ایمز ٹی وی (کراچی) ملک کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور دن کے آغاز کے ساتھ ہی کئی علاقوں میں پارہ 42 ڈگری سے بھی چڑھ گیا ہے۔
ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے اور دن چڑھنے کے ساتھ ساتھ پارہ بھی مسلسل چڑھ رہا ہے، صبح 10 بجے لاڑکانہ، سبی اور موہن جو داڑو میں 43 ، ڈی جی خان، جیکب آباد، نورپور تھل،رحیم یار خان کا درجہ حرارت42، کوٹ ادو اور اوکاڑہ میں41 ، حیدر آباد، فیصل آباد، نوابشاہ ، شہید بے نطیر آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ 40، شہید بے نظیرآباد، جھنگ، جہلم، تربت، روہڑی اورسکھر کا درجہ حرارت39 ،ملتان، لیہ، لاہور اور پشاور 38، راولپنڈی اور اسلام آباد 37 جب کہ کراچی میں زیدادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سیلئیس ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کا سلسلہ مزید چند روز جاری رہے گا ، پنجاب، خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی پڑے گی۔ جس کی وجہ سے دن کے درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہیں گےاور ملک کےوسطی علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بھی درجہ حرارت اوسطً 4 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان۔ جس کے باعث برف اور گلیشٗرز تیزی سے پگھلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہواوٗں کے تسلسل کی وجہ سے پاکستان کے ساحلی علاقوں میں درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ نہیں ہو گا۔کراچی میں دن کے درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم رہے گا سمندر سے مسلسل ہوائیں متغیر رفتار اور آرام دہ نمی کے ساتھ چلتی رہیں گی۔
شدید گرمی کے پیش نظر سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں میں فوری طور پر موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔ صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق سندھ بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکول اور کالجز 19 مئی سے 24 جولائی تک بند رہیں گے، موسم گرما کی قبل از وقت تعیطلات کا اعلان شدید گرمی کے پیش نظر کیا گیا ہے تاہم انٹر میڈیٹ کے امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے