Reporter SS
پنجاب : پنجاب ایجوکیشن اتھارٹیز میں انتظامی افسروں کی تقرری کیلئےدوبارہ درخواستیں طلب کر لی گئیں
درخواستیں طلب کرنے کی آخری تاریخ20اکتوبر مقررکی گئی ۔
ایجوکیشن اتھارٹیز میں ڈسٹرکٹ اورڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسروں کی تقرری ٹیسٹ کے بعد کی جا ئے گی، ایک گریڈ کم والے اساتذہ بھی درخواست دے سکتے ہیں۔
گریڈ 19کیلئے 18اور گریڈ 18کیلئے گریڈ 17کے افسر بھی درخواست دے سکیں گے ، آن لائن درخواستیں 20اکتوبر تک جمع کر ائی جا سکیں گی۔
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں چار اکتوبر کو ہونے وا لے سیاسی پارٹی کے احتجاج کو روکنے کیلئے حکومت کی جانب سے لگائی گئی رکاوٹوں اور موبائل فون کے سگنلز بند کرنے سے سینکڑوں طلبا و طالبات فیڈرل بورڈ کے تحت میٹرک کے پیپر نہ دے سکے
جبکہ فیڈرل بورڈ کی جانب سے کوئی متبادل تاریخ نہ دینے کی وجہ سے پیپر میں نہ پہنچ پانے والے بچوں کا سال ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی تعلیمی بورڈ کے کنٹرولر امتحانات کا کہنا ہے کہ امتحانات چونکہ پورے ملک اوربیرون ملک بھی ہو رہے تھے اس لیے بہت سے بچوں نے امتحان دیا ہے ۔
چار اکتوبر کو ہوم اکنامکس کا پرچہ تھا جبکہ پانچ اکتوبر کو بیالوجی اور کمپیوٹر کے پریکٹیکل جبکہ اسلامیات کا پرچہ تھا تاہم جمعہ 4اکتوبراور ہفتہ پانچ اکتوبر کو پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر حکومت نے تمام راستے بند کردیئے جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی مکمل بند رکھی گئی اس کے باوجود امتحانات ملتوی نہیں کئے گئے جس کے باعث سینکڑوں طلبہ امتحانی ہال نہ پہنچ سکے ۔
طلبا و طالبات اور والدین نے فیڈرل بورڈ اور دیگرمتعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ ان بچوں کو متبادل تاریخ میں پیپر دینے کی اجازت فراہم کی جائے ۔
محکمہ صحت نے پنجاب کے میڈیکل و ڈینٹل کالجز کے لئے داخلہ پالیسی جاری کردی۔
صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد محکمہ سپیشلائز ہیلتھ کیئر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
جس کے مطابق اسلام آباد کے طلبا کیلئے پنجاب میں ایم بی بی ایس کا اوپن میرٹ ختم کرتے ہوئے گجرات، سرگودھا اور ڈی جی خان کے میڈیکل کالجوں میں صرف3سیٹیں مختص کردی گئیں۔
اس حوالے سے اسلام آباد کے طلبا میں تشویش پائی جارہی ہے ۔ نارووال میڈیکل کالج کی 100 سیٹوں پر بھی داخلے ہونگے ۔سرکاری میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے آن لائن درخواستیں 21 اکتوبر سے 4 نومبر جبکہ پرائیویٹ کالجز میں 5 سے 19 نومبر تک درخواستیں وصول کی جائیں گی۔
سرکاری ڈینٹل کالجز میں داخلے کی آن لائن درخواستیں 20نومبر سے 4 دسمبر،پرائیویٹ کالجز کی درخواستیں 5 سے 19 دسمبر تک وصول کی جائیں گی۔یکم فروری 2025 سے ایم بی بی ایس جبکہ یکم مارچ سے بی ڈی ایس کی کلاسز کا آغاز کیا جائیگا۔
لاہور: نئے پروگرام کے تحت فنڈز لینے والےسرکاری اسکولوں کی موجیں لگ گئیں۔
پیف کی تاریخ میں سب سے زیادہ فنڈز ان اسکولوں کی انتظامیہ کو فی طالب علم 1200 روپے ملیں گے ۔
تفصیل کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے صوبہ کے 13ہزار مزیدا سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ۔ تاہم پچھلےا سکولوں کی نسبت ان کی انتظامیہ کو دگنے فنڈز دئیے جائیں گے ۔
محکمہ تعلیم کی دستاویزات کے مطابق ان اسکولوں کی انتظامیہ کو فی طالب علم 12 سو روپے دئیے جائیں گے ۔ ماضی میں 43 سو سرکاری ا سکولوں کو نجی شعبے کے زیر انتظام دیا گیا ،ان کی انتظامیہ کو 6 سو سے ساڑھے چھ سو روپے دئیے جا رہے ہیں ۔ نئے معاہدے کے بعد پرانے پارٹنرز میں تشویش پائی جاتی ہے ۔
