Friday, 29 November 2024


رواں سال میڈیکل میں داخلہ پالیسی تبدیل

کراچی: ملک بھرکے سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں میں امسال یونیفارم داخلہ پالیسی کے تحت داخلے ممکن نہیں۔
 
سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں میں امسال یونیفارم داخلہ پالیسی کے تحت داخلے ممکن نہیں، یونیفارم داخلہ پالیسی کے تحت ملک کے تمام میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلیے بیک وقت انٹری ٹیسٹ منعقد کیے جاتے ہیں لیکن امسال سندھ اور بلوچستان میں 8 ستمبر جبکہ صوبہ پنجاب اورکے پی کے میں 25 اگست سے انٹری ٹیسٹ منعقدکیے جائیں گے لیکن پی ایم ڈی سی کے حکام سندھ اور بلوچستان کے امیدواروں کے انٹری ٹیسٹ کی تاریخ مقررکرنے میں غلطی کر گئے۔
 
8 ستمبرکو محرم الحرام ہوگا جس کی وجہ سے مذکورہ تاریخ پر انٹری ٹیسٹ کا انعقاد ممکن نہیں جس کی وجہ سے سندھ اور بلوچستان میں داخلوں کیلیے انٹری ٹیسٹ کی تاریخ کا دوبارہ اعلان کیا جا سکتا ہے اس طرح 2 صوبوں میں 25 اگست جبکہ 2 صوبوں میں محرم الحرام کے بعد انٹری ٹیسٹ منعقد کیے جائیں گے، امسال انٹری ٹیسٹ 2 مرحلوں میں لیے جائیں گے، انٹری ٹیسٹ نیشنل ٹیسٹنگ سروسزکے تحت لیے جائیں گے۔
 
ادھر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے نئے آرڈینس کی مدت 5 ستمبر کو ختم ہو جائے گی جس کے بعد پی ایم ڈی سی عملاً غیر فعال ہو جائے گی جب ملک بھرکے سرکاری و نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس سال برائے2019-20 میں داخلوں کا عمل شروع ہوگا، اس وقت پی ایم ڈی سی غیر فعال ہوجائیگی اورملک بھر میڈیکل ونجی کالجوں میں یونیفارم داخلہ پالیسی کے مطابق داخلے شروع نہیں کیے جا سکیں گے۔
 
کراچی سمیت سندھ کے پبلک و نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں امسال داخلے جامشورو میں واقع لیاقت میڈیکل یونیورسٹی (لمس) کے تحت دیے جائیں گے۔ لمس یونیورسٹی ہی میرٹ لسٹ جاری کرے گی،کراچی ، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور میرپورخاص میں بیک وقت انٹری ٹیسٹ منعقدکیے جائیں گے۔
 
واضح رہے کہ پی ایم ڈی سی کا نیا آرڈینس جو جنوری 2019میں صدارتی حکم نامے کے تحت جاری کیاگیا تھا سینیٹ سے منظور نہیں کیا جا سکا ،آرڈینس کے 240دن مکمل ہونے کے بعد5 ستمبر کو آرڈینس کی مدت ختم ہو جائے گی جس کے بعد ایک بار پھر نیا ترمیمی آرڈینس جاری کیا جائے گا، اس دوران پی ایم ڈی سی غیر فعال رہے گی۔

Share this article

Leave a comment