Saturday, 30 November 2024


ہم نے پاک سرزمین پارٹی کے ساتھ مستقبل میں سیاسی اتحاد کے لیے کوششیں کیں لیکن...........

 

ایمزٹی وی(کراچی)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ ہم نے پاک سرزمین پارٹی کے ساتھ مستقبل میں سیاسی اتحاد کے لیے کوششیں کیں لیکن پی ایس پی کے سربراہ نے غیر ذمہ دارانہ گفتگو کر کے سیاسی اتحاد کا قیمتی موقع گنوا دیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی فیصل سبز واری نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کہتے ہیں کہ ایم کیو ایم ’راٰ‘ کی ایجنٹ ہے اور سابق ڈی جی رینجرز سندھ بلال اکبر نے ایم کیو ایم پاکستان بنائی لیکن ہمارے ساتھ بیٹھتے بھی ہیں۔
فیصل سبزواری نے کہا کہ مصطفیٰ کمال نے الزام عائد کیا کہ میں نے غلط خبریں لیک کیں، مصطفیٰ کمال جس صحافی دوست کا ذکر کر رہے ہیں اس سے ملاقات میں نے ہی کروائی تھی، ہم دونوں کے ٹیلی فونز کا ڈیٹا چیک کر لیا جائے تو اندازہ ہو جائے گا کہ کون جھوٹ بول رہا ہے اور کون سچ کہ رہا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کے الزامات انتہائی افسوسناک  ہیں لیکن ان کا شکریہ کہ آج ان کی وجہ سے ہمارے ناراض کارکن ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کسی کے ساتھ ضم نہیں ہو گی، آگے چل کر اندازہ ہو جائے گا کہ کون کس کے ساتھ ضم ہونے جا رہا ہے۔
اس موقع پر فیصل سبزواری نے ایک شعر بھی پڑھا۔
گرتے ہیں سمندر میں بڑے شوق سے دریا
لیکن کسی دریا میں سمندر نہیں گرتا
مصطفیٰ کمال کی آج کی پریس کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ آج کی ان کی پریس کانفرنس سے ایم کیو ایم پاکستان کا بال بھی بھیگا نہیں ہوا لیکن پی ایس پی نے اپنا بہت بڑا نقصان کیا ہے جس کا نقصان انہیں آئندہ انتخابات میں ہو جائے گا۔

 

Share this article

Leave a comment