Saturday, 30 November 2024


اسلام آباد میں جلسے اوردھرنے کی اجازت نہیں ملے گی، چوہدری نثار

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے وفاقی دارالحکومت میں ڈی چوک اورایف نائن پارک پر کسی بھی قسم کے جلسے نہ کرنے کااعلان کردیا۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اسلام آباد میں جلسے کا اعلان کیا ہے لیکن ڈی چوک اور ایف نائن پارک جلسے جلوسوں اور دھرنوں کے لئے استعمال نہیں ہوں گےان کا مزید کہنا تھا کہ 24 اپریل کے جلسے کے لئے مادر پدر آزادی نہیں دی جائے گی، یہ نہیں ہوسکتا کہ کوئی سیاسی جماعت جب چاہے دارالحکومت کو سیل کردے، مادر پدر آزاد سرگرمیاں اگر دارالحکومت میں ہوں گی تو اس سے پورا ملک متاثر ہوگا۔
پاناما لیکس کے معاملے پر بات کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) پر تنقید کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں، وزیراعظم نوازشریف نے لندن کےفلیٹ کبھی نہیں چھپائے، وہاں سیاسی میٹنگز ہوتی ہیں، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کو سرے محل سے بات شروع کرنی چاہیے تھی پاناما لیکس کی تحقیقات سے متعلق پہلےاپوزیشن اپنا ابہام دورکرے۔
وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ یا سائبر کرائم کی تحقیقات کے لئے ایف آئی اے میں ماہر افسر ہیں، شعیب سڈل کا احترام کرتا ہوں لیکن وہ ایف آئی اے کے افسر نہیں، پاناما لیکس کے معاملے پر قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اخلاقی کمیٹی بننی چاہیے جو تحقیقات کا طریقہ کار وضع کرے جس کے سامنے تمام ارکان پیش ہوں، اس مسئلے کو جلاؤ گھیراؤ سے حل نہیں کیا جاسکتا اس سے سیاسی عمل آگے نہیں بڑھے گا۔

Share this article

Leave a comment