قومی کرکٹر شاہین آفریدی نے اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی تیز ترین 100 وکٹیں لینے والے بولروں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔
پاکستانی بولر نے 51 میچز میں 100 ون ڈے وکٹیں مکمل کیں، انہوں نے یہ اعزاز ورلڈکپ میں بنگلادیش کے خلاف میچ میں حاصل کیا جس میں انہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں بنگلادیشی اوپنر تنزید حسن کو صفر پر آؤٹ کردیا۔
اس سے قبل مچل اسٹارک نے 52 میچز میں 100 وکٹیں مکمل کی تھیں جبکہ ثقلین مشتاق نے یہ سنگ میل 53 ون ڈے میچز میں عبور کیا تھا، نیپال کے سندیپ لمیچانے نے 42 اور افغانستان کے راشد نے 44 میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا، مجموعی طور پر شاہین تیز ترین 100 وکٹیں لینے والے تیسرے بولر ہیں۔
آئی سی سی ورلڈکپ میں بنگلادیش اور پاکستان کے درمیان اہم معرکہ آج کھیلا جائے گا۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں قومی ٹیم آج بنگال ٹائیگرز کے خلاف دوپہر 1:30 بجے میدان میں اُترے گی، پاکستانی ٹیم کو ایونٹ سیمی فائنل کھیلنے کی امیدوں کو برقرار رکھنے کیلئے میچ میں لازمی فتح درکار ہے۔
دوسری جانب بنگال ٹائیگرز بھی ایونٹ کو بڑی فتح حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
ون ڈے ورلڈکپ مقابلوں میں پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں محض 2 بار آمنے سامنے آئی ہیں، جہاں دونوں ٹیموں نے ایک ایک فتوحات درج کررکھی ہیں۔
سال 1999 میں بنگلادیش نے آخری بار پاکستان ورلڈکپ مقابلوں میں شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ پاکستان نے 2019 میں بنگال ٹائیگرز کو شکست کا مزہ چکھایا تھا۔
واضح رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 6 میچز میں 2 جیت کے ساتھ 4 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں جبکہ بنگلادیش 6 میچز میں ایک جیت کے ہمراہ 2 پوائنٹس 9ویں پوزیشن پر قابض ہے۔
کراچی۔ پاکستان نیشنل ایکریڈیٹشن کونسل (پی این اے سی)، اسلام آباد، وفاقی وزارت برائے سائینس اور ٹیکنالوجی نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)،جامعہ کراچی کے تحت چلنے والی جدید سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری(ایس ایف ڈی ایل)کو ’سرٹیفیکشن آف ایکریڈیٹشن‘دیاہے،پی این اے سی سے اسISOسرٹیفیکشن کے بعدایس ایف ڈی ایل جامعہ کراچی یہ اعزاز حاصل کرنے والی سندھ کی پہلی لیبارٹری بن گئی ہے۔
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق معیار کی یہ منظوری ایس ایف ڈی ایل جامعہ کراچی کی ایس او پیز، اسٹاف کی اہلیت، لیبارٹری کے نتائج کے بین الاقوامی لیبارٹری کے نتائج سے موازنے اور آلات کی سہولیات کے مکمل جائزے کے بعد دی گئی ہےترجمان کے مطابق فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی کے شعبے کے معروف برطانوی ماہر ڈاکٹر ولیم گوڈون نے بھی سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری (ایس ایف ڈی ایل)، جامعہ کراچی کا کئی بار دورہ کیا ہے۔اس دوران ڈاکٹر ولیم گوڈون نے ایس ایف ڈی ایل، جامعہ کراچی میں تجزیہ کاروں کی لیبارٹری سرگرمیوں کا مشاہدہ کرتے ہوئے لیبارٹری کی معیاری سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ لیبارٹری میں موجود جدید تحقیقی آلات اور کام کرنے کی صلاحیت کی تعریف بھی کی تھی۔
آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے ایس ایف ڈی ایل کے انچارج اور پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اشتیاق احمدخان اور ان کی ٹیم کواس کامیابی پر مبارکباد اوران کی قابلیت و محنت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایکریڈیٹشن ایک اہم سنگِ میل ہے جو ایس ایف ڈی ایل، جامعہ کراچی نے معیار کی بلندی کے اعتراف میں حاصل کیا ہے۔
دوسری جانب شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی اور پروفیسرامریطس ڈاکٹر عطا الرحمن اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل اور ادویاتی اور بائیو آرگینک نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری پر قائم یونیسکو چیئر کے نگراں (چیئر ہولڈر) پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے بھی ایس ایف ڈی ایل کی ٹیم کو اُن کی اس کامیابی اور کارکردگی پر مبارکباد دی ہے۔
کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سالانہ امتحانات سال 2023ء ایس ایس سی پارٹ ٹو (جماعت دہم) سائنس و جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کی مارکس شیٹس جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ سید شرف علی شاہ کی ہدایت کے مطابق قائم مقام ناظم امتحانات خالد احسان نے تمام الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے سربراہان سے کہا ہے کہ وہ10نومبر سے دیئے گئے شیڈول کے مطابق مارکس شیٹس حاصل کر سکتے ہیں
کراچی : ٹک ٹاک نے 18 سالہ میٹرک کے طالبعلم کی جان لےلی۔
علاقہ مکینوں کے مطابق کراچی کے علاقے ماڑی پورمیں مقتول سینے پر پستول رکھ کر ٹک ٹاک بناتے ہوئے گولی چلنے سے جاں بحق ہوا
مقتول کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی۔پولیس حکام کے مطابق پستول کی گولی 18 سالہ عدیل کے سینے میں لگی جس نے اس کی جان لے لی۔
پولیس کو نوجوان عدیل کے ایک دوست نے بتایا کہ وہ میٹرک کا طالب علم تھا اور انٹرنیٹ کا کام کرتا تھا‘پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی جبکہ واقعے کی تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔
پونے : آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں افغانستان کیخلاف سری لنکا کی چوتھی وکٹ 139رنز پر گرگئی ہے ۔
بھارتی شہر پونے میں کھیلے جارہے ورلڈکپ کے 30 ویں میچ میں افغانستان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر سری لنکن کپتان کوشل مینڈیس کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹرز ، پتھم نسانکا اور دیموتھ کرونارتنے نے کیا لیکن یہ اوپننگ جوڑی افغانستان کے بولرز کے سامنے اپنی ٹیم کو زیادہ اچھا آغاز فراہم نہ کرسکی۔
پانچویں اوور میں دیموتھ کرونارتنے فضل حق فاروقی کی گیند پر 15 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے اس کے بعد پتھم نسانکا 60 گیندوں پر 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔
اس کے بعد سری لنکا کی تیسری وکٹ مجیب الرحمان کے حصے میں آئی جب انھوں نے 39 رنز پر کپتان کوشل مینڈیس کو واپسی کی راہ دکھائی اس کے بعد مجیب نے ہی سدیرا سماراوکرما کو صرف 4 رنز پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔
سری لنکا 32 اوور اور ایک گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان کے ساتھ 154 رنز بناچکی ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا کا پانچواں اور افغانستان کا ساتوان نمبر ہے،
اسلام آباد: میڈیکل اور ڈینٹل کالجزاور جامعات میں داخلےکےلئےایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کی تاریخ کااعلان کردیا گیا۔
محکمہ موسمیات سندھ کے مطابق میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں اور جامعات میں داخلے کےلئے ایم ڈی کیٹ 19نومبر کو ہوگا۔
محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیرِ اہتمام ٹیسٹ ایکسپو سینٹر میں ہوگا جس کا دورانیہ صبح ساڑھے 10بجے سے دوپہر 2 بجےتک ہوگا۔
کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئندہ برس اپنے تمام ایئر پوڈز کی تجدید کرنے کا ارادہ کیا ہے۔
بلومبرگ میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ کمپنی ایئر پوڈز ایئرفونز کے اسٹینڈرڈ ورژن کو دو نئے آپشن سے بدلنے والی ہے جبکہ عرصے سے نظر انداز ایئر پوڈز میکس ہیڈفونز میں بالآخر اپ ڈیٹ متعارف کرائی جائے گی۔
