Friday, 29 November 2024


سندھ میں بارش کا امکان، نمی کے تناسب میں اضافہ

 

ایمزٹی وی(کراچی)شہر میں مطلع جزوی ابر آلود ہونے کا امکان ہے جب کہ تیز ہواؤں کے باوجود ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کے سبب حبس کی کیفیت پید ا ہوسکتی ہے۔
ریجنل ڈائریکٹر محکمہ موسمیات شاہد عباس نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ 18مارچ کی شب مغربی بارش اور تیز ہواؤں کا ایک سلسلہ افغانستان سے بلوچستان میں داخل ہوگا جس کے تحت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے ،بعدازاں سندھ میں داخل ہونے والے اس مغربی سسٹم کی وجہ سے 19اور 20مارچ کے درمیان اندرون سندھ کے دادو،سکھر ،جیکب آباد اور شکارپور میں بارشیں ہوسکتی ہیں۔
شاہد عباس کے مطابق شہر پربارش کے اس سسٹم کے اثرات صرف گہرے بادلوں کی شکل میں نمودار ہوسکتے ہیں تاہم بارش کا کوئی امکان نہیں ہے ،بیرونی سسٹم کے باعث شہر کی ہوائیں تیزی سے سمت تبدیل کرسکتی ہیں جس کی وجہ سے ہوا میں نمی کاتناسب بڑھنے کا امکان ہے۔
ریجنل ڈائریکٹر کے مطابق درجہ حرارت 2ڈگری کم ہونے کے باوجود حبس کی کیفیت پید اہوسکتی ہے ،اگلے چند رو ز کے دوران ایک اور مغربی سسٹم کی توقع کی جارہی ہے ،تاہم یہ کراچی اور سندھ پر کس حد تک اثر اندازہو گا اس کے بارے میں قبل ازوقت کہنامشکل ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیا ت کا کہناہے کہ ہفتے کو شہر میں مغربی سمت سے10کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے ہوائیں چلیں جبکہ ہوا میں نمی کاتناسب 72فیصد رہا،آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسم خشک جبکہ صبح کے اوقات میں گرد آلو دمطلع چھانے کا امکان ہے۔

 

Share this article

Leave a comment