Friday, 29 November 2024


وائس چانسلر تعیناتی معاملہ، جامعہ اردو نے اہم امیدواروں کو نظراندازکردیا

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)وفاقی اُردویونیورسٹی کی تلاش کمیٹی نے اُردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کیلئے 5اُمیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری دیدی ہے جن میں موجودہ قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف حسین، ڈاکٹر مختار ، ڈاکٹر معین الدین، ڈاکٹر نعیم اور ڈاکٹر حافظ شامل ہیں۔
کمیٹی نے کئی اہم اُمیدواروں کو جنہیں اُردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کی دوڑ کے لئے اہم سمجھا جا رہا تھا، نظرانداز کر دیا ہے جن میں سرفہرست جامعہ کراچی کے سابق ڈین آف مینجمنٹ سائنس اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے موجودہ ڈائریکٹر ڈاکٹر ابوذرواجدی اورموجودہ ڈین آف سوشل سائنسز ڈاکٹر احمد قاری سمیت کئی اہم نام شامل ہیں۔
اس سے قبل تلاش کمیٹی نے درخواستوں کی جانچ میں بھی کئی اہم نام نظرانداز کر دیئے تھے جس کی وجہ سے شکوک و شبہات نے جنم لینا شروع کر دیا تھا۔ اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے لئے تلاش کمیٹی کو ریکارڈ 85درخواستیں موصول ہوئی تھیں ، تلاش کمیٹی میں پروفیسر اسماعیل موسیٰ، ڈاکٹر محمد زاہد، پروفیسر پروین اختر
عثمانی، شاہد شفیق، ڈاکٹر عبدالقدیر راجپوت اور ڈاکٹر معین الدین عقیل نے درخواستوں کاجائزہ لیا جبکہ معاونت رجسٹرار افضال احمد نے کی جبکہ خاتون رکن اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈیزائننگ لاہور کی وائس چانسلر طیبہ حنا غیر حاضر رہیں تاہم ان سے فون پر رابطہ کرلیا گیا۔ اب یہ پانچ نام اردو یونیورسٹی کی سینیٹ میں پیش کئے جائیں گے جس کے لئے اجلاس جلد بلایا جائے گا۔ سینیٹ تین ناموں کا انتخاب کرکے صدر مملکت کو بھیجے گی اور صدر ایک نام کی بطور وائس چانسلر منظوری دیں گے۔

 

Share this article

Leave a comment