ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) دنیا میں کچھ لوگ غیر معمولی صلاحیتوں کےمالک ہوتے ہیں اور اپنے کسی نہ کسی فن سے لوگوں کو توجہ انپی جانب کرلیتے ہیں ایسی ہی ایک خاتون برطانیہ میں موجود ہیں جو اپنے ناخن، بغیر سیاہی کے پین اور انگلی سے اپنے بدن پر الفاظ اور ڈیزائن بناتی ہے جو تھوڑی دیر بعد خودبخود مٹ جاتے ہیں۔
ہانا آربتھناٹ نامی برطانوی خاتون اگر اپنی جلد پر معمولی سا دباؤ ڈالیں تو اس پر سرخ نشان آجاتے ہیں کیونکہ وہ ایک مرض ڈرماٹوگرافیا میں مبتلا ہیں جو ایک قسم کی الرجی ہے اور یہ نشانات آہستہ آہستہ آدھے گھنٹے میں غائب ہوجاتے ہیں اور اسے ’’جلد پر تحریر‘‘ کا مرض بھی کہا جاتا ہے۔
آربتھناٹ پیشے کے لحاظ سے مصنف ہیں اور وہ خود کو ایسا اسکرین بورڈ کہتی ہیں جس پر بچے گلابی پلاسٹک شیٹ پر تحریر لکھ کر مٹاتے رہتے ہیں۔ خاتون کو ہر وقت یہ الرجی رہتی ہے اور وہ بہت دیر تک جلد کو دبانے سے بھی گریز کرتی ہیں تاہم محفلوں اور پارٹیوں میں وہ اس صورتحال سے لوگوں کو حیران بھی کرتی ہیں اور اپنی جلد پر ڈیزائن، اسمائیلیز اور تحریریں لکھتی ہیں۔
خاتون کے مطابق اس کیفیت سے انہیں بہت جلن ہوتی ہے اور پہلے یہ ناقابلِ برداشت تھا لیکن اب وہ اس حالت کو جھیل سکتی ہیں۔ ڈرماٹوگرافیا کا مرض اس وقت ہوتا ہے جب جلد کے نیچے موجود خلیے پر دباؤ پڑتا ہے تو جلد ہسٹامائینز نامی مرکب خارج کرتی ہے اور جلد پرسوجن سی آجاتی ہے۔ خاتون کو سب سے پہلے 5 سال قبل اس کیفیت کا احساس ہوا تھا جب ان کے چہرے اور ہاتھ پر سرخ نشانات بننا شروع ہوئے تھے۔
خاتون کے مطابق پہلے انہیں فیس واش سے الرجی ہوئی تھی اور جلد پر کئی گھنٹوں تک چبھن محسوس ہوتی رہی اس کے بعد معمولی دباؤ اور خراش بھی ان کےلیے مصیبت بنتی گئی اور انہیں اپنی جلد میں آگ سی لگتی ہوئی محسوس ہوتی تھی لیکن اب یہ صورتحال قابو میں ہے۔