پیف کے ساتھ منسلک پرائیویٹ ا سکولوں کی ایسوسی ایشن کے چیئرمین خضر حیات گوندل کا کہنا ہے کہ ہمارے فنڈز میں بھی اضافہ کیا جائے ۔ہمارے اخرجات نئے پارٹنرز سے زیادہ ہیں ،پیف پارٹنرز کو بلڈنگز کا کرایہ خود دینا پڑتا ہے ۔ محکمہ کے ذرائع نے بتایا صوبے کے تمام پرائمری سکولوں کو مر حلہ وار آؤٹ سورس کیا جائے گا۔
انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے قومی ٹیم کااعلان آج ہوگا۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پی سی بی کی جانب سے نو تشکیل شدہ سلیکشن کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا، جس میں علیم ڈار، عاقب جاوید، اظہر علی، اور احسن چیمہ نے پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس کا جائزہ لیا جبکہ سلیکٹر اسد شفیق نے زوم پر اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔
سلیکشن کمیٹی ارکان اب اگلے مرحلے میں ہفتے کو ملتان جائیں گے جہاں وہ ہیڈ کیوریٹر، ہیڈ کوچ اور کپتان سے ملاقات کریں گے۔بعدازاں قومی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔
دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے کامران غلام، نعمان علی، زاہد محمود کو کھیلنے کا موقع دیا جاسکتا ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی 15 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
قبل ازیں پہلے ٹیسٹ میں ہوم گراؤنڈ پر انگلیںڈ نے پاکستان کو بدترین ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی۔
کراچی: ملک میں دوسرے روز سونے کی قیمت میں بڑی کمی ہوئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولر ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت 3 ہزار روپے کم ہوکر 2 لاکھ 71 ہزار 700 روپے ہوگئی ہے۔آل پاکستان جیمز اینڈ جیولر ایسوسی ایشن کا بتانا ہے کہ 10گرام سونے کا بھاؤ 2572 روپے کم ہو کر 2 لاکھ 32 ہزار 393 روہے ہوگیا ہے۔
دوسری جانب عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 30 ڈالر کم ہو کر 2617 ڈالر فی اونس ہے۔
آئی سی سی نے پلیئرز کی رینکنگ جاری کردی۔
رینکنگ میں ٹاپ تھری میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں، بیٹرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کی پہلی پوزیشن ہے۔
ٹریوس ہیڈ 881 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جب کہ بھارت کے سوریا کمار یادیو 807 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔تیسرا نمبر انگلینڈ کے فل سالٹ کا ہے جن کے 800 پوائنٹس ہیں، پاکستان کے بابراعظم ایک درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبرپرآگئے اور ان کے 755 پوائنٹس ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز میں انگلینڈ کے عادل رشید کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، دوسرا نمبر ویسٹ انڈین بولر عقیل حسین اور تیسرا نمبر افغان اسپنر راشد خان کا ہے۔بھارت کے ارشدیپ سنگھ 8 درجے ترقی کے بعد 9 ویں نمبرپر آگئے، ٹی ٹوئنٹی بولرز میں پاکستان کے شاہین آفریدی کا 13 واں نمبر ہے۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز میں انگلینڈ کے لیام لیونگسٹن کا پہلا نمبر ہے، بھارت کے ہاردیک پانڈیا چار درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں۔
ون ڈے بیٹرز میں بابراعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، ٹریوس ہیڈ کی ایک درجے ترقی 10 ویں نمبرپرآگئے۔
