Reporter SS
ایمزٹی وی(کراچی)سندھ حکومت نے رینجرز کے خصوصی اختیارات میں 90 دن کی توسیع کردی۔ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رینجرز کے صوبے میں قیام اور خصوصی اختیارات کی سمری پر دستخط کیے۔ سمری کے مطابق سندھ میں رینجرز کے قیام میں 1 سال اور خصوصی اختیارات میں 90 دن کی توسیع کی منظوری دی گئی۔ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی توثیق شدہ سفارشات اب وزارت داخلہ وفاقی حکومت کو بھیجی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں رینجرز اختیارات میں توسیع کے معاملے نے رواں برس اُس وقت شدت اختیار کی، جب صوبائی حکومت نے ان اختیارات میں توسیع میں پس و پیش سے کام لیا۔صوبائی حکومت کی جانب سے سندھ رینجرز کو کراچی میں خصوصی اختیارات دیئے گئے تھے جس کی مدت رواں ماہ 19 جولائی کو ختم ہوگئی تھی۔
کراچی میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع اور یہی اختیارات کو سندھ کے باقی شہریوں میں دینے یا نا دینے کے لیے گزشتہ دنوں پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا دبئی میں ایک اہم اجلاس بھی ہوا تھا۔رینجرز کے اختیارات میں توسیع ایک ایسے وقت میں کی گئی جب ایک روز قبل لاڑکانہ میں میروخان چوک کے قریب رینجرز چوکی کے قریب 2 بم حملوں کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز سندھ کے نومنتخب وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے صوبے میں رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت میں توسیع کا معاملہ جلد حل ہونے کا اشارہ دیا تھا
ایمزٹی وی(لاہور)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ستمبر سے ملک بھر میں حکومت مخالف احتجاجی جلسے، جلوس اور احتجاجی ریلیاں نکالنے کیلئے حکمت عملی بھی طے کر لی ہے۔
بلاول نے پیپلزپارٹی کی صوبائی اور ضلعی تنظیموں کو بھی تیاریاں کر نے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بلاول عوامی میدان میں اترنے سے پہلے ستمبر تک تمام صوبائی صدور نامزد کریں گے۔ تنظیمیں مکمل ہونے کے بعد بلاول بھٹو ملک گیر دورے کریں گے، جلسوں اور ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔ عوامی میدان سجانے سے قبل بلاول اگست میں یورپ کا دورہ بھی کریں گے۔
ایمزٹی وی(تعلیم) وفاقی حکومت نے سی ایس ایس امتحانات کے طریقہ کار میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے امتحانات کو تین گروپوں میں تقسیم کردیا۔
تفصیلات حکومت نے سی ایس ایس امتحانات کے طریقہ کار میں اہم تبدیلی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت مخصوص گروپ میں امتحان دینے کے لیے متعلقہ تعلیمی ڈ گری لازمی قرار دی گئی ہے۔ حکومت نے سی ایس ایس امتحانات جنرل، فنانس اور انفارمیشن گروپ میں تقسیم کردیئے ہیں جس کے بعد 2018 میں سی ایس ایس امتحانات تھری کلسٹر پروگرام کے تحت لینے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔
نئے قوانین کے تحت انفارمیشن اور فنانس گروپ میں سی ایس ایس امتحان دینے کے لیے متعلقہ تعلیمی ڈگری لازم ہو گی جب کہ جنرل ڈسپلن کی ڈگری صرف جنرل گروپ کے لیے ہی قابل قبول ہوگی۔ سی ایس ایس فنانس گروپ میں آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس، پاکستان کسٹمز، ان لینڈ ریوینو، انکم ٹیکس اور کامرس اینڈ ٹریڈ جب کہ جنرل گروپ میں پولیس سروسز آف پاکستان، فارن سروسز، ڈی ایم جی، آفس مینجمنٹ گروپ اور ریلوے کے شعبے شامل ہیں۔
