Reporter SS
ایمزٹی وی(کراچی) کراچی میں پاک بحریہ کی 105ویں مڈشپ مین اور 14ویں شارٹ کورس کمیشن کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، پاس آؤٹ ہونے والوں میں بحرین کے20،لیبیاکے10 اور سعودی عرب کے30 کیڈٹس پاس آؤٹ ہونے والوں میں شامل تھے۔ پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکااللہ نے کہا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک سے خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے لیکن امن کی خواہش کو پاکستان کی کمزوری نا سمجھا جائے، پاکستان کو دھمکانے کی کوئی بھی کوشش کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوگی، ہم کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیےتیار ہیں۔ پاک بحریہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستا ن امن سے محبت کرنے والوں کا ملک ہے، ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کےلیے قومی سطح پر اتفاق رائے موجود ہے، پاک بحریہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پر عزم ہے، دہشت گردعناصر کے خلاف کارروائیوں میں پاک بحریہ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ بھارت کو الزام تراشی کے بجائے مثبت انداز میں مذاکرات کی میز پر آنا چاہئے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردوں کی معاونت پر تشویش ہے۔ بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کراچی اوربلوچستان میں پاکستان کیخلاف دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ پاک امریکہ تعلقات سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکہ سے گہرے تعلقات ہیں اور ہر تعلق میں اونچ نیچ چلتی رہتی ہے۔ نیوکلئیر سپلائیر گروپ میں پاکستان کی شمولیت کی درخواست میرٹ پر مبنی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ایک ڈویلپنگ پروگرام ہے جس سے سب کو فائدہ حاصل ہو گا۔
ایمزٹی وی(تعلیم) لاہور کے نواحی علاقہ ميں واقع نجی ميڈيکل کالج کا طالب علم چھت سے گر کر پراسرار طور پر جاں بحق ہو گيا ، ورثا کے انکار پر پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بغیر لاش ان کے حوالے کردی۔ پوليس کے مطابق تھانہ ہير پنڈ کے قريب واقع نجی ميڈيکل کالج ميں کامونکی سے تعلق رکھنے والا فرسٹ ائير کا طالب علم انيس سالہ نقاش ہاسٹل کي چھت سے فون سنتے ہوئے گر کر جاں بحق ہو گيا ۔ تفصیلات کے مطابق نقاش رات گئے ہاسٹل کی چھت پر فون سن رہا تھا کہ چھت پر حفاظتی جنگلا نہ ہونے کے باعث پائوں پھسلنے کے بعد زمين پر آن گرا اور موقع پر ہی دم توڑ گيا ۔ پوليس نے تفتیش شروع کردی تاہم ورثا نے پوسٹمارٹم کرنے سے انکار کر دیا تو پولیس نے لاش ان کے حوالے کر دی ۔
ایمزٹی وی(پنجاب)سرکاری اسپتالوں کی نرسوں کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں چوتھے روزبھی احتجاج جاری ہے۔ اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ جب وہ مریضوں کی تیمارداری کیلئے دن رات کی پرواہ کئے بغیر خدمات سرنجام دے سکتی ہیں تو اپنے حق کیلئے آواز بھی اٹھا سکتی ہیں۔ حکومت کو جتنا آزمانا ہے آزما لے، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔ صوبائی حکومت جب تک سروس اسٹرکچر اورہیلتھ رسک الاؤنس سمیت ان کے دیگرمطالبات تسلیم نہیں کرتی وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گی۔ دوسری جانب نرسوں کے احتجاج کے باعث مال روڈ اور اطراف کے علاقے میں ٗٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
ایمزٹی وی(مری) رشتے کے تنازع پرجلائی گئی لڑکی ماریہ پمز اسپتال میں دم توڑ گئی۔ ترجمان پمزاسپتال کے مطابق گزشتہ روزاسپتال میں لائی گئی ماریہ کے اہم اعضا بری طرح جھلس گئے تھے، اس کے علاوہ اس کے دماغ، جگر اور گردوں نے کام کرنا بھی چھوڑ دیا تھا، ماریہ کی زندگی بچانے کے لیے ماہر ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے نے بھرپورکوششیں کیں.صبح دم توڑ گئی، ماریہ کی لاش کو اس کے ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے ماریہ کے نزعی بیان اوراس کے باپ کی جانب سے دائر کی گئی رپورٹ کی روشنی میں شوکت اور رفعت نامی دو ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف اقدام قتل کے بعد اب قتل کی دفعہ بھی شامل کردی ہے۔ واضح رہے کہ ماریہ کو گزشتہ روز رشتہ کے تنازع پر آگ لگا کر گہری کھائی میں پھینک دیا گیا تھا۔
ایمزٹی وی(کراچی) لاہور کی طرح کراچی کی سڑکوں پر بھی جلد میٹرو بسیں دوڑیں گی جو شہریوں کو سرجانی ٹاؤن سے ٹاور تک سفر کی سہولتیں مہیا کریں گی جب کہ منصوبے کی تکمیل کے لیے وفاق نے 10 ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ساڑھے 22 کلومیٹر طویل گرین لائن میٹرو بس منصوبے پر تعمیراتی کام تیزی کے ساتھ جاری ہے جس کو وفاق نے اگلے 10 ماہ میں مکمل کرنے کی ڈیڈلائن دے دی ہے جب کہ اورنج لائن بس منصوبے پر وفاق کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت نے بھی تیزی دکھانا شروع کردی ہے اور پونے 5 کلومیٹر طویل اورنج لائن بس منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ روٹ میں توسیع کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ بسوں کو اورنگی کی اندرونی شاہراہوں پر چلانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ دوسری جانب سیکریٹری ٹرانسپورٹ طحہ فاروقی کا کہنا ہے کہ اورنج لائن کے توسیعی روٹ کے لیے مختلف تجاویز زیرغور ہیں۔میٹرو بسوں میں ای ٹکٹنگ کے ذریعے مسافروں کی سہولت کے لیے ماہانہ ٹکٹنگ کا نظام بھی متعارف کرایاجائے گا جب کہ کرائے کے لیے ابتدائی تجاویز کےمطابق ایئرکنڈیشنڈ گرین میٹرو بس کا کرایہ 25 سے 30 روپے تک ہوگا۔