فی الحال ایپل کمپنی اپنے مہنگے داموں بکنے والے ایئر پوڈز پرو اور بڑے ایئر پوڈز میکس کے ساتھ بنیادی ایئرپوڈز میں دو ورژن فروخت کے لیے پیش کرتی ہے۔سستے ایئر پوڈز سیکنڈ جنریشن کے کہلاتے ہیں اور ان میں زیادہ تر فیچرز شامل ہوتے ہیں لیکن تیسری جنریشن کے ایئرپوڈز مہنگے داموں فروخت کیے جاتے ہیں اور ان میں پانی سے مزاحمت کے ساتھ دیگر فیچر شامل ہوتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ نئے تیسری جنریشن کے ایئر پوڈز ایپل کی توقع سے کم فروخت ہو رہے ہیں۔ ایپل کے نزدیک اس کی وجہ لوگوں کی جانب سے سستے اور پُرانے دوسری جنریشن ورژن کے ایئرپوڈز کا خریدا جانا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متعدد آپشنز پیش کرنے کے بجائے ایپل کمپنی تمام موجودہ ایئرپوڈز کو فروخت سے ہٹاتے ہوئے دو نئے ایئرپوڈز سے بدل دے گی جن کی فروخت اس ہی وقت سے شروع ہوجائے گی۔
پیش کیے جانے والے مہنگے ایئر پوڈز میں شور ختم کرنے اور کیس کے اندر اسپیکر (جس سے ڈھونڈنے میں آسانی ہوتی ہے) جیسے ایئر پوڈز پرو والے کچھ فیچرز موجود ہوں گے۔
کراچی: ذکا اشرف نے ورلڈکپ میں پلیئرزکی مایوس کن پرفارمنس کی وجہ لیگز کو قرار دے دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف گزشتہ چیئرمین نے کھلاڑیوں کو لیگز کھیلنے کے لیے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ دیے تھے جس کی قیمت ایشیاکپ اور ورلڈکپ میں چکا رہے ہیں۔
ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ کا وقت آیا تو پلیئرز کوفٹنس مسائل ہوگئے، کھلاڑی انجریز کا شکار ہیں، نسیم شاہ اسکواڈ میں شامل نہیں۔
ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ 4سے 5 کھلاڑی فنٹنس مسائل کا شکار بنے جبکہ کچھ کی پرفارمنس اچھی نہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ میں بھارت نہیں جارہا تھالیکن سب نے کہا کہ ٹیم کو بیک اپ کرنے کیلیے آپ کو جانا چاہیے۔
پاکستان کے ساتھ انگلینڈ کی بھی پرفارمنس اچھی نہیں، مجھے بھی دکھ ہے 4 میچز نہیں ہارنے چاہیے تھے۔تاہم ہمیں قومی ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہیے۔
کراچی: جامعہ این ای ڈی کے تحت 32واں سالانہ جلسہ تقسیمِ اسناد2023منعقد کیا گیا۔
تقریب میں 17 پی ایچ ڈی اسکالرز فہمیدہ بانو، حراقریشی، ثنا عالم، محمد صمد خان، سیدتوقیر احمد ہاشمی، فاطمہ خالد، سید عاصم علی ترمذی، شہروز طاہر، سید عون علی رضوی، سید محمد اسد اختر نقوی، ذیشان عظمت، علی ذوالقرنین، نعمان پیرزادہ، ساجد حسین، دانش الرحمان خان، وکیل شاہ اور ساجدہ شیخ کو ڈاکٹریٹ آف فلاسفی کی ڈگریاں تفویض کی گئیں۔
استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ میں یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہوں۔۔شیخ الجامعہ کا کہنا تھا کہ2227 بیچلرزاور 993 ماسٹرزکے طالب علموں سمیت 30 گولڈ میڈلسٹ این ای ڈی سے کامیاب ہوکر عملی میدان میں قدم رکھنے جارہے ہیں، روحانی والد کی حیثیت سے میں سب کی کامرانی کا خواہاں ہوں۔
تقریب میںچانسلرجامعات/ گورنر سندھ کامران ٹیسوری، نگران وزیر اعلی سندھ جسٹس(ر)مقبول باقر، قونصل جزل ڈاکٹر جوم کنکورے ،شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل اور رجسٹرار سید غضنفر حسین نے جامعہ این ای ڈی کے تحت بتیسویں سالانہ جلسہ تقسیمِ سے خطاب کیا۔
ترجمان جامعہ این ای ڈی فرواحسن کے مطابق گورنرسندھ/ چانسلر جامعات کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ این ای ڈی، انجینئرنگ کی دنیا کا مانا ہوانام ہے۔ جامعہ این ای ڈی اورا س کا تھر کیمپس بہترین کام کررہے ہیں۔ آج تھر انسٹی ٹیوٹ کا پہلا کمپیوٹرسائنس کا بیج ڈگری حاصل کررہا ہے جس سے تھر میں تعلیم و ٹیکنالوجی کا فروغ ممکن ہوگا۔
اعزازی مہمان کی حیثیت سے نگران وزیر اعلی سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر کا کہنا تھا کہ طالب علم کی کامیابی، ادارے،اُستاداور والدین کی کامیابی ہے۔ انسان تمام زندگی اپنی جامعہ سے وابستہ رہتا ہے۔ این ای ڈی یونی ورسٹی 100 برس سے پیشہ وارانہ تعلیم دے رہی ہے توآپ پر فرض ہے کہ آپ المنائی کی حیثیت سے اپنی جامعہ کی بہتری کے لیے کردار ادا کریں۔
اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے قونصل جزل انڈونیشیا ڈاکٹر جون کنکورےکا کہناتھا کہ یومِ تقسیمِ اسناد دراصل والدین اور اساتذہ کی محنت کے نتیجے کا دن ہے۔جب کہ انہوں نے بھی جامعہ کی قیادت کو سراہا جن کی بدولت آج کا بڑادن طالب علم کی زندگی میں آیا۔