Reporter SS
اسکردو سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس کوشیشتیال کے قریب حادثے کا شکار، 4 افراد جاں بحق
اور متعدد زخمیسکردو سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس شاہراہ قراقرم پر کوشیشتیال کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی، جو کہ عین اسی مقام پر پیش آیا جہاں چند ماہ قبل ایک اور نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کی بس کو حادثہ پیش آیا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس میں کل 34 مسافر سوار تھے، جن میں سے غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق 4 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں
جبکہ متعدد مسافر زخمی ہیں۔ذرائع کے مطابق حادثہ رات کے وقت پیش آیا اور بس گہری کھائی میں جاگری، جس کی وجہ سے اندھیرے اور دشوار گزار علاقے کی بناء پر زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے افراد کی درست تعداد کا فوری طور پر اندازہ لگانا مشکل ہے۔حادثے کے بعد مقامی افراد اور سیکیورٹی ادارے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں،
جبکہ ریسکیو 1122 نے اطلاع ملنے پر فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب اپنی گاڑیاں روانہ کر دی ہیں۔مزید تفصیلات کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔
پشاور : ٹشو پیپرز کے کارخانے میں گزشتہ روز لگنے والی آگ پر 36 گھنٹے بعد بھی مکمل قابو نہ پایا جاسکا، دھماکوں کے بعد دوبارہ آگ بھڑک اٹھی۔
پشاور کے علاقے حیات آباد میں انڈسٹریل ایریا میں لگی آگ پر 36 گھنٹے گزرنے کے باوجود تاحال قابو نہیں پایا جا سکا۔
رپورٹ کے مطابق کارخانے میں لگی آگ پر 28 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا تھا تاہم ایک پھر دھماکوں کی آواز سنی گئی اور پھر آگ دوبارہ بھڑک اٹھی۔
ریسکیوحکام کے مطابق چارسدہ، مردان اور نوشہرہ سے منگوائے گئے مزید فائر ویکلز اور فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف عمل ہیں۔
امدادی ٹیموں کا کہنا ہے کہ فیکٹری کے اندورنی حصوں میں ابھی بھی آگ لگی ہوئی ہے، فیکٹری کے بیسمنٹ میں200ٹن سے زائد ربڑ موجود تھی۔
فیکٹری کے بیسمنٹ اور دیگر حصوں میں رکھے ہوئے کیمیکلز کے باعث آگ پر قابو پانے میں ریسکیو کارکنان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے صنعتی زون حیات آباد انڈسٹریل ایریا میں واقع ٹشو پیپرز کے کارخانے میں شارٹ سرکٹ سے بھڑکنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔
آپریشن کے دوران آتشزدگی سے خستہ ہونے والی عمارت کی چھت بھی گرگئی جبکہ آگ بجھانے میں ریسکیو 1122کی 20 گاڑیوں نے حصہ لیا، ریسکیو 1122 کے 100 سے زائد اہلکار بھی آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ شدت کے لحاظ سے آگ اول درجے کی ہے۔ آپریشن کے دوران اب تک تقریباً 18ریسکیو اہلکاروں کی حالت غیر ہوئی، جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں کے زد میں آنے والے کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ اسپتال میں صرف 2 ڈاکٹر کام کررہے ہیں۔
کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج اسپتال سے واپس جاتے ہوئے طبی عملےکے 31 افراد کو اپنے ساتھ لے گئی۔
ڈاکٹر حسام نے کہا کہ اس وقت اسپتال میں مجھ سمیت صرف 2 ڈاکٹر موجود ہیں اور یہاں 145 زخمی زیر علاج ہیں جنہیں سرجری کی ضرورت ہے تاہم اسپتال میں سرجن دستیاب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ طبی سامان اور ضروری وسائل نہ ہونے کی وجہ سے کئی زخمی شہید ہوچکے ہیں، ایمبولینسز بھی کام کرنا چھوڑ چکی ہے۔
ڈاکٹر حسام نے ایمبولینسز فراہم کرنے اور ان زخمیوں کو دیگر اسپتالوں میں منتقل کرنے کی اپیل کی جنہیں فوری علاج کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اسپتال میں موجود عملے کے تحفظ اور اسرائیلی حراست میں موجود طبی عملے کی رہائی کے لیے عالمی سطح پر دباؤ ڈالنے کی بھی اپیل کی۔
اسپتال پر اسرائیلی فوج کے حملے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر حسام نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے کمال عدوان اسپتال کے ساتھ جو کیا وہ ناقابل بیان ہے۔
ڈاکٹر حسام نے کہا کہ اس اسپتال میں ہم نے سب کچھ کھو دیا یہاں تک کہ اپنے بچے بھی، ہم نے جو کچھ تعمیر کیا تھا اسرائیلی فوج نے وہ سب کچھ جلا دیا۔
اپنے شہید بیٹے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے رقت آمیز لہجے میں کہا کہ انہوں نے میرے بیٹے کو بھی شہید کردیا، میں نے اپنے بیٹے کو اسپتال کی دیوار کے ساتھ دفن کیا۔
ڈاکٹر حسام نے کہا کہ ہمیں اپنے کام کا یہ صلہ ملا کہ ہم نے اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے بچوں کو شہید ہوتے دیکھا اور اپنے ہاتھوں سے انہیں دفن کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے کمال عدوان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابوصفیہ کے جواں سال بیٹے ابراہیم کو بھی شہید کردیا۔
بیٹے کی نماز جنازہ ڈاکٹر حسام ابوصفیہ نے اسپتال کے احاطے میں ہی ادا کی اور اس دوران جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور روتے رہے۔
اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس آج ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق نئےچیف جسٹس یحیٰی آفریدی نے آج ججوں کا فل کورٹ اجلاس طلب کرلیا، اجلاس آج دن ایک بجے ہوگا۔
دوسری جانب سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس آٹھ نومبرکو بلایا گیا ہے جبکہ سپریم کورٹ نے انسداد دہشت گردی عدالتوں کےانتظامی ججز کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
اس سے قبل چیف جسٹس نے پریکٹس اینڈپروسیجر کمیٹی کی تشکیل نو کرتے ہوئے جسٹس منیب اخترکو واپس تین رکنی کمیٹی میں شامل کیا تھا جبکہ جسٹس سید منصور علی شاہ تین ججوں پر مشتمل کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔
سابق چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے جسٹس منیب اختر کو ہٹا کر جسٹس امین الدین خان کو کمیٹی میں شامل کیاتھا۔
تشکیل نو سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023 میں کی گئی تبدیلیوں کے بعد کی گئی ہے، جو چیف جسٹس کو کمیٹی کے ارکان کے انتخاب کا اختیار دیتا ہے۔
2 روز قبل چیف جسٹس جسٹس یحییٰ آفریدی نے فیصلہ کیا تھا کہ سپریم کورٹ کی کارروائی لائیو سٹریمنگ کے ذریعے عوام کے لیے دستیاب ہوگی۔
اداکار فیصل قریشی نے بھارتی اداکاروں کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ملنسار قرار دیا ہے۔فیصل قریشی نے اپنے پوڈ کاسٹ میں بات چیت کرتے ہوئے بھارتی اداکاروں کے حوالے سے قصہ سنایا۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت میں سلمان خان کی غیر سرکاری تنظیم 'بینگ ہیومن' کی ایک بڑی تقریب ہوئی جہاں پاکستان سے بھی اداکاروں کو بلایا گیا تھا اور بھارتی اداکار بھی موجود تھے
اداکار نے کہا کہ وہاں دیکھ کر مجھے حیرانی ہوئی، ہم وہاں بھارتی اداکاروں سے مل رہے تھے، پہلی ملاقات سہیل خان اور سنیل شیٹی سے ہوئی جو جم کررہے تھے اور وہ مجھ سے ایسے بات کرنے لگے جیسے ہم بچپن کے دوست ہوں، اس کے بعد میں سلمان خان کے ساتھ ملا، چنکی پانڈے اور جاوید جعفری سب بہت اچھے تھے، تصاویر لینے کیلئے بلا رہے تھے۔
فیصل قریشی نے مزید بتایا کہ بھارتی اداکار وہاں ہلہ گلہ کررہے تھے، مجھے اپنے پاکستانی اداکاروں میں تھوڑی اکڑ نظر آتی ہے جب کہ بھارتی اداکار بہت ملنسار لوگ تھے تو ہمیں تھوڑی حیرانی ہوئی کیونکہ بھارتی اداکار بہت خوش آمدید کہنے والے لوگ تھے
اداکارہ و ماڈل مائرہ خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک اسلامک ملک ہے اور یہاں چھوٹے کپڑے پہننے پر عوام کو تنقید کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔
مائرہ خان نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات کو تنقید کا نشانہ بنانے کے حوالے سے گفتگو کی۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ پاکستان مسلم آبادی کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر آتا ہے، جب آپ اتنے بڑے اسلامی ملک میں رہ رہے ہیں اور پھر ڈیفنس کے علاقے میں چھوٹے اور چست کپڑے پہن کر نکلیں گے تو یہ آپ کا قصور ہوگا۔
اداکارہ نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ لوگوں کا حق بنتا ہے، جب آپ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ ڈالی ہے تو لوگوں کا حق بنتا ہے وہ گالیاں بھی دے سکتے ہیں، کچھ بھی کرسکتے ہیں، کیونکہ آپ پبلک پراپرٹی ہو، آپ نے ڈالا ہے تو پھر سننے اور برداشت کرنے کی ہمت بھی رکھو۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر لوگوں کو نظر نہیں آؤ، تھوڑا بہت خیال رکھ لو تو اچھا ہوگا، ایسا نہیں ہے میں ماڈرن کپڑے نہیں پہنتی، جتنے پہنتی ہوں اتنی تنقید بھی کی جاتی ہے۔
مائرہ خان نے مزید کہا کہ لوگوں کو کیوں منع کریں، وہ لوگ اتنے اچھے نہیں لگتے، گھر میں بیٹھے ہیں باپ نے منع کیا ہے وہ کچھ کر نہیں سکتے اس لیے جلن اور حسد میں لوگ کمنٹ کریں گے، تو ٹھیک ہے لوگوں کو کرنے دو، انہیں مزے کرنے دو اور یہ بات میں نے بہت دیر سے سیکھی ہے، میں تنقید کرنے والوں کو بلاک کردیتی ہوں۔
فضائی آلودگی میں غیر معمولی خطرناک حد تک اضافے کے بعد لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا بھارت سے چلنے والی اسموگ زدہ ہوائیں اس کا سبب بنیں۔
آج لاہور شہر میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی اور ایئر کوالٹی انڈیکس پہلی بار 700 کو بھی عبور کر گیا جس نے اہل لاہور کے لیے سانس لینا بھی دشوار بنا دیا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ تحفظ ماحولیات کا کہنا ہے کہ آلودہ ہوا بھارتی دارالحکومت دہلی سے لے کر چندی گڑھ بشمولی امرتسر لاہور میں داخل ہوئی۔ امرتسر سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والے اسموگ زدہ ہوا کی وجہ سے لاہور میں فضائی آلودگی کے انڈیکس میں غیر معمولی اضافے کا باعث بنی ہے۔
محکمے کا کہنا ہے کہ لاہور کا اے کیو آئی بالخصوص حساس اور کمزور افراد کیلیے مضر صحت ہے۔ عوام باہر ورزش یا واک سے پہلے اے کیو آئی چیک کر لیں اور کھلی جگہ پر جانے سے قبل ماسک کا لازمی استعمال کریں۔
سیکریٹری محکمہ تحفظ ماحولیات راجا جہانگیر کا کہنا ہے کہ شہری گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں، بچوں کو باہر نہ کھیلنے دیں اور زیادہ اسموگ زدہ علاقوں کی جانب سفر سے گریز کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچے اور بزرگ بالخصوص کھلی فضا میں جانے سے گریز کریں جب کہ سانس اور دل کے مریض معالج کے مشورے کے بغیر اس ماحول میں ورزش نہ کریں اور بلا ضرورت گھر سے بھی نہ نکلیں۔
بانی پی ٹی آئی سردیوں کے بعد گرمیاں جیل میں گزاریں گے، منظور وسان
پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سردیوں کے بعد گرمیاں جیل میں گزاریں گے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی جمہوریت پسند پارٹی ہے عوام کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم سے عدلیہ اور عوام سمیت کسی کا نقصان نہیں۔
منظور وسان نے کہا کہ پنجاب کے علاقوں میں دریائے سندھ سے چھ نئی نہریں نکالنے کے مخالف ہیں۔
واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو منظور وسان نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے محسوس ہورہا ہے بانی پی ٹی آئی کچھ عرصہ مزید جیل میں رہیں گے، بانی پی ٹی آئی اسلام آباد اور مری کی ٹھنڈی ہواؤں میں پھنس چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی احتجاج کروا کر اپنے لئے ریلیف لینا چاہتے ہیں، مگر ریلیف دینے والے بھی بڑے پکے ہیں وہ پریشر میں نہیں آئیں گے، وزیراعلی کے پی نے بھڑکیں مارکر بانی پی ٹی آئی اور پارٹی کو نقصان پہنچایا ہے۔
منظور وسان نے پیشگوئی کی تھی کہ حکومتی سسٹم چلے گا، مگر چہرے تبدیل ہونگے، شہباز شریف سمجھدار آدمی ہیں موجودہ حالات میں اگر کچھ کمال دکھاگئےتو بچ جائیں گے۔