ایمزٹی وی(کراچی) کے الیکٹرک نے رمضان المبارک میں بھی شہر بھر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم نہ کرنے کااعلان کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک نے رمضان المبارک کے مہینے میں بھی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت رہائشی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم نہیں ہوگا۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ صنعتی صارفین کو بھی لوڈ شیڈنگ سے استثنا ختم کردیا ہے جس کے بعد صنعتوں کو بھی بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار رہے گی۔ صنعتی صارفین نے کے الیکٹرک کے لوڈشیڈنگ کم نہ کرنے کے اعلان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ شہر بھر میں کے الیکٹرک کی جانب سے طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جب کہ بعض علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس کےعلاوہ تکنیکی خرابیوں کے باعث شہر میں گھنٹوں بجلی غائب رہنا بھی معمول بن گیا ہے۔
ایمزٹی وی(تعلیم) لاہور ہائیکورٹ نے گرمی کی چھٹیوں کے دوران تین ماہ کی یکمشت فیسیں لینے والے پرائیویٹ اسکولوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ ذرائع کے مطابق جسٹس علی اکبر قریشی نے شہری شبیرالزمان کی درخواست پرسماعت کی، درخواست گزار کی وکیل شیبا حسن نے عدالت کو بتایاکہ نجی اسکولزموسم گرما کی تعطیلات کے دوران تین ماہ کی اکھٹی فیس وصول کرر ہے ہیں جو عدالتی فیصلے کے منافی ہے۔ سماعت کے دوران ڈپٹی سیکرٹری ایجوکیشن زبیرخان اور محکمہ تعلیم کے لیگل ایڈوائزر رانا یونس عزیز نےعدالت کو بتایا کہ تین ماہ کی یکمشت فیسیں لینے والے نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کے لیے شکایات سیل بنائے گئےہیں لیکن ابھی تک انہیں کسی پرائیویٹ اسکول کے خلاف تین ماہ کی اکھٹی فیس وصول کرنے کے بارے میں کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی جس پرعدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال بھی یہ حکم دیا گیا تھا اور اب پھر عدالت حکم دیتی ہےکہ چھٹیوں کےدوران 3ماہ کی اکھٹی فیس وصول کرنے والے سکولوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔عدالت نے محکمہ تعلیم سےآئندہ ہفتے عملدرآمد رپورٹ بھی مانگ لی ہے۔
ایمزٹی وی(تعلیم) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کے خلاف حکومتی نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے فیسوں میں اضافہ درست قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے 23 ستمبر 2015 کو نجی اسکولوں کو فیسوں میں اضافہ واپس لینے کی ہدایت جاری کرتے ہوئےکہا تھا کہ وہ فیسوں کی مد میں وصول کی گئی اضافی رقم والدین کو واپس کریں، مگرپرائیویٹ اسکول مالکان نے اضافہ واپس لینے سے انکار کردیا تھا جس پر بچوں کے والدین نے عدالت سے رجوع کیا، عدالت میں نجی اسکول مالکان نے موقف اختیار کیا تھا کہ فیسوں میں اضافے کے لیے نجی اسکول حکومت کی اجازت لینے کے پابند نہیں۔ والدین نے پرائیویٹ اسکولوں کی فیس میں اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ بھاری فیسوں کے علاوہ پرائیویٹ اسکولوں کی انتظامیہ ہر ماہ اُن سے موسیقی کی تقریب، پکنک اور نئے سال کی پارٹی کے علاوہ یوم والدین کے نام پربھی بھاری رقم وصول کرتی ہے۔
ایمزٹی وی(کوئٹہ) احتساب عدالت نے سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کے ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی۔ ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور اکاؤنٹینٹ ندیم اقبال کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا اس موقع پر تفتیشی افسران نے موقف اختیار کیا کہ زیرحراست ملزمان نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا جن سے مزید تفتیش کرنی ہے اس لئے ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔ عدالت نے تفتیشی افسران کی درخواست منظور کرتے ہوئے مشتاق رئیسانی اور اکاؤنٹینٹ ندیم اقبال کے ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں نیب کے حوالے کردیا۔ سماعت کے دوران مشتاق رئیسانی نے شکوہ کیا کہ گزشتہ ریمانڈ پر بھی ان کی ملاقات اہلخانہ سے نہیں کرائی گئی جس پرعدالت نے حکم دیا کہ ملزم کو میڈیکل سہولت فراہم کرتے ہوئے بیوی، بیٹے اور بھائی سے ملاقات کرائی جائے۔ واضح رہے کہ 6 مئی کو نیب نے سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کے گھرپرکارروائی کے دوران 63 کروڑ روپے سے زائد نقدی، پرائز بونڈ، زیورات اور غیرملکی کرنسی برآمد کی تھی۔