ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)افریقی ملک یوگنڈا میں فیس بک اور واٹس ایپ پر گھنٹوں باتیں کرنے والے صارفین پر ’’ گپ شپ ٹیکس‘‘ عائد کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یوگنڈا کی حکومت نے لوگوں کو بے مصرف اور بلا تکان سوشل میڈیا پر طویل گفتگو سے روکنے کے لئے فیس بک، واٹس ایپ، وائبر اور ٹوئٹر پر 4 سے 5 سینٹ ’گپ شپ ٹیکس‘ عائد کردیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔
قبل ازیں یوگنڈا کی پارلیمنٹ نے جمعرات کے روز ایک قانون پاس کیا جس کے تحت سماجی رابطے کی مختلف ویب سائٹس کو استعمال کرنے والے صارفین سے ٹیکس کی مد میں 200 ’یوگنڈا شیلنگ‘ وصول کیے جائیں گے اس کے علاوہ پارلیمنٹ نے ہر موبائل ٹرانزیکشن پر ایک فیصد ٹیکس عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
افریقی ملک میں سماجی رابطے کی ویب سائٹس کے استعمال پر ٹیکس کے نفاذ کو بین الاقوامی طور پر تنقید کا سامنا ہے۔ سوشل میڈیا پر یوگنڈا کے اس فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب یوگنڈا صدر یوواری موسوینی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا گپ شپ اور فضول بکواس کو فروغ دیتا ہے جس کی روک تھام ضروری ہے اگر حکومت کو ٹیکس کی مد میں کچھ رقم حاصل ہوتی ہے تو یہ ایک اچھی بات ہے۔