Friday, 29 November 2024


ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارش اور برفباری

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی بوندا باندی اور کہیں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا۔ سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے طلبا وطالبات کو اسکول اور شہریوں کو دفاتر پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، پشاور، عارف والا، مانانوالہ وگردونواح، پنڈی بھٹیاں، حافظ آباد میں موسم سرما کی پہلی بارش سے ٹھنڈ بڑھ گئی جب کہ پتوکی میں بھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پتوکی میں مسلسل بارش کی وجہ سے مضافاتی علاقوں کے مکین پریشان ہیں۔
شیخوپورہ اور بہاولنگر میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ بہاولنگر میں اچانک سردی بڑھنے کی وجہ سے کوئلہ، لکڑی اور خشک میوہ جات کی قیمتیں مہنگی ہوگئی ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ سردی کے باعث گیس کی لوڈشیڈنگ بڑھ گئی ہے اور وہ کوئلہ استعمال کرنے پر مجبور ہیں لہٰذا مداخلت کرکے کوئلے کی قیمتوں میں کمی کرائی جائے۔ رحیم یار خان ،بھکر ، پشاور، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، کندیاں میں رات بھر سے وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب اسکردو سمیت ملک کے مختلف بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، چترال، اپر دیر ، لوئر دیر ، سوات، مالاکنڈ ، شانگلہ، ایبٹ آباد، کوہستان، مانسہرہ میں بھی برفباری کا امکان ہے جب کہ استور میں رات سے برفباری جاری ہے۔
شہر قائد میں بھی صبح سے موسم ابر آلود ہے اور بعض علاقوں میں ہلکی بوندا باندی بھی ہوئی جس کی وجہ سے موسم خوشگوار اورسردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

 

Share this article

Leave a comment