Reporter SS
ایمزٹی وی(تعلیم)مراکش کی جامعات کے نمائند وں پر مشتمل ایک وفد نے گزشتہ روز ہا ئر ایجوکیشن کمیشن سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد اور دیگر حکام سے ملاقات کی۔ وفد میں یونیورسٹی آف فیض کے صدرعمر اسوبھی، کاسابلانکا کی جامعہ حسن کے صدر دریس منصوری اور فیکلٹی آف لیٹرز اینڈ سائنس دارالمحاز کے قائم مقام ڈِین عبداﷲ شامل تھے ۔ ڈاکٹر مختار احمد نے وفد کو ایچ ای سی کے تیرہ سالہ اقدامات اور کامیابیوں سے آگاہ کیا۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران سیکریٹری دفاع نے کابینہ کو بتایا کہ برطانیہ دفاعی تعاون فورم کا اجلاس نہایت کامیاب رہا،برطانیہ میں ہم نےکشمیر کا مسئلہ نہایت موثر انداز میں اٹھایا، بین الاقوامی برادری کوبتایا کہ کشمیرکےمسئلہ پرپاکستان کاموقف واضح ہے کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو تسلیم کرے۔ برطانیہ نے ترکی میں بغاوت سےمتعلق بھی ہماری رائے پوچھی۔
ایڈیشنل سیکرٹری دفاع نے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان اور افغانستان کےدرمیان 200 سےزائد کراسنگ پوائنٹس ہیں لیکن ان میں سے صرف 8 کراسنگ پوائنٹس پر چیکنگ کا نظام موجود ہے جب کہ دیگر پر چیک پوسٹ بننی ہیں، طورخم گیٹ تقریباً مکمل ہو چکا ہے، اس کا افتتاح یکم اگست کو کیا جائے گا،غیر قانونی نقل و حرکت روکنے کے لیے طورخم گیٹ کے گرد باڑ لگائی ہے۔ نادرا، ایف آئی اے، کسٹمز اور دیگر ادارے نہایت متحرک ہیں، سرحد پر سی سی ٹی وی کیمروں سمیت دیگر انتظامات بھی کر دیے ہیں، سرحد کراسنگ کے لیے سفری دستاویزات لازمی قراردی ہیں، راہداری کارڈ پر افغان شہریوں کی نقل و حرکت شہید موڑ چیک پوائنٹ تک محدود کردی گئی۔ امریکی کانگریس نے بارڈر مینجمنٹ کے لیے 10 کروڑ ڈالر امداد کی منظوری دی ہے، امریکا سےملنے والی امداد فاٹا میں ترقیاتی کاموں پر بھی خرچ ہو گی، امریکا نے ہم سے دستاویزی تفصیلات مانگی ہیں، جس پر دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت ابھی چل رہی ہے، امریکی حکام پاکستان کا دورہ کر کےمعاملات طے کریں گے۔
اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ پاکستان میں افغان مہاجرین اور دہشت گردوں کے درمیان براہ راست تعلق موجود ہے، افغان مہاجرین کی شکل میں دہشت گرد پناہ لے رہے ہیں، افغانستان پہلے اپنے مہاجرین کو واپس لے کر جائے، مہاجرین کے جانے کے بعد اگر یہاں پناہ گاہیں ہوئیں تو ہم ختم کریں گے، بارڈر منیجمنٹ کے بغیر دہشت گردی پر قابو پانا ممکن نہیں، ہمارا حق ہے کہ ہم اپنے ملک میں آنے والی ٹریفک کو کنٹرول کریں اور ہم اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) انڈونیشیا میں منشیات رکھنے کے الزام میں سزائے موت کے منتظر پاکستانی شہری ذوالفقار علی کی رہائی کے لئے دفترخارجہ نے سفارتی کوششیں تیز کردیں۔
ذرائع کےمطابق ترجمان دفترخارجہ نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا میں تعینات پاکستانی سفیر نے ذوالفقارعلی کی سزائے موت کے معاملے کو اٹھایا تھا جس کے بعد اس کیس کے حوالے سے مسلسل پاکستانی سفیر انڈونیشین حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں جب کہ اسلام آباد میں موجود انڈونیشین سفیر کو وزارت خارجہ نے طلب کیا تھا اور انہیں کہا تھا کہ وہ موت کے منتظر پاکستانی شہری کے حوالے سے پاکستانی حکومت کے خدشات اپنی حکومت کو پہنچائیں اور مقدمے کا شفاف ٹرائل یقینی بنائیں۔ تفصیلات کے مطابق لااہورکا رہائشی ذوالفقارعلی 15 سال قبل روزگار کے لئے انڈونیشیا گیا تھا جہاں اس کی دوستی بھارتی شہری گردیپ سنگھ کے ساتھ ہوئی جس نے اسے ہیرون اسمگلنگ کے مقدمے میں پھنسا دیا اور الزام لگایا کہ میرے ساتھ ہیروئن اسمگلنگ میں ذوالفقار بھی ملوث ہے جب کہ 52 سالہ ذوالفقار کو نومبر 2004 میں 300 گرام ہیرون کی اسمگلنگ کے کیس میں جکارتہ سے گرفتارکیا گیا۔
