Saturday, 30 November 2024

لاہور: بابراعظم قومی کرکٹ ٹیم کے کپتانی برقرار رکھنے کافیصلہ کل متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی بی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف سے کل ملاقات متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات سے قبل بابر اعظم کی مستقبل سے متعلق قریبی لوگوں سے مشاورت جاری ہے ، بابر اپنے مستقبل سے متعلق بڑا اعلان کرنے کے لیے مشاورت کر رہے ہیں۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ پی سی بی عہدیداران نے بابر اعظم کو ریڈ بال کا کپتان برقرار رکھنے سے متعلق مشاورت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق عہدیداروں کا خیال ہے کہ بابر اعظم کو ریڈ بال کا کپتان برقرار رہنا چاہیے ،کپتان کی تبدیلی کا فیصلہ کرنا ہے تو پہلے وائٹ بال سے متعلق فیصلہ ہو۔

کھٹمنڈو: نیپال کی حکومت نے چین کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر فوری طور پر پابندی عائد کردی ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان نسل میں غلط رجحان پیدا کرنے اور ان پر منفی طور پر اثرانداز ہونے کی وجہ سے نیپال کی حکومت نے ٹک ٹاک پر پابندی اور اسی طرح کے دوسرے پلیٹ فارمز پر قانون سازی کا فیصلہ کیا ہے۔

نیپال کے وزیر برائے مواصلات اور حکومتی ترجمان ریکھا شرما نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں ٹِک ٹاک پر فوری طور پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکومتی ترجمان نے بتایا کہ ایکس اور فیس بک سمیت دیگر پلیٹ فارمز سے متعلق فیصلے زیر التوا ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کے لیے حکومتی ہدایات میں جعلی شناخت کے استعمال اور ہتک آمیز سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر پابندی ہے۔ پلیٹ فارمز کو یہ بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ صارف کی اصل شناخت ظاہر کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں تحقیقات میں تعاون کریں۔

پنجاب : حکومتِ پنجاب نے ہونہار و مستحق طلبا کے لئے وضائف کااعلان کردیا۔

میٹرک اور انٹرمیڈیٹ 2023کاامتحان 60 فیصد نمبر کے ساتھ پاس کرنے والے امیدواروں کے لئے حکومت پنجاب نے اسکالر شپ دینے کااعلان کیا ہے۔امیدوارپنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ میں آن لائن د رخواستیں جمع کرواسکیں گے۔

اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھانے کے لئےیتیم اور 60ہزار سے کم تنخواہ والے گریڈ 1سے4تک کے سرکاری ملازمین کے بچے بھی اہل ہونگے جبکہ اقلیتی مذاہب سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات اپلائی کرسکیں گے۔ محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کے تحت ہونہاراقلیتی طلبا کو اسکالر شپس دیئے جائیں گے۔

دہشتگردی میں شہید ہونے والے سویلین کے بچے بھی اس اسکالرشپ کے لئے اہل ہونگے۔

کراچی میں آج تیز دھوپ اور موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ہے اور شمال مشرق سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 3کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔

کراچی: یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کےایگزامینز کےلئے تعارفی سیمینار کاانعقاد ہوا

سیمینار کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کی

صدارت سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھورنے کہا میڈیکل کےامتحانات میں بچوں کے 95 فیصد سے زیادہ نمبر آنا سمجھ سے باہر ہےایم سی کیوز پرچوں میں طلبہ 100 فیصد نمبر لے رہے ہیں۔ ایسے نتائج پر بین الاقوامی ادارے پاکستان کے میڈیکل ایجوکیشن کے معیار پر سوال اٹھارہے ہیں۔

ایسے سنگین صورتحال میں میڈیکل کے امتحانی نظام میں اصلاحات کی فوری ضرورت ہے۔ امتحانی اصلاحات کےلئے ماہرین پر مشتمل کمیٹی فارکنڈکٹ آف ایگزامینشنز تشکیل دی گئی۔

لاہور: پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کئی سالوں سے نئے اسکول قائم نہ کرسکا۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔نئے اسکولز قائم نہ ہونے کے باعث اسکولوں سے باہرکی تعداد 70 لاکھ سے تجاوز کرگئی مگر دوسری طرف نئے اسکولز بھی قائم نہ کرسکا۔فنڈز کی کمی کی وجہ سے اسکول قائم نہ ہوسکے ، پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن ان علاقوں میںاسکول قائم کرتاہے جہاں سرکاری اسکول نہیں ہوتے ۔چار سال قبل پیف پنجاب بھر میں نئے اسکول فارم وصول کرنے کی درخواست طلب کرتاتھا ۔

واضح رہےاِس وقت پنجاب میں پیف کے سات ہزار سے زائد اسکول قائم ہیں ، ترجمان کا کہناہے کہ منسوخ اسکولوں کی جگہ نئےاسکول قائم کررہے ہیں جبکہ چولستان اور تھل میں بھی چند اسکول قا ئم کرنے جارہے ہیں۔

پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل کا کہنا ہے کہ کپتان بابر اعظم اور ان کی ٹیم کو پاکستانی شائقین کی جانب سے بے حد سپورٹ ملتی ہے۔

کراچی میں ایک تقریب میں پاکستان کے لیجنڈ سابق کرکٹرز نے شرکت کی جن میں شاہد آفریدی،مصباح الحق،کامران اکمل، عمر گل، سعید اجمل، راشد لطیف اور شعیب ملک شامل تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا بابر اعظم اور ان کی ٹیم کو تین سال جتنا سپورٹ آپ لوگوں کی طرف سے پاکستان کی عوام کی طرف سے انہیں ملا اگر یہ ہی سپورٹ یونس بھائی، شاہد بھائی اور مصباح کو ملا ہوتا تو یہ بھی کوئی ورلڈکپ یا بڑا ایونٹ اپنے نام کرتے

کامران اکمل نے کہا پاکستان ٹیم جیتنے کے ارادے سے کھیلی ہی نہیں جس کی وجہ سے اس ورلڈکپ میں نقصان اٹھانا پڑا، آپ ٹی ٹوئنٹی کی سلیکشن ختم کریں، ٹیم کا انتخاب ون ڈے کے طور پر کریں گے تو ہمیں ایسے بڑے ایونٹ میں مار نہیں کھانی پڑے گی'۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بابر کو کپتانی کے چار سال ملے ہیں، میں بھائی کے طور پر بات کررہا ہوں ، سب جانتے ہیں میرا اس سے کیا رشتہ ہے، اگر سب چاہتے ہیں کہ بابر 24،25 ہزار رنز کرے تو اسے دباؤ ہٹانے کے لیے کپتانی ایک طرف کرنی پڑے گی ، جب ایسا ہوگا تو وہ بطور کھلاڑی اور اچھا پرفارم کرے گا۔

سابق وکٹ کیپر بیٹر نے مسکراتے ہوئے آل راؤنڈر افتخار احمد کو کپتانی کے لیے بہترین آپشن قرار دیا۔

کراچی: نگراں وزیر تعلیم سندھ رعنا حسین کی زیر صدارت اسٹیرنگ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا

اجلاس میں سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندھ اور دیگر میمبران نےشرکت کی۔

جلاس میں تعلیمی سال کی شروعات، امتحانات کا شیڈول، چھٹیوں اور دیگر اہم فیصلوں پربحث ہوئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ بھر کے اسکولز میں نیا تعلیمی سال 15 اپریل سے شروع ہوگا جبکہ سندھ بھر کے کالجز میں نیا تعلیمی سال یکم اگست سے شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اجلاس میںمشاورت کے بعدفیصلہ کیا گیاہے کہ صوبے بھر میں موسم سرما اور گرما کی تعطیلات پرانے شیڈول کے مطابق ہونگے ۔جبکہ بورڈز کے سالانہ امتحانات کے حوالے سےبتایا گیا ہے کہ میٹرک کےامتحانات مئی کے پہلے ہفتے اور انٹر امتحانات مئی کے آخری ہفتے سے شروع ہونگے۔

میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج 31جولائی اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ نتائج اگست کے دوسرے ہفتے تک جاری کیے جائیں گے۔

کراچی:  ثانوی تعلیمی بورڈکراچی نے15نومبر سے ضمنی امتحانات 2023کیلئے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔

چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر قائم مقام ناظم امتحانات خالد احسان نے بتایا کہ میٹرک سائنس اور جنرل گروپ ریگولر وپرائیویٹ سالانہ امتحانات 2023 کے پرچوں میں فیل ہو جانے والے طلباء و طالبات ضمنی امتحانات کیلئے فارم بغیر لیٹ فیس کے 15نومبرسے30 نومبر 2023ء تک جمع کرا سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق تمام ریگولر طلباء و طالبات اپنے امتحانی فارم اپنے تعلیمی ادارے کے توسط سے جمع کرائیں گے،تاہم پرائیویٹ طلباء وطالبات اپنے فارم متعلقہ بینکوں میں ذاتی طور پر جمع کرا سکتے ہیں۔ اس کے بعد شیڈول کے مطابق لیٹ فیس کے ساتھ امتحانی فارم یکم دسمبر سے8دسمبر تک200روپے،11دسمبر سے15دسمبر تک 800روپے اورامتحانی فارم کی تاریخ ختم ہونے کے بعد 2500روپے لیٹ فیس کے ساتھ جمع کرا سکتے ہیں۔

ورلڈ کپ میں پاکستان کی بدترین کارکردگی کے بعد جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے قومی ٹیم کے بولنگ کوچ مورنی مورکل نے پی سی بی سے راہیں جدا کر لیں۔

 ورلڈ کپ میں پاکستان کا سفر ناکامی کے ساتھ ختم ہوتے ہی قومی ٹیم کے بولنگ کوچ مورنی مورکل نے پی سی بی کے ساتھ اپنا سفر ختم کر دیا۔

مورنی مورکل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کواپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے اور وہ قومی ٹیم کی ذمے داریوں سے علیحدہ ہو کر اپنے ملک جنوبی افریقہ ٹی ٹوئنٹی لیگ میں مصروف ہو گئے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر مورنی مورکل کا پی سی بی کے ساتھ رواں سال جون میں 6 ماہ کا کوچنگ معاہدہ ہوا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ کے لیے سابق پاکستانی پیسر عمر گل مضبوط امیدوار ہیں۔

واضح رہے کہ مورنی مورکل کی کوچنگ کے دوران پاکستانی بولرز کی کارکردگی عروج سے زوال کی جانب گامزن ہوئی اور گزشتہ دو ماہ کے دوران ایشیا کپ کے بعد کرکٹ کے سب سے بڑے عالمی میلے ورلڈ کپ میں بھی پاکستانی بولنگ اٹیک کا پول کھل گیا۔

Page 74 of 3032