کراچی ڈویژن ریلوے میں عملے کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث ٹرینوں کی روانگی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے ٹرین آپریشن بری طرح متاثر ہونے کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر معمول بن گئی ہے، محکمہ کا سارا نظام چوپٹ ہوگیا۔
قراقرم ایکسپریس کی تاخیر کی وجہ سے اندرون ملک جانے والی گاڑیاں تاخیر کا شکار ہوگئیں، پشاور جانے والی خیبرمیل کی روانگی میں2گھنٹے 30منٹ تاخیر سامنے آئی ہے۔
اسلام آباد جانے والی پریمیم ٹرین گرین لائن بھی ڈیڑھ گھنٹے تاخیرکے بعد روانہ ہوئی جبکہ سکھر ایکسپریسکو بھی ڈیڑھ گھنٹے تاخیر سے روانہ کیا گیا۔
ریلوے ذرائع کے مطابق پشاور جانے والی خیبر میل 2گھنٹے تاخیر اور اسلام آباد جانے والی پریمیم ٹرین گرین لائن میں 2گھنٹے تاخیر ہوئی ہے۔
ٹرینوں کی کئی کئی گھنٹے تاخیر کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، ٹرینیں گھنٹوں تاخیر اور منسوخ ہونے کی وجہ سے مسافروں اور محکمہ کو مالی نقصان کا سامنا ہے۔
اس کے علاوہ پاک بزنس اور کراچی ایکسپریس بھی 2سے3 گھنٹے تاخیر سےروانہ ہوئی، گرین لائن پریمیم ٹرین کو روک کر سرسید ایکسپریس کو روانہ کردیا گیا، مسافر ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر پر شدید احتجاج کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹرین کا سفر دنیا بھر میں آمدو رفت کا سستا اور محفوظ ترین ذریعہ ہے، ایک رپورٹ کے مطابق انڈیا میں لگ بھگ ڈھائی کروڑ شہری یومیہ بنیادوں پر ریل گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ جاپان کا شمار بھی ایسے ممالک میں ہوتا ہے جہاں دو کروڑ افراد فسر کرتے ہیں حالانکہ وہاں کی آبادی کا تناسب پاکستان بہت کم ہے، اس کے برعکس پاکستان میں روزانہ صرف ایک لاکھ 78ہزار افراد ہی ٹرین پر سفر کرتے ہیں۔
واشنگٹن : وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب نے کہا ہے کہ آئندہ مقامی اور عالمی مارکیٹ سے اپنی شرائط پر قرضے لیں گے۔
یہ بات انہوں نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کو ترقی پذیر ممالک کیلئے کلائمیٹ فنانسنگ میں رعایت دینی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں وقت کے ساتھ جدت لائی جارہی ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام وقت کی ضرورت تھا اور اب بھی ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ امریکا میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف نمائندوں سے ملاقاتیں کیں آئی ایم ایف کے ساتھ بہت تعمیری بات چیت ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں میں پاکستان میں مہنگائی میں کمی اور بنیادی شرح سود میں کمی کو سراہا گیا، تمام اداروں نے پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ امریکا میں سعودی وزیر خزانہ سمیت دیگر ممالک سے بات چیت مثبت رہی، اس سال غیر ملکی پاکستانیوں کی طر ف سے ترسیلات زر چونتیس ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ امریکا میں بزنس کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے، تمام ریٹنگ ایجنسیاں بھی کہہ رہی ہیں کہ پاکستان درست معاشی سمت پر گامزن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری کیلئے ہمیں مشکل فیصلے کرنا ہوں گے، کوشش ہوگی کہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو، ورلڈ بینک پاکستان کو قرض نہیں ،گرانٹ دے گا،
وزیرخزانہ نے کہا کہ نان فائلرز کو گاڑی اور جائیداد خریدنے پر پابندی کیلئے قانون سازی کی ضرورت ہے، معیشت کے ڈی این اے کو تبدیل کرنا ہوگا جس میں درآمدات پر انحصار کم ہو۔
انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے اور اسلام آباد ایئرپورٹ سب سے پہلے نجی شعبے کے حوالے کررہے ہیں، آئی ٹی اور زراعت میں 90 فیصد سے زیادہ تعلق صرف پاکستان سے ہے۔
آئی ٹی اور زراعت کا آئی ایم ایف پروگرام کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر11 ارب ڈالر سے اوپر جا چکے ہیں۔