Friday, 29 November 2024


سفارتخانوں میں "یوم سیاہ کشمیر" کا انعقاد

 

ایمزٹی وی(دبئی)سفارتخانہ پاکستان ابو ظہبی اور کونسل خانہ دُبئی میں " یوم سیاہ کشمیر " منانے کے لیے تقریبات کا انعقاد ہوا جس میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کی ایک کثیر تعداد جمع ہوئی اور کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔
اس موقع پر عزت مآب سفیر پاکستان معظم احمد خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوم سیاہ کشمیر اس لیے منایا گیا تاکہ دنیا کی توجہ کشمیر پر غیر قانونی قبضے کے بارے میں کرائی جا سکے اور مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار بین الاقوامی دنیا کو دکھائی جا سکے . انہوں نے مزید کہا کہ اس دن، پاکستان کے لوگ اپنے عزم کی تجدید کر تے ہیں کہ وہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے لئے اپنی حمایت جاری رکھیں گے تاوقتیکہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور اپنی خواہشات کے مطابق خود ارادیت کا جائز حق حاصل نہ کر لیں ۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مسلسل واقعات، انسانی زندگیوں کی بے عزتی، خواتین کی بے حرمتی اور بچوں کو بینائی سے محروم کرنا، یہ سب انسانی عظمت کے بنیادی اصول کے خلاف ہے. انہوں نے کہا کہ کسی بھی ریاست کو اس بات کی اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ انسانیت کے قائم کردہ اصولوں کو اپنے سیاسی مفادات کی بھینٹ چڑھا دے۔
سفیر پاکستان معظم احمد خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکو کسی بھی صورت میں بھارت کا داخلی معاملہ قرار نہیں دیا جا سکتا کیونکہ اقوام متحدہ نے پہلے ہی مقبوضہ کشمیرکو ایک متنازعہ علاقہ تسلیم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر کشمیر کے مسئلے کو پرزور طریقے سے اٹھایا ہے۔ اس سال ، وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے فورم پر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اس علاقے میں بھارتی کردار کو غیر ملکی قبضے کی بدترین مثال قرار دیا۔ پاکستان نے کشمیر میں ہونے والے بھارت کے جرائم میں بین الاقوامی تحقیقات کے لیے بھی مطالبہ کیا. انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیر ی عوام کی اصل جدوجہد برائے حق خود مختاری کے لیے اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد جاری رکھے گی۔حاضرین کو یوم سیاہ کی مناسبت سے ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی. حاضرین کے لئے ایک فوٹو گرافی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
تقریب کے اختتام پر شہدائے کشمیر کی بلندی درجات اور کشمیر یو ں کی جدوجہد کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ یوم سیاہ پاکستان کے حوالے سے ایک اور تقریب پاکستان کونسل خانہ دُبئی میں منعقد کی گئی۔اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کونسل جنرل عزت مآب سید جاوید حسن نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو تسلیم کرے اور مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انھوں نے بین الاقومی انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی کہاکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیق کریں اور اجاگر کرنے میں مد د کریں۔
یوم سیاہ کی تقریب سے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کشمیری برادری کے سرکردہ رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور مقبوضہ کشمیر میں روا رکھے جانے والے ظلم و تشددپر توجہ دلاتے ہوئے انہوں نے بین القوامی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے میں ہندوستان کی حکومت پر دباؤ ڈالے۔
اس موقع پر مقبوضہ علاقوں میں انڈیا کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مبنی ڈاکیو منٹری بھی دکھائی گئی۔تقریب کا اختتام کشمیری برادری کی جدوجہد آزادی کی کامیابی کیلئے دُعائیہ کلمات کے ساتھ ہوا۔

 

Share this article

Leave a comment