Saturday, 30 November 2024

دوحا:  فٹبال ورلڈکپ 2022 کا فائنل آج دفاعی چیمپئن فرانس اور ارجنٹینا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اسٹار فٹبالر لیونل میسی کے پاس ارجنٹینا کو ورلڈکپ جتوانے کا آخری موقع ہے تو فرانس کے امباپے بھی دوسری بار ٹرافی اٹھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

ایک کلب سے کھیلنے والے دونوں پلیئرز میں سے کون کامیاب ہوگا؟ فیصلہ آج قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں ہوگا۔

سات مرتبہ کے بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنے والے لیونل میسی صرف ایک بڑا ٹائٹل ہی ارجنٹینا کو جتوانے میں کامیاب ہوئے، میسی کے پاس ارجنٹینا کو ورلڈکپ جتوا کر کیریئر کا اختتام یادگار بنانے کا آخری موقع ہے۔

دوسری جانب ایمباپے ہیں جو 2018 ورلڈکپ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھا چکے ہیں، مباپے ورلڈکپ ٹرافی کا کامیابی کے ساتھ دفاع کر کے برازیلین لیجنڈ پیلے کے نقش قدم پر ہیں۔

ایمباپے نے کلب کی سطح پر تو بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں، اگر ورلڈکپ کی دو ٹرافیاں ان کے کھاتے میں آجائیں تو یہ دنیا کے بہترین کھلاڑی ہونے کے ساتھ یقیناً یہ منفرد اعزاز بھی اپنے نام کرسکتے ہیں۔

فیفا ورلڈ کپ کا فائنل پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 8 بجے شروع ہوگا۔

 کراچی:  کراچی ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف5 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنالیے۔

بین ڈکٹ 26، اولی پوپ 51، جو روٹ اور ریک کرولی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

پہلا روز
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان کے 304 رنز کے جواب میں انگلش ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ صفر پر گرگئی، انگلش کھلاڑی زیک کرولی بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے تھے۔
اس سے قبل قومی ٹیم کی جانب سے عبداللہ شفیق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا۔ 18 رنز کے مجموعی اسکور پر عبداللہ شفیق 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ سلمان آغا 56، شان مسعود 30، اظہر علی 45، سعود شکیل 23، محمد رضوان 19، فہیم اشرف 4، نعمان علی 20، ابرار احمد 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کپتان بابراعظم نے 9 چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی تاہم وہ رن آؤٹ ہوگئے۔

انگلینڈ کی جانب سے بالر جیک لیچ نے 4 وکٹیں حاصل کیں، ڈیبیو کرنے والے ریحان احمد نے 2 جبکہ اولی روبنسن، مارک ووڈ، اور جو روٹ ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

پاکستان کا اسکواڈ
کپتان بابراعظم، اظہر علی، شان مسعود، سعود شکیل، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، آغا سلمان ،فہیم اشرفم، نعمان علی، محمد وسیم جونیئر اور ابرار احمد شامل ہیں۔

انگلینڈ کا اسکواڈ
کپتان بین اسٹوکس، ہیری بروک، بین ڈکٹ، اولی پوپ، زیک کرولی، جو روٹ، بین فوکس، ریحان احمد، اولی روبنسن، جیک لیچ اور مارک ووڈ شامل ہیں۔

کراچی: جامعہ این ای ڈی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس اینڈانفارمیشن ٹیکنالوجی اورسافٹ ویئرانجینئرنگ کے زیرِ اہتمام تیسری دو روزہ عالمی کانفرنس منعقد کی گئی۔

جس کے مہمان خصوصی سیکریٹری انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی حکومت سندھ آصف اکرام تھے.

استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ معاشرہ مائیکرو چِپ میں قید ہوتا جارہا ہے. ایک دوسرے سے بات کیے بغیر کمیونیکیشن ہورہی ہے. آج کا دور سوشل میڈیا کا دور ہے ہر بری خبر، خبر ہے لیکن ہم اپنے طالب علموں کو کمپیوٹر سے متعلقہ شعبوں میں ایک کلک پر دنیا تسخیر کرنا سِکھا رہے ہیں. سیکریٹری انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی حکومت سندھ آصف اکرام کا کہنا تھا کہ تحقیقی مقالوں سے سوالوں کے جواب ملتے ہیں. میں سمجھتا ہوں کہ پالیسی بنانے اور اس کا اطلاق کروانے والوں کو لازمی کانفرنس میں شریک ہونا چاہیے تاکہ زمینی حقائق سے واقفیت رہے.

اس موقعے پر چیئرمین انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرونک انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر شنکر بھوانی چوہدری، چئیرپرسن شعبہ سافٹ ویئر انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر شہنیلہ زرداری، چئیرمین کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر مبشر خان کا کہنا تھا کہ سیر حاصل بحث و تمحیص سے پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جاسکے گا. دوسرے روز کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین ایچ ای سی سندھ ڈاکٹر طارق رفیع کا کہنا تھاکہ کانفرنس کا انعقاد اکیڈمیا، تحقیق کار، حکومت اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے.

جامعہ ترجمان فروا حسن کے مطابق اس عالمی کانفرنس میں 5 بین الاقوامی کی نوٹ اسپیکر سمیت 32 بین قومی ماہرین نے پیپرز پڑھے، کانفرنس میں 7 ٹیکنیکل سیشن ہوئے.

اس دو روزہ عالمی کانفرنس کے سیکریٹری ڈاکٹر شارق محمود خان نے ٹیم سمیت مہمانوں کا شکریہ ادا کیا. پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل، ڈین فیکلٹی انفارمیشن سائنسز اینڈ ہیومنٹس پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد، ڈین فیکلٹی آف کیمیکل اینڈ پروسیسنگ انجینئرنگ ڈاکٹر آصف احمد شیخ، ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹر انجیئنرنگ پروفیسر ڈاکٹر سعد قاضی، رجسٹرار سید غضنفر حسین, ڈائریکٹر سروسز وصی الدین، ڈائریکