Saturday, 30 November 2024
Reporter SS

Reporter SS

عالمی یوم خواندگی پر وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ خواندگی نہ صرف ایک بنیادی انسانی حق ہے بلکہ معاشی و سماجی ترقی کا ایک طاقتور ذریعہ بھی ہے۔۔

وزارت تعلیم ملک کے ہر فرد کو معیاری تعلیم تک رسائی اور خواندگی کی مہارتیں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

اپنے پیغام میں وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم آج خواندگی کا عالمی دن منا رہے ہیں، ہر پاکستانی سے استدعا کرتے ہیں کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ملک کے ہر فرد کو معیاری تعلیم تک رسائی اور خواندگی کی مہارتیں حاصل کرنے کا موقع ملے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے پولیو کےمکمل خاتمے کیلئے خصوصی پولیو مہم کابھی آغاز کر دیا۔

وزیرِ اعظم نے ملک بھر کے 115 اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز کردیا جس میں پانچ سال سے کم عمر 3 کروڑ بچوں کو اس موذی مرض سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی،آج سے 15 ستمبر تک اس خصوصی مہم کے تحت 2 لاکھ 86 ہزار پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے ۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ پرامید ہوں وفاقی حکومت ،صوبائی حکومتوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر پولیو کے ملک سے مکمل خاتمے میں کامیاب ہو جائے گی،انسداد پولیو کیلئے کوششیں کرنیوالے تمام سٹیک ہولڈرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں،والدین سے گزارش ہے کہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو تمام عمر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں۔

وزیرِ اعظم نے اس موقع پر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے بھی پلائے ۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی یوم خواندگی کے موقع پر ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی لگادی۔

خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ خواندگی ایک بنیادی انسانی اور آئینی حق ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج ہم تعلیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہم ایک زیادہ باخبر اور پائیدار قوم کیلئے کوشاں ہیں۔تعلیم ہمارے معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہے ، اس مقصدکیلئے ہم نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے طلبہ کے اندراج کی مہم شروع کی ہے ، اسکولوں میں بچوں کو دوپہر کا کھانا دیناشروع کیا ہے ۔اسکول چھوڑنے کی شرح کو کم کرنے اور ہر بچے کو اپنی تعلیم مکمل کرنے کی ترغیب دینے کیلئے وظائف اور دیگر مراعات متعارف کرائی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ایک جامع منصوبہ پر عمل پیرا ہے جس سے ٹیکنالوجی ہمارے تعلیمی نظام میں ضم ہو جائے گی ، اس بات کا مقصد اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہمارے نوجوان ڈیجیٹل معیشت میں ترقی کی منازل طے کرنے کیلئے ضروری مہارتوں سے لیس ہوں۔

نجی شعبے اور سول سوسائٹی کی تنظیمیں حکومت کی ان کوششوں میں برابر کے شراکت دار ہیں ۔ موثر شراکت داری قائم کر کے ، ہم تعلیم کو روزگار اور خود روزگار کے مواقع سے جوڑ سکتے ہیں، جس سے ایک زیادہ مضبوط اور جامع افرادی قوت پیدا ہو سکتی ہے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئیے سب کیلئے خواندگی اور تعلیم کو فروغ دینے کیلئے بحیثیت قوم مل کر کام کریں اور اپنے بچوں اور اپنے ملک کا روشن مستقبل بنائیں۔

اسلام آباد: تحریک انصاف نے اسلام آباد میں پاور شو کامظاہرہ کرنےکابعد اگلا جلسہ لاہور میں کرنے کا اعلان کر دیا ۔

اسلام آباد کے مضافات میں سنگجانی کے مقام پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جلسہ کی اجازت ملے یا نہ ملے لاہور میں جلسہ ہوگا۔حکومت کے پاس دو ہفتے ہیں قانون کے مطابق اگر عمران خان کورہا نہ کیا تو پھر ہم انہیں اڈیالہ سے لے جائیں گے ۔ خدا کی قسم ہم بانی پی ٹی آئی کو خود رہا کرائیں گے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 9 مئی سے پہلے تم میں نفرت تھی، مجھ پر تشدد کرکے جو بیان لینا چاہتے تھے وہ اگلے جلسے میں بتاؤں گا ،تم آئین کو نہیں مانتے تو ہم بھی آئین کو نہیں مانتے ، اب دما دم مست قلندر ہوگا۔

بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ہماری پارٹی مرضی کی عدالتیں اور ججز کو قبول نہیں کرے گی،تحریک انصاف ججز سے متعلق قانون سازی کی مخالفت کرے گی۔بانی پی ٹی آئی کے خلاف مزید کسی کیس کا بنانا ہمیں قبول نہیں، 8فروری کے انتخابات میں ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، بانی پی ٹی آئی عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔

تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی محمد خان نے کہا کہ ہم نے ملک سے محبت کی ہے ، اگر ملک سے محبت کرنا اور حق کی بات کہنا جرم ہے تو ہم یہ جرم بار بار کرتے رہیں گے

علی محمد نے کہا کہ عمران خان جیل میں ہے ، کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ تحریک جو عمران خان نے پاکستان کو بچانے کے لیے بنائی تھی۔

پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ایک ہفتے میں پنجاب جائیں گے ، علی امین گنڈا پور اس کی تاریخ کا اعلان کریں گے ان کا کہنا تھا کہ ‘فارم 45 کے لوگوں نے ہمیں طعنے دئیے کہ پنجاب میں جلسہ کر کے دکھائو، ہم پنجاب میں داخل ہوں گے اور کے پی کے کم از کم 50 ہزار لوگ میرے ساتھ ہونے چاہئیں

حماد اظہر نے کہا کہ ‘پنجابیو !میدان لگنے لگا ہے تیار رہو، خون کے آخری قطرے تک کھڑے رہیں گے ۔‘یہ تمام رکاوٹیں گواہیاں دے رہی ہیں کہ حکمران ہم سب سے خوفزدہ ہیں۔

لاہور: پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ نے نصابی کتب میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا۔

پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اگلے تعلیمی سال سے نویں جماعت کی نصابی کتب اسلامیات، اردو ، انگریزی، فزکس،کیمسٹری، بیالوجی میں تبدیلی کی جائے گی۔

کمپیوٹر سائنس اور ریاضی کی کتب بھی تبدیل ہونگی،تعلیمی سال2025-26کے لیے کتابوں میں تبدیلی کی جائے گی۔

اس سلسلے میں ٹیکسٹ بک بورڈ نے نصابی کتب کی تبدیلی پر کام شروع کردیا ہے ۔

آئندہ تعلیمی سال کے لیے نئی کتابیں چھپیں گی جبکہ دہم کلاس کے طالبعلم بھی آئندہ سال نئے سلیبس کی مطالعہ پاکستان پڑھیں گے ۔

کراچی: آواری ٹاور کے قریب خوفناک ٹریفک حادثے میں نیوز اینکر عبداللہ حسن جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق شاہراہ فیصل آواری ٹاور کے قریب کار فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔

کار حادثے میں جاں بحق شخص کی شناخت عبداللہ حسن کے نام سے ہوئی جو مختلف پرائیویٹ ٹی وی چینلز میں نیوز اینکر کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔

ایس ایس پی سائوتھ ساجد سدوزئی کے مطابق پولیس نے کار کو تحویل میں لے لیا، ابتدائی طور پر پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جس کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

لندن: پاکستان نےبین الاقوامی سطح پر ایک اور تاریخی اعزاز حاصل کرلیا۔

برطانیہ میں ہونے والی شوٹنگ چیمپئن شپ 2024 میں پاکستان نے بڑی کامیابی حاصل کرلی۔ 3 سے 8 ستمبر تک برطانیہ کے لیجنڈری بسلی رینجز میں لانگ رینج شوٹنگ چیمپئن شپ منعقد کی گئی جس میں 18 ممالک کے تقریباً 160 عالمی معیار کے نشانہ بازوں نے حصہ لیا۔

چیمپئن شپ کے دوران پاکستان کی جانب سے 18 نشانے بازوں کے دستے نے نمائندگی کی۔ پاکستانی ٹیم نے 3 گولڈ، 4 سلور اور 4 کانسی کے تمغوں کی شاندار کامیابی حاصل کی۔

گولڈ میڈل جیتنے والوں میں جنید خٹک اور احمد جاوید شامل تھے۔ ایف ٹی آر کیٹیگری میں پاکستانی ٹیم نے انفرادی تمغوں کے متعدد انعام جیتے۔

پاکستان نے چیمپئن شپ کے مجموعی ٹاپ 10 میں 3 پوزیشنز حاصل کرتے ہوئے ٹاپ انفرادی شوٹرز میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائی۔

ایشین چیمپیئنز ہاکی میں پاکستان اور کوریا کے درمیان میچ سنسنی خیزمقابلے کے بعد دو دو گول سے برابر ہوگیا۔

چین کے شہر ہولینبیور میں دوسرے کوارٹر کی شروعات میں کوریا کی جانب سے جنگوان نے گول اسکور کرکے کورین ٹیم کو ایک گول کی سبقت دلائی۔

بعدازاں کھیل کے آخری کوارٹر کے آخری لمحات میں حنان شاہد نے لگاتار دو فیلڈ گول اسکور کرکے پاکستان کو سبقت دلائی۔ کوریا کے سونگیان نے آخری وقت میں گول کرکے میچ دو دو گول سے برابر کر دیا۔

پاکستان اور کوریا کا میچ سنسنی خیز انداز میں برابری پر ختم ہوا، آخری لمحات کے دوران تین منٹ میں تین گول کیے گئے۔ شاندار پرفارمنس پر حنان شاہد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کا ملائیشیا کے خلاف میچ بھی برابری پر ختم ہوا تھا، پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا میچ 11 ستمبر کو جاپان کے خلاف کھیلے گی۔

لاہور: سرکاری اسکولوں میں انگلش سپوکن کلاسز شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔

کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز سرکاری اسکولوں کے متواتر وزٹ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق متعلقہ اضلاع کے اسسٹنٹ کمشنرز اسکولوں میں اسپوکن انگلش کلاسز کے ٹائم ٹیبل کاجائرہ لیں گے ،اسسٹنٹ کمشنر اسپوکن انگلش کلاسز میں بچوں سے بات چیت بھی کریں گے ۔

اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سپوکن انگلش کلاسز کے حوالے سے ورکنگ مکمل کرلی،پہلے مرحلے میں ہائی اسکولوں میں سپوکن انگلش کلاسز کا اجرا کیا جائے گا۔سکولوں میں سپوکن انگلش کلاسز کا آغاز آئندہ ماہ اکتوبر سے کیے جانے کا امکان ہے۔

لاہور: گورنر پنجاب و چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سردار سلیم حیدر خان کی زیر صدارت کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا 16 واں سینیٹ اجلاس منعقد ہوا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بطور پرو چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔

وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے اپنے استقبالیہ خطاب میں ادارہ کی 164 سالہ شاندار تاریخی طبی خدمات اور جاری و تکمیل شدہ منصوبہ جات پر روشنی ڈالی۔

رجسٹرار پروفیسر محمد عمران نےسیکرٹری سینیٹ کے فرائض سر انجام دیئے ۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اجلاس کے دوران 23۔24 اور 24۔25 کے مجوزہ اور ثانوی بجٹ کی منظوری دی اورپروفیسر ابرار اشرف نے یونیورسٹی کی ترقیاتی سکیموں اور بجٹ بارے تفصیلات سے سینیٹ اجلاس کو آگاہ کیا۔

Page 61 of 2428