Friday, 29 November 2024


دکانیں بند کرانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، ترجمان سندھ رینجرز

ایمز ٹی وی(کراچی) ایم کیو ایم کی جانب سے شہر میں پر امن احتجاج اور ہڑتال کی اپیل پر ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ ملک کے معاشی حب میں کسی قسم کی ہڑتال نہیں ہو گی۔

سندھ رینجرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں کسی قسم کی ہڑتال نہیں ہوگی، شہری مکمل آزادی کے ساتھ کاروبار کھولیں انھیں تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ رینجرز کا کہنا ہے کہ دکانیں بند کرانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، شہری مکمل آزادی کے ساتھ گاڑیاں نکالیں، رینجرز تحفظ کے لئے موجود ہے۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بھی تمام ڈی آئی جیز کو پٹرولنگ بڑھانے کی ہدایت دیتے ہوئے دکانیں اور ٹرانسپورٹ بند کرانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے پر امن ہڑتال کی اپیل کے خلاف رینجرز کے بیان کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن جمہوری احتجاج کرنا ہرسیاسی جماعت کا آئینی، قانونی، جمہوری اور انسانی حق ہے۔ ایم کیوایم نے رینجرز کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف پرامن احتجاج کی اپیل کر کے جمہوری حق استعمال کیا لیکن ہمیں اپنے جمہوری حق کے استعمال سے روک کر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز رینجرز نے ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کے گھر کا محاصرہ کیا تھا جس پر ایم کیو ایم نے آج کراچی سمیت سندھ بھر میں پر امن احتجاج اور شہریوں سے ٹرانسپورٹ اور کاروبار بند رکھنے کی اپیل کی تھی۔

Share this article

Leave a comment