ابوظہبی: ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ کے 274 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے، پاکستان کی جانب سے اظہرعلی نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور دن کے آغاز میں ہی سنچری اسکور کی۔
گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی ٹیم 274 رنز ہی بناسکی اور آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور امام الحق نے کیا تاہم حفیظ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جب کہ امام الحق صرف 18 رنز بناسکے۔ ون ڈاؤن آنے والے اظہر علی نے ٹیم کو سنبھالا اور نصف سنچری اسکور کی جس کی بدولت قومی ٹیم نے کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے تھے۔
واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اب تک 1-1 سے برابر ہے، پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرایا تھا جب کہ قومی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دی تھی۔