Friday, 29 November 2024


قومی ٹیم کی ورلڈکپ میں کارکردگی سمیت اہم ایشوزپرتبادلہ کےلئےاہم بیٹھک

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہونے والے گورننگ بورڈ اجلاس میں قومی ٹیم کی ورلڈکپ میں کارکردگی سمیت اہم ایشوز پر تبادلہ خیال ہوگا۔

عدالتی احکامات کی روشنی میں باغی رکن شاہ دوست کو بھی بدھ کو لاہور میں بلائے جانے والے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں طلب کرلیا گیا ہے، کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے شاہ دوست نے اجلاس میں تصدیق کردی ہے، ان کی جانب سے وسیم خان کی تقرری سمیت دیگر ایشوز پر سخت موقف اپنائے جانے کا امکان ہے۔

کوئٹہ اجلاس میں بغاوت کرنے والے اراکین کبیر احمد خان، شاہ ریز عبداللہ روکھڑی اور ایاز بٹ بورڈ سے اپنے رویے کی معذرت کرچکے ہیں تاہم شاہ دوست اور پی سی بی کے درمیان پڑنے والا میچ جاری ہے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شیڈول اس اجلاس کی صدارت بورڈ سربراہ احسان مانی کریں گے۔

ایم ڈی وسیم خان بھی اجلاس میں شرکت کے لیے انگلینڈ سے لاہور پہنچ رہے ہیں، اجلاس کے بعداحسان مانی انگلینڈ روانہ ہوجائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی آئی سی سی کی دعوت پر یہ میچز دیکھنے جارہے ہیں جس کے بعد وہ 15 جون سے آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں سرکلرز کے ذریعے طے پانے والے امورز کی منظوری لی جائے گی۔

پی سی بی میں اختیارات کی منتقلی کے حوالے سے آئینی ترامیم سمیت نئے ڈومیسٹک نظام پر بریفنگ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے، قومی ٹیم کی پر فارمنس باقاعدہ ایجنڈے کا حصہ نہیں تاہم انفرادی طور پر کسی ممبر کی جانب سے اس پر بات ضرور ہوسکتی ہے۔

Share this article

Leave a comment