Reporter SS
ایمزٹی وی(فیصل آباد)چیئرمین پیمرا ابصار عالم کا کہنا ہے کہ زراعت اور معیشت کی ترقی کے لیے دوسرے اداروں کے ساتھ میڈیا کو بھی اہم کردار ادا کرنا ہو گا، ریٹنگ کی خاطر بے بنیاد خبریں نہ چلائی جائیں۔ انہوں نےقندیل بلوچ کے قتل کا ذمہ دار بھی میڈیا کو ٹھہرا دیا۔
تفصیلات کےمطابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے کہا ہے کہ معیشت اور زراعت کی ترقی میں میڈیا کو کردار ادا کرنا چاہئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا میں جتنا وقت سیاسی پروگرامز کو دیا جا رہا ہے اگر زراعت اور معیشت کے لیے بھی ایسے ہی پروگرامز کیے جائیں تو یقیناً ان شعبوں میں انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے، ابصارعالم کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا میں مزید بہتری کے لیے پیمرا کی جانب سے اقدامات کیے جا رہے ہیں کوشش ہے کہ میڈیا کو زیادہ باوثوق بنایا جا سکے
ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اور پاکستان اس مسئلے کو ہر بین الاقوامی فورم پر اجاگر کرے گا۔ اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہے، مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستان مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت کرتا رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اور پاکستان اس مسئلے کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھائے گا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نواز شریف نے آزاد کشمیر کی حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے لئے جدو جہد جاری رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ایجنڈا ترقی کا ہے اور آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی بھرپور مدد کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی نئی حکومت کرپشن سے پاک ہونی چاہیئے اور ایسا کام ہونا چاہیئے کہ اس دور کو تاریخی دور کے دور پر یاد رکھا جائے۔
ایمزٹی وی(سندھ) انسداد دہشت گردی کی عدالت میں لیاری گینگ وار کے مرکزی ملزم عزیر جان بلوچ کے خلاف دیگر مقدمات کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کے خلاف 2012 میں لیاری کے 2 تھانوں میں اقدامِ قتل، غیر قانونی اسلحہ رکھنے، دھماکے کرنے اور پولیس مقابلوں کے 5مقدمات درج ہیں جن کی تفتیش کی جانی ہے، اس لئے عدالت ملزم کو ان مقدمات میں گرفتار کرنے کی اجازت دے۔
واضح رہے کہ عزیر جان بلوچ 2013 میں آپریشن شروع کئے جانے کے بعد دبئی فرار ہوگیا تھا تاہم رینجرز کا کہنا ہے کہ اسے حب چوکی کے قریب سے کراچی میں داخل ہوتے ہوئے حراست میں لیا گیا تھا۔
ایمزٹی وی(خیبرپختونخواہ) سماناں میں مسافر پک اپ وین کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق جب کہ 4 زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق اورکزئی ایجنسی کے علاقے سماناں میں مسافر پک اپ وین موڑکاٹتے ہوئے بے قابوہوکر کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جب کہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا تاہم طبی امداد کے دوران مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہارگئے جب کہ 4 افراد اب بھی زیر علاج ہیں۔
پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت گاڑی کی رفتار زیادہ تھی اس کے علاوہ بارش کے باعث سڑک پرپھسلن بھی حادثے کی وجہ بنی۔ لاشوں کو شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست جسٹس آف پیس عدالت میں سماعت کے لیے منظور کرلی گئی جس کی سماعت 3 اگست کو ہوگی۔ سپریم کورٹ کے وکیل رانا عبدلحمد نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جسٹس آف پیس عدلت میں پٹیشن دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم مقبوضہ کشمیر کی نہتے شہریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے جب کہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار سمیت تمام اعلیٰ حکام نریندرمودی کے خلاف مقدمہ درج نہیں کررہے۔
درخواست میں وفاقی وزیر داخلہ، آئی جی پنجاب، چیف سیکریٹری، ہوم سیکرٹری پنجاب، سی سی پی او لاہور اور ایس ایچ او پرانی انارکلی کو فریق بنایا گیا ہے۔
ایمزٹی وی(کراچی) معروف قوال امجد صابری کے صاحبزادے محب علی نے کہا ہے کہ میرے والد شہید ہیں، پورے پاکستان کو ان پر فخر ہے جن بزدلوں کو جینا نہیں آتا، وہ میرے والد کی طرز زندگی سے جینا سیکھ لیں، قاتلوں نے میرے والد کو شہید کر کے انھیں امر کردیا ہے
اس حوالے سے امجد صابری کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ امجد کی بہت یاد آتی ہے، اب تک اشک رواں ہیں جن کا مداوا ممکن نہیں ہے، اپنے بچوں میں امجد صابری دیکھتی ہوں۔ امجد صابری کی والدہ نے کہا کہ دروازے کی دستک آج بھی اس بات کا احساس دلاتی ہے کہ امجد آ گیا ہے مگر میرا امجد ہے کہ آتا ہی نہیں ہے، ایک ماں کے دل کو ڈھارس دلانا مشکل کام ہے مگر دل کہتا ہے کہ وہ بہت خوش ہے۔
واضح رہے کہ معروف قوال امجد صابری کا چہلم کل جمعرات کوان کی رہائش گاہ لیاقت آباد 4 نمبر میں بعد نماز ظہر ہوگا،ظہر کی نمازکے بعد قرآن خوانی جبکہ مغرب اور عشا کے درمیان دستار بندی اور قوالی کے پروگرام کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) الیکشن کمیشن کے نئے مقرر کردہ ارکان حلف برداری کی تقریب ہوئی، چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے نومنتخب ممبران الیکشن کمیشن سے حلف لیا، پنجاب سےالطاف ابراہیم،سندھ سےعبد الغفار سومرو، خیبر پختونخوا سے خاتون رکن ارشاد قیصر اور بلوچستان سے شکیل بلوچ نے عہدے کاحلف اٹھایا، اس موقع پر الیکشن کمیشن کے اعلیٰ حکام اور دیگر سیاسی و سرکاری شخصیات بھی موجود تھیں۔ نئے ممبران کی حلف برداری کے بعد الیکشن کمیشن مکمل اور فعال ہوگیا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن میں چاروں صوبوں کے ارکان 10 جون کو اپنی آئینی مدت ختم ہونے کے بعد ریٹائر ہوگئے تھے ، جس کے بعد الیکشن کمیشن آئینی طور پر غیر فعال ہوگیا تھا اور ملک بھر میں ہونے والے انتخابی عمل کو روک دیا گیا ہے، صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے سپریم کورٹ نے حکومت کو نئی تقرریوں کے لیے 27 جولائی کی مہلت دی تھی۔
ایمزٹی وی(کوئٹہ)کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر نا معلوم افراد کی فائرنگ سے تھانہ سریاب کا اے ایس آئی جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سریاب روڈ کے علاقے کیچی بیگ کے قریب پیش آیا۔ جس میں سریاب تھانے کے اے ایس آئی عزیز الرحمان کو نا معلوم افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ اے ایس آئی کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
فائرنگ کے بعد پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ اے ایس آئی کی شہادت پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید پولیس اہلکار پر فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کی فوری گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے سائبر کرائم بل کے مسودے کی منظوری دے دی جس کے تحت اب نفرت انگیز تقریر سمیت فرقہ واریت پھیلانے اور مذہبی منافرت پر 7 سال سزا ہوگی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر شاہی سید کی زیر صدارت ہوا جس میں سائبر کرائم بل کے مسودے کی منظوری دی گئی جس کے بعد اب بل کو سینیٹ کے رواں اجلاس میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
بل کے مسودے کے مطابق اب دہشت گردی سے متعلق سائبر جرائم میں ملوث افراد پر 14سال قید اور 5 کروڑ روپے جرمانہ ہوگا جب کہ نفرت انگیز تقریر، فرقہ واریت پھیلانے اور مذہبی منافرت پر7 سال سزا ہوگی، انٹرنیٹ کے ذریعے دہشت گردوں کی فنڈنگ کرنے پر بھی 7 سال سزا ہوگی۔ بل کے تحت بچوں کی غیر اخلاقی تصاویر شائع کرنے یا اپ لوڈ کرنے پر 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ انٹرنیٹ ڈیٹا کے غلط استعمال پر 3 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ جب کہ موبائل فون کی ٹیمپرنگ پر 3 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا تجویز کی گئی ہے۔
بل کے مسودے کے مطابق انٹرنیٹ صارفین کا ڈیٹا عدالتی حکم کے بغیر شیئر نہیں کیا جائے گا۔ اس بل کے مسودے میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ سائبرکرائم قانون کا اطلاق صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ ملک سے باہر کسی بھی دوسرے ملک میں بیٹھ کر ریاستی سالمیت کے خلاف کام کرنے والے افراد پر بھی ہوگا۔ بل میں کہا گیا ہے کہ ریاستی سالمیت کے خلاف کام کرنے والے افراد کی گرفتاری کے لیے متعقلہ ممالک سے رجوع کیا جائے گا۔ واضح رہےکہ سائبر کرائم بل کو رواں سال اپریل میں قومی اسمبلی میں منظور کیا گیا تھا تاہم پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں نے بل پر تحفظات کا اظہار کیا تھا جس کے بعد بل کو قائمہ کمیٹی بھجوایا گیا اوراس میں کچھ ترامیم کی گئی ہیں۔