ایمزٹی وی(چترال) چیف آف آرمی جنرل راحیل شریف نے شندور پولوفیسٹیول کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر جنرل راحیل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا شندور میں باصلاحیت اورہونہارجوانوں کے درمیان آکر بہت خوش ہیں، شندورفیسٹول سیاحت کے فروغ کے لئے خوش آئند ہے، یہ میلہ ملک کے روشن مستقبل کی دلیل اورترقی وسلامتی کاترجمان ہے، یہ فیسٹیول دہشت گردوں کو پیغام ہےکہ ہم اپنی روایات بلاخوف جاری رکھیں گے۔ وہ اس میلے کے انعقاد پرمبارک باد پیش کرتے ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ علاقے کے نوجوانوں کو کھیلوں کے بہترمواقع فراہم کئے جائیں۔
پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ آفات اورمشکلات میں پاک فوج اورایف سی نے لوگوں کا بھرپورساتھ دیا، آج پرامن فضا میں سانس لینا مسلح افواج کی بے پناہ کا میابیوں کا ثمرہے، پائیدارامن کے حصول کے لئے ہمارا سفراسی تسلسل سے جاری رہے گا لیکن اس سفر میں کامیابی کا دارومدار قوم کی مکمل حمایت اورنوجوان نسل کے کردارپرہے۔
\آرمی چیف نے کہا کہ خوشی ہویا مصیبت، پاک فوج وطن کے دفاع کے لیےقربانی دینےسےدریغ نہیں کرے گی، انہیں اس بات کا احساس ہے کہ چترال اورگلگت کےلوگ کن مشکلات صورت حال سے دوچار ہیں، پاک فوج نے سیلاب متاثرین کی مدد کی ہے۔ سیلاب متاثرین کے لئے ریلیف کیمپ قائم کئے اور متاثرین کی امداد میں بڑھ چڑھ کا حصہ لیتے ہوئے زخمیوں کو اسپتال متنقل کیا، ایف ڈبلیواو نے 50 سے زائد مقامات پر پلوں اور سڑکوں کی مرمت کی۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شندور فیسٹیول میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور میچ بھی دیکھا۔ اس موقع پر انہوں نے شندور پولو فیسٹیول کے منتظمین اور لوکل گورنمنٹ کو خراج تحسین پیش کیا اور میچ کی فاتح ٹیم کے کپتان کو ٹرافی بھی پیش کی۔
ایمزٹی وی(تعلیم)جامعہ کراچی شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کی جانب سے معروف سماجی کارکن عبدالستارایدھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جنوبی ایشیاء کے سب سے بڑے فوٹو موزیک کی نمائش
کااہتمام یکم اگست کو دوپہر 12بجے شعبہ ہذا میں کیا جارہاہے ۔
تفصیلات کے مطابق مذکورہ نمائش میں عبدالستار ایدھی کی مختلف مواقعوں پرشائع تصاویر کوحاضرین کی دلچسپی کیلئے پیش کیا جائیگا۔پروگرام کے مہمان خصوصی عبدالستارایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی ہوں گے اورنمائش میں کراچی کی مختلف جامعات سے 150 سے زائدطلباوطالبات شرکت کریں گے
ایمز ٹی وی(اسلام آباد) قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں ڈیپوٹیشن پرآکرضم ہونے والے افسرا ن کو وزارت قانون نے کلین چٹ دیتے ہوئے کہاہے کہ قومی اسمبلی آئینی ادارہ ہے سپریم کورٹ کا فیصلہ قومی اسمبلی پر لاگو نہیں ہو تا۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں ڈیپوٹیشن پر آنے کے بعدضم ہونے کے معاملے پر افسران کولاحق پریشانی ختم ہوگئی ہے اوراب انھیں قومی اسمبلی سے ہٹائے جانے کے متعلق کوئی خطرہ نہیں رہا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ایسے ملازمین جو دوسرے اداروں سے آ کر یہا ں ضم ہوگئے تھے کوخط لکھاتھاکہ وہ وجہ بتائیں کہ اپنے اداروں میں واپس کیوں نہیں آئے جس پر ان افسران نے اپنے جواب جمع کرادیے کہ قوانین کے تحت یہاں موجود ہیں۔ اسپیکرقومی اسمبلی نے ان ملازمین کے جواب آنے کے بعد وزارت قانون سے رائے مانگی تھی کہ ان افسران کے حوالے سے کیا کیا جائے اور ان کی یہاں کیا حیثیت ہے۔ جس پر وزارت قانون نے اپنی رائے میں کہا کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ آئینی ادارہ ہے جو وفاقی حکومت کے زمرے میں نہیں آتا، اس لیے سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی قومی اسمبلی سیکریٹریٹ پر لاگونہیں ہوتا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے وزارت قانون کی رائے کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن بھجوا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بھی قومی اسمبلی کے جواب کے بعد معاملے پرخاموشی اختیارکرلی ہے۔ واضح رہے کہ ڈیپوٹیشن پرآکرضم ہونے والے 26 افسران اس وقت قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میںکا م کر رہے ہیں جن کواسٹیبشلمنٹ ڈویژن کی جانب سے نوٹس موصول ہوئے تھے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)سینیٹ اجلاس کے دوران اچانک انرجی سیورپھٹنے کی آواز سے ایوان میں سکتہ طاری ہو گیا اور ایوان کی کارروائی معطل ہو گئی۔ گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی زیر صدارت اجلاس کی کارروائی جاری تھی کہ اچانک ایک بلب دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا جس سے ایک لمحے کیلیے ایوان میں سکتہ طاری ہو گیا اور سب کی نظریں متلاشی تھیں کہ یہ آواز کہاں سے آئی جس کے بعد چند ارکان نے توجہ دلائی کہ یہ آواز بلب پھٹنے کی ہے تو دیگر ارکان کے چہرے پرسکون ہوئے اور معمول کی کارروائی دوبارہ شروع ہو گئی
ایمزٹی وی(تعلیم) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے اعلامیے کے مطابق ایسے طلبہ وطالبات جو سالانہ و ضمنی امتحانات برائے سال2014، 2015اور 2016 جماعت نہم سائنس و جنرل گروپ (ریگولر) میں شریک ہوئے مگر اپنے انرولمنٹ فارم جمع نہیں کرواسکے ہیں جس کی وجہ سے ان کے امتحانی نتائج رکے ہوئے ہیں اس لئے ان کو انرولمنٹ فارم جمع کروانے کا خصوصی موقعہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
ایسے امیدوار اپنے انرولمنٹ فارم لیٹ فیس کے ساتھ یکم اگست سے 30ستمبر 2016تک جمع کروا سکتے ہیں۔
ایمزٹی وی(خیبرپختونخواہ) خیبر ایجنسی کے علاقے ذخہ خیل میں باراتیوں کی بس کھائی میں گرنے سے 15 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے بازار ذخہ خیل میں باراتیوں سے بھری بس گہری کھائی میں گر گئی جہاں برساتی نالے میں بہہ کر کم از کم 15 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے،
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ خاصہ دار فورس کے لائن آفیسر کے مطابق امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا گیا ہے اور حادثے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لئے پشاور منتقل کیا جا رہا ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا سری لنکا سے 3 مسافر جہاز لیز پر حاصل کرنے کا معاہدہ طے پاگیا جو 14 اگست کو شروع ہونے والی پی آئی اے پریمیئر سروس میں استعمال کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں کولمبو میں تقریب منعقد ہوئی جس میں پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر برنڈ ہلڈن برینڈ اور سری لنکن ایئر لائن کے چیئرمین اجیت دیاس، سی ای او کیپٹن سرن رتوات سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے، دونوں ملکوں کی ایئرلائنز کے حکام نے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے بعد دستخط کیے۔
معاہدے کے مطابق سری لنکن ایئرلائن کا1 اے330 مسافر ایئرکرافٹ آئندہ ہفتے فراہم کیا جائے گا جبکہ باقی 2 جہاز آئندہ ماہ دیے جائیں گے، یہ ایئرکرافٹ بلکل نئے ہیں جو پی آئی اے پریمیئر سروس کیلیے استعمال کیے جائیں گے جس کا باقاعدہ آغاز 14 ست کو ہورہا ہے۔ ابتدائی طور پر نئے ایئرکرافٹ پی آئی اے پریمیئر سروس میں لندن کے روٹ پر چلائیں جائیں گے، ہفتے میں 6 پروازیں ہوں گی، 3 اسلام آباد اور 3 لاہور سے لندن کے درمیان چلیں گی۔ پی آئی اے ترجمان دانیال گیلانی کے مطابق پی آئی اے پریمیئر سروس میں مزید نئے طیارے شامل کیے جائیں گے اور دیگر ممالک کے درمیان بھی پی آئی اے اپنی سروس کو اسی طرز پر بہتر بنائے گی۔