Friday, 29 November 2024


عمران خان نے پیپلزپارٹی کےساتھ اتحاد کی مخالفت کردی

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کے ہوتے ہوئے پیپلزپارٹی سے کسی صورت اتحاد ممکن نہیں۔
اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مخالفین نے جان بوجھ کر مجھ پر دہشت گردی کے کیسز بنائے، مجھے ڈرایا اور دھمکایا گیا کہ میں کرپٹ شریف مافیا کا پیچھا چھوڑ دوں، اور یہ تاثر پیدا کیا گیا کہ ہم چور ہیں تو باقی سب بھی چور ہیں لیکن ایسا کبھی بھی نہیں ہوسکتا، میں نے پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ کرنے کا عہد اور عوام سے وعدہ کررکھا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی جائیداد سے متعلق تمام منی ٹریل عدالت میں پیش کی لیکن نوازشریف سے جب پوچھا گیا کہ پیسا کہاں سے آیا تو ان کے پاس جواب میں صرف قطری خط تھا اور اسی قطری خط سے نواز شریف نے بچوں کی جائیداد سے متعلق سوال پر بھی سہارا لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں پولیس حکمرانوں کی ذاتی ملازم بنی ہوئی تھی اور میرے خلاف مقدمات میں بھی حکومتی پراسیکیوٹر شریف خاندان کا ترجمان بنا ہوا ہے یہ سب چور اور ان کے لیڈرز بھی چور ہیں۔
پیپلزپارٹی سے اتحاد کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے ہوتے ہوئے پیپلزپارٹی سے اتحاد نہیں ہوسکتا۔

 

Share this article

Leave a comment