Friday, 29 November 2024


داعش نےاہم کمانڈرعمرشیشانی کی ہلاکت کی تصدیق کردی

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل)  شدت پسند تنظیم داعش سے منسلک ایک نیوز ایجنسی نے تنظیم کے اہم کمانڈر عمر شیشانی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے. تفصیلات کے مطابق دولت اسلامیہ سے منسلک عمق نامی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ عمر شیشانی عراق کے شہر موصل کے جنوبی قصبے میں امریکی فضائی حملے میں ہلاک ہوئے. عمر شیشانی کا اصل نام ترکان باتراشویلی تھا،تاہم وہ عمر دی چیچن کے نام سے مشہور ہوا،عمر شیشانی کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ وہ داعش سربراہ ابو بکر البغادی کا قریبی فوجی مشیر تھا. یاد رہے کہ امریکی وزارت دفاع نے رواں برس مارچ میں عمر شیشانی کو شام کے شمال مشرقی علاقے میں ایک فضائی حملے میں ہلاک کرنے کی تصدیق کی تھی، پینٹاگان کے مطابق عمر شیشانی کی ہلاکت امریکی فضائی حملے کے نتیجےمیں شدید زخمی ہونے کے بعد ہوئی تھی. امریکی وزارت دفاع کے مطابق امریکی فضائیہ کا یہ حملہ رواں برس چار مارچ کو شام کے شمال مشرقی علاقے شدادی میں اس وقت کیا گیا جب عمر شیشانی وہاں دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کی تربیت کے لیے موجود تھے. واضح رہے کہ امریکہ نے گذشتہ سال عمرشیشانی کے سر کی قیمت پچاس لاکھ ڈالر مقرر کی تھی.

Share this article

Leave a comment