Saturday, 30 November 2024


اسمتھ اور وارنر پر غم کے گہرے بادل

 

ایمزٹی وی(سڈنی)آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ کرنے پر ٹیم کے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر ایک ایک سال کی پابندی عائد کردی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے بال ٹیمپرنگ پر قومی ٹیم کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر ایک ایک سال جب کہ بیٹسمین کیمرون بینکروفٹ پر 9 ماہ کی پابندی لگادی ہے، اس کے علاوہ اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر آئندہ 2 سال تک ٹیم کی قیادت بھی نہیں کرسکیں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب کی اس پابندی سے متعلق کھلاڑیوں کو آگاہ کردیا گیا ہے تاہم اب تک اس کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا۔
آئی سی سی نے بال ٹیمپرنگ کرنے پر اسٹیو اسمتھ پر ایک میچ کی پابندی کے علاوہ مکمل میچ فیس بطور جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ اسمتھ اور بینکروفٹ پر لگائی گئی یہ پابندیاں اسپورٹس سے متعلق بین الاقوامی گورننگ باڈی کی سزا کے علاوہ ہیں۔ دوسری جانب ٹیم کے کوچ ڈیرن لیہمن کے حوالے سے کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکروفٹ کو بال پر پیلے رنگ کی ٹیپ رگڑتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ فوٹیج نشر ہونے پر انہیں ڈریسنگ روم سے ایک پیغام بھیجا گیا جس کے بعد انھوں نے ٹیپ اپنی پتلون کے اندر ڈال لی تھی۔
بال ٹیمپرنگ کے اسکینڈل کے بعد آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ اس میچ کے لیے کپتانی سے اور ڈیوڈ وارنر نائب کپتانی سے دستبردار ہو گئے تھے۔ اسمتھ نے پریس کانفرنس کے دوران اعتراف کیا تھا کہ ٹیم کے ‘لیڈرشپ گروپ’ نے گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا جسے کیمرون بینکروفٹ نے پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

 

Share this article

Leave a comment