ون ڈے بولرزمیں جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج کا پہلا نمبر ہے، ون ڈے آل راؤنڈرز میں افغانستان کے محمد نبی کی پہلی پوزیشن ہے۔
ملک کے جڑواں شہر اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 214 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ان میں 147 راولپنڈی اور 67 اسلام آباد میں رپورٹ ہوئے۔
رواں سال رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار143 ہوگئی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق نئے کیسز میں پوٹھوہار ٹاؤن پری اربن سے 74، میونسپل کارپوریشن راولپنڈی سے 26، راولپنڈی کنٹونمنٹ سے 25، چکلالہ کنٹونمنٹ 2، پوٹھوہار رورل 7، کلر سیداں 3، ٹیکسلا کنٹونمنٹ 5، کوٹلی ستیاں 2 جبکہ ٹیکسلا، مری اور گوجر خان اور سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا، انہوں نے بتایا کہ اس وقت راولپنڈی ڈویژن کے 280 مریض شہر کے مختلف ٹیچنگ ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 92 بے نظیر بھٹو، 95 ہولی فیملی، راولپنڈی ٹیچنگ ہسپتال 50 جبکہ فوجی فانڈیشن میں 43 مریض زیر علاج ہیں، اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 67 کیسز رپورٹ ہوئے۔
اس کا انکشاف اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجلاس میں بریفنگ کے دوران کیا گیا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی زیر صدارت ڈینگی جائزہ اجلاس میں جڑواں شہروں کی صورتحال کا تقابلی جائزہ لیا گیا ،بریفنگ میں بتایا گیا کہ پمز میں 104، پولی کلینک 50، کیپیٹل ہسپتال میں30 بیڈز ڈینگی مریضوں کیلئے مختص کئے گئے، بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس طرح مجموعی متاثرہ مریضوں میں 67 فیصد مرد اور 33 فیصد خواتین ہیں۔
سندھ ہائی کورٹ میں میڈیکل میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں ہونے والی بے قاعدگیوں کےخلاف کیس کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران سیکرٹری صحت اور چیف سیکرٹری کی الزامات کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویزدی۔
عدالت نے کمیٹی تشکیل بنانے کاحکم دیتے ہوئے کمیٹی میں ڈاکٹر شیریں ناریجو ،سی ایم آئی ٹی ،ڈائریکٹر سائبر کرائم ایف آئی اے کراچی شامل کرنے کی ہدایت کی۔عدالت کامزید کہنا تھاکہ مرید علی راہموں سابق سیکرٹری بورڈ بھی کمیٹی کے ممبر ہوں گےکمیٹی کے تیسرے ممبر کا نام بتائیں ۔
عدالت نے کمیٹی کو تمام الزامات کی تحقیقات 15دن میں مکمل کرنے کے احکامات جاری کئےکمیٹی کسی بھی ادارے سے معاونت حاصل کرسکتی ہے ،کمیٹی ٹیسٹ لینے والی یونیورسٹیزاور پی ایم ڈی سی سے ریکارڈ طلب کرسکتی ہے ۔
عدالت نے تحقیقات مکمل ہونے تک میرٹ لسٹ شائع کرنے اور داخلےسے روک دیا ہے
لاہور بورڈ میٹرک اور انٹرکے سالانہ امتحانات میں ڈیوٹیاں کرنے والا نگران عملہ کو تاحال معاوضوں نہ مل سکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹرک اور انٹر کے مارچ اور اپریل میں ہونے والے امتحانات میں 12 ہزار سے زائد عملے نے ڈیوٹیاں سرانجام دی تھیں۔نتائج آنے کے باوجود عملے کو معاوضہ جاری نہ ہوسکا۔
اساتذہ کا کہنا ہے امتحانات ہوئے پانچ سے چھ ماہ گزر چکے ہیں،معاوضوں کے حصول کیلئے بورڈ کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔
چیئرمین بورڈ کے دستخط نہ ہونے کے باعث معاوضہ جاری نہیں کیا جا رہا۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے نگران عملے کو مرحلہ وار معاوضوں کی ادائیگیوں کا سلسلہ جاری ہے ،سینکڑوں اساتذہ کو ادائیگیاں کی جاچکی ہیں۔