اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی ہماری پہلی دفاعی لائن ہے جب کہ حکومت اور عوام، مسلح افواج اور انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراءکے ہمراہ آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم نے آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز میں یاد گار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی جب کہ وزیراعظم کواسٹرٹیجک انٹیلی جنس اور قومی سلامتی امورپربریفنگ دی گئی، وزیراعظم نےقومی سلامتی کے لیے آئی ایس آئی کے کردارکوسراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف ادارے کی کارکردگی کی تعریف کی۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایس آئی دنیاکی بہترین انٹیلی جنس ایجنسی شمارہوتی ہے،آئی ایس آئی ہماری پہلی دفاعی لائن ہے، حکومت اور عوام، مسلح افواج اور انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان اداروں کی بے مثال کامیابیوں کو تسلیم کرتے ہیں۔