Friday, 29 November 2024


بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک، مودی کی پالیسیوں پرشدید تنقید

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی امریکی کانگریس سے خطاب کے موقع پر بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک پر کانگریس کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں بھارتی وزیر اعظم کی پالیسیوں پر شدید تنقید کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے والے ٹام لین ٹوس ہیومن رائٹس کمیشن کا اجلاس کانگریس مین جوزف پٹس کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک اور مظالم پر تفصیلی بریفنگ لی گئی۔ مختلف پینلسٹس نے بھارت میں مسلمانوں، عیسائیوں، بدھ مت، سکھوں، کشمیریوں اور دلت کمیونٹی پر ہونے والے مظالم کی داستانیں سنائیں۔ ہرپیت سندھو ترجمان سکھ کمیونٹی کانگریس مینوں کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم مودی کی جماعت اقلیتوں کیخلاف مظالم کی ہدایت کار ہے۔ آر ایس ایس ایک شدت پسند تنظیم ہے اور بی جے پی اس کا سیاسی ونگ۔ پولیس گردی اور عدالتی نظام کی کرپشن کی وجہ سے اقلیتوں کو انصاف نہیں مل رہا اور نریندر مودی کی اقلیتوں پر ظالمانہ حکومت پر کانگریس اور صدر اوباما کی خاموشی بھی ایک سوالیہ نشان ہے۔ اس موقع پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر ٹی کمار نے بھارت میں میڈیا کی آزادی کے حوالے سے کانگریس مینوں کے سامنے سوالات اٹھائے۔ اجلاس میں سکھوں، دلت کمیونٹی اور دیگر اقلیتوں کی بڑی تعداد موجود تھی تاہم واشنگٹن میں بڑی تعداد میں موجود کشمیری کمیونٹی کے کسی رہنما نے اجلاس میں آنے کی زحمت نہ کی۔

Share this article

Leave a comment