور کیا جا رہا ہے کیونکہ شہر میں خود کش بمباروں کی موجودگی کی اطلاع کے باعث قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے خبر دار کیا ہے کہ میچ کے بعد سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر پی سی بی اور اعلیٰ سیاسی شخصیات کی بلٹ پروف، بم پروف اور فائر پروف گاڑیاں بھی استعمال کی جائیں گی جبکہ ٹیم کی آمد سے 12گھنٹے قبل کھلاڑیوں کا سامان پاکستان پہنچ جائے گا ،یاد رہے کہ میچ 29اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے ۔

 

Share this article

Leave a comment