Friday, 29 November 2024


چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح

 

ایمز ٹی وی (صحت) قومی ادارہ برائے امراضِ قلب نے حکومتِ سندھ اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے تعاون سے دل کے مریضوں کی سہولت کیلئے ناگن چورنگی فلائی اوور کے نیچے بھی سینے کے درد کے فوری و مفت علاج کیلئے یونٹ کا آغاز کردیا ہے۔

یونٹ کا افتتاح بدھ کو این آئی سی وی ڈی کے ایگزیگیٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمرنے کیا اس موقع پر گورننگ باڈی کے اراکین ، ڈاکٹر ، نرسز اور پیرامیڈیکس کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ سندھ کی عوام کو ان کی دہلیز پہ ہی امراضِ قلب کے علاج کی خدمات فراہم کرنے کے لئے گلشن چورنگی فلائی اوور، گل بائی فلائی اوور ، ملیر ہالٹ فلائی اوور اور قیوم آباد چورنگی فلائی اوور کے بعد اب ناگن چورنگی فلائی اوورکے نیچے بھی چیسٹ پین یونٹ کا آغاز کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مئی 2017سے شروع کی گئی ان سہولیات سے اب تک 12957 سے زیادہ مریض مستفید ہو چکے ہیںجس میں5487 دل کے مریض اور 977 دل کے دورے کے مریض بھی شامل ہیں جن کی زندگیاں بچائی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ دل کے مریضوں کو فوری طبّی امداد فراہم کرنے کیلئے یہ یونٹس تیار کیے گئے ہیںاوران تمام یونٹس کی ٹیمیںانسانی زندگیاں بچانے میں24 گھنٹے مصروفِ عمل ہیں۔ پروفیسر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ بہت جلداس طرز کے مزید یونٹس کراچی کے مختلف علاقوں اور اندرون سندھ میں قائم کئے جائینگے۔ این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے سندھ حکومت اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے تعاون پران کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ جدید آلات سے آراستہ اِن یونٹس میں دل کے دورے کی تشخیص کیلئے مناسب ٹیسٹنگ کی سہولیات موجود ہیں۔ یہ یونٹس مریضوں کو ابتدائی ہنگامی امداد فراہم کرنے کے لئے ڈیزائن کئے گئے ہیں اور فوری طبّی امداد کے بعد مریض کو بلا تاخیر این آئی سی وی ڈی کیتھ لیب منتقل کیا جاتا ہے۔

 

Share this article

Leave a comment