Friday, 29 November 2024


صرف کنوارے طالب علموں کے لیے اسکالرشپ دینے پر تنقید

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) جنوبی افریقہ کی ایک میئر نے یونیورسٹی میں 16 طالبہ کو کنواری رہنے کی شرط پر اسکالرشپ دینے کے فیصلے کا دفاع کیا ہے۔ میئر ڈودو موزیبکو کے مطابق اس منصوبے کا مقصد صوبہ کوازولو ناتال کے ضلع اوتھوکیلا میں جوان لڑکیوں کو ایچ آئی وی، ایڈز اور خواہش کے بغیر حاملہ ہونے سے روکنا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اسکالرشپ حاصل کرنے والی طالبہ کو باقاعدگی سے کنوارے پن کے ٹیسٹ کے ذریعے ثبوت دینا ہو گا۔

میئر ڈودو موزیبکو کے مطابق سکالرشپ حاصل کرنے والی طالبہ کا پہلے ہی سالانہ زولو تہوار کے لیے کنوارے پن کا ٹیسٹ ہو چکا ہے۔ اس تہوار میں صرف کنواری لڑکیاں اور خواتین ہی رقص کر سکتی ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق جنوبی افریقہ میں 63 لاکھ افراد کو ایچ آئی وی کا مرض لاحق ہے۔ جنوبی افریقہ میں عورتوں سے بدسلوکی کے خلاف کام کرنے والی تنظیم (Powa) کے ترجمان کاکہناہے کہ’ اسکالرشپ کی شرط لڑکیوں کے حقوق اور ان کی عزت و وقار کی خلاف ورزی ہیں۔‘ اڈوملنگ مولوکو کے مطابق’ کنوارے پن کے ٹیسٹ سے ایچ آئی وی اور ایڈز کو نہیں روکا جا سکتا۔‘

جنوبی افریقہ میں صنفی برابری کے لیے کام کرنے والے کمیشن نے بھی اس اقدام پر تنقید کی ہے۔ کمیشن کے چیئرمین کاکہناہے کہ’ میرے خیال میں میئر کا اقدام اچھا ہے لیکن ہم کنوارے پن کی شرط پر اسکالرشپ دینے کے فیصلے سے متفق نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ میں کوازولو ناتال کا شمار ان صوبوں میں ہوتا ہے جہاں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

 

Share this article

Leave a comment