انسانی حقوق کیلئے سرگرم قانونی فرم دی جسٹس پروجیکٹ پاکستان کے مطابق ذوالفقار علی مقامی زبان نہیں بول سکتا اور مقدمے کی پیروی کے دوران اسے مترجم کی محدود معاونت فراہم کی گئی یہی نہیں ذوالفقار علی نے پروسیکیوٹر کو بتایا کہ اس کے خلاف جو رپورٹ پیش کی گئی ہے وہ جھوٹی ہے اور اسے تشدد کرکے حاصل کیا گیا ہے۔ ذوالفقارعلی نے عدالت کو بھی بتایا کہ پولیس نے اس پر تشدد کیا ہے اور اس کی تصاویر بھی عدالت کے پاس موجود ہیں جب پاکستانی شہری نے اپنے خلاف پیش ہونے والی رپورٹ کو تسلیم کرنے سے انکار کیا تو اس کی سزائے موت کو ختم کرکے 10 سے 15 برس قید میں تبدیل کرنے کیلئے اس سے 40 کروڑ انڈونیشین روپے مانگے گئے جسے ذوالفقار نے دینے سے انکارکیا اور اپنی بے گناہی پراصرار کرتا رہا۔
ایمزٹی وی(تعلیم) کراچی ثانوی تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے نتائج کی تاریخ کااعلان کردیا۔
اعلامیہ کے مطابق میٹرک بورڈ کراچی 31 جولائی تک نتائج جاری کرے گا۔
ایمزٹی وی(تعلیم)سندھ بھرکےسرکاری کالجزمیں داخلہ پالیسی کا اعلان کردیا گیا ہے۔محکمہ تعلیم کے اعلامیہ کے مطابق سندھ کے260اورکراچی کے130کالجزمیں داخلےفراہم کئےجائیں گے۔
ذرائع کے مطابق کراچی کےکالجزمیں داخلےیکم اگست اوراندرون سندھ27جولائی سےشروع ہونگے جبکہ سرکاری کالجزمیں داخلےسینٹرل ایڈمیشن پالیسی کےتحت آن لائن ہونگے، رواں سال داخلوں کے کلیم فیس ختم کردی گئی ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) مردم اور خانہ شماری سے متعلق 2 روزہ بین الاقوامی كانفرنس میں اسحاق ڈار نے عالمی اداروں كو ملك میں مردم شماری كروانے كے حوالے سے جامع تجاویز دینے كی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے ملك میں مردم شماری كروانے كے لیے ایسا میكانزم ترتیب دیں جس كی مدد سے صوبائی و مقامی انتظامیہ سے كام لے كرمردم شماری كے عمل كو شفاف بنایا جاسكے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی كے خلاف عالمی جنگ لڑ رہے ہیں، مسلم لیگ نواز كی حكومت نے دور حكومت میں آتے ہی وزیرستان میں دہشت گردوں كے خلاف آپریشن كرنے كا فیصلہ کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مسلم لیگ نوازكے پچھلے دور حكومت میں بھی مردم شماری كا انعقاد كروایا گیا تھا اور گزشتہ مردم شماری بھی فوج كی مدد سے ہوئی تھی اس كے اعددوشمار پر كسی نے اعتراض نہیں كیا تھا، اس بار میں فوج كی مدد سے مردم شماری كروانے كا فیصلہ كیا تھا اس لیے مردم شماری پر14 ارب روپے مختص كیے گئے تھے، مردم شماری كے حوالے سے ہر قسم كے انتظامی معاملات مكمل تھے مگر فوج كے آپریشن ضرب عضب میں مصروف ہونے كے باعث اس كا انعقاد كو مؤخر كیا گیا ہے لہٰذا اب جیسے ہی فوج دستیاب ہو گی مردم شماری كا انعقاد كروایا جائے گا۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ ملك كوپائیدار مجموعی ترقی كے راستے پر ڈال دیا ہے، پاكستان كے زرمبادلہ ذخائر بلند ترین سطح پر ہیں، ملک كے معاشی اشاریئے بہتر ہورہے ہیں، پاكستان اسٹاك ماركیٹ ایشین ٹائیگر ماركیٹ بن چكی ہے اور ایف بی آر نے 3110 ارب روپے كا ریكارڈ ٹیكس اكٹھا كیا ہے۔
ایمزٹی وی(بلوچستان) بلوچستان میگا کرپشن کیس میں گرفتار سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کے ریمانڈ میں دس روز کی توسیع کے بعد احتساب عدالت نے نیب کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کی احتساب عدالت میں بلوچستان میگا کرپشن کیس کی سماعت ہوئی۔ نیب کی جانب سے مقدمے میں گرفتار سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور اکاونٹینٹ میونسپل کمیٹی خالق آباد ندیم اقبال کو پیش کیا گیا۔
نیب نے عدالت سے مشتاق رئیسانی کے ریمانڈ میں مزید دس روز کی توسیع کرنے کی درخواست کی جس پر مشتاق رئیسانی کے وکیل کامران مرتضیٰ نے سوال کیا کہ نیب کی جانب سے تقریباً ریمانڈ مکمل ہونے کو ہے مگر اب تک کسی قسم کے ٹھوس شواہد عدالت میں پیش نہیں کئے گئے مزید ریمانڈ نہ دیا جائے
جس پر نیب کے وکیل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ قانوناً نیب کسی بھی ملزم کو 90 روز تک اپنی تحویل میں رکھنے کا حق رکھتا ہے جس پر عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے مشتاق رئیسانی کو دس روز جبکہ اکاونٹینٹ میونسپل کمیٹی خالق آباد ندیم اقبال کو 15 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔
ایمزٹی وی(تعلیم)جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر ایڈمیشن پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کے اعلامیہ کے مطابق کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے تحت اسپیشلائزڈ ڈگری پروگرام جن میں ایم بی اے (ڈیڑھ سالہ اور دوسالہ ) مارکیٹنگ ،ایچ آرایم،فائنانس اینڈ انویسٹمنٹس،اسلامک بینکنگ،سپلائی چین مینجمنٹ اور ای ایم بی اے (ویک اینڈڈھائی سالہ پروگرام)میں داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 27 جولائی 2016 ء تک توسیع کردی گئی ہے۔
داخلہ فارم جامعہ کراچی کی ویب سائٹ سے ڈائون لوڈ کرکے 1000 روپے کے عوض جمع کرائے جاسکتے ہیں۔فارم یوبی ایل بینک کائونٹر واقع سلور جوبلی گیٹ اور یوبی ایل مین کیمپس برانچ جامعہ کراچی کے علاوہ یوبی ایل برانچ ناظم آباد چورنگی اور پی آئی ڈی ہاؤس برانچ میں بھی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ پروفیشنل ڈگری( بی ای،ایم بی بی ایس،ایل ایل بی،سی پی اے ،اے سی سی اے اور سی اے )رکھنے والے بھی داخلہ فارم جمع کراسکتے ہیں۔
ایمزٹی وی(مظفرآباد)مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس صدرآزاد کشمیرفاروق حیدر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے نومنتخب اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔
پارلیمانی پارٹی کے ارکان نے راجا فاروق حیدر پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کے طور پر نامزد کرلیا ہے تاہم اس کی حتمی توثیق پارٹی کے صدر وزیراعظم نواز شریف کریں گے۔
ایمزٹی وی(تعلیم)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سالانہ امتحان برائے سال 2017 جماعت نہم سائنس و جنرل گروپ (ریگولر) طلباءوطالبات کے انرولمنٹ فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق انرولمنٹ فارم 25جولائی سے 25اگست 2016تک بغیر لیٹ فیس کے جمع کئے جاسکیں گے یہ تمام فارمز اسکولوں کے سربراہان اپنے اتھارٹی لیٹر اورشناختی کارڈ کی فوٹو کاپی کے ساتھ سیکرٹری بورڈ کے نام پے آرڈر کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں۔
انرولمنٹ فارمز بورڈ آفس کے ایگزامینیشن اسٹور سے حاصل کئے جا سکتے ہیں جبکہ یہ فارمز نیشنل بینک، حبیب بینک، عسکری، بینک ،یونائیٹڈ بینک پر بھی دستیاب ہوں گے اس ضمن میں واضح کیا گیا ہے کہ25اگست 2016 کے بعد شیڈول کے مطابق لیٹ فیس کے ساتھ فارم وصول کئے جائیں گے اور بغیر لیٹ فیس کی وصولی کی تاریخ میں کسی بھی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