Saturday, 30 November 2024


پی ایس ایل 3، پلے آف میچز کے لئے کرکٹر کی وطن واپسی

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے پلے آف میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے پاکستانی کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
کپتان سرفراز احمد کی سربراہی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل پاکستانی کرکٹرز پہلے رات گئے کراچی پہنچے، جس کے بعد وہ پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے صبح ساڑھے 9 بجے لاہور ائرپورٹ پر اترے۔ جبکہ پشاور زلمی کی ٹیم براہ راست دبئی سے لاہور پہنچی۔
وطن پہنچنے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں میں اسد شفیق، انور علی، حسان خان، محمد نواز، عمر امین، میر حمزہ ،راحت علی اور رمیز راجا جونیئر شامل ہیں۔ ٹیم گلیڈی ایٹرز کے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کل متوقع ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے کہا کہ پی ایس ایل میں آئندہ صرف ان غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے جو پاکستان آنے کے لیے تیار ہوں، شین واٹسن نے پاکستان آنے کی حامی بھری تھی مگر آخری وقت میں منع کردیا، پی سی بی غیر ملکی کھلاڑیوں کے اس مسئلے کا حل ڈھونڈے۔ ندیم عمر نے بتایا کہ ان کی ٹیم کے غیر ملکی کرکٹرز رائلی روسو، کرس گرین، تھسارا پریرا چارلز جونسنز اور محمود اللہ پاکستان آرہے ہیں۔
ادھر پشاور زلمی کے پاکستانی کھلاڑی محمد حفیظ، کامران اکمل ، احسن علی ، حارث سہیل اور وہاب ریاض بھی لاہور پہنچ گئے ہیں۔ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پلے آف 20 مارچ منگل کو کھیلاجائیگا۔ لاہور میں اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

 

 

Share this article

Leave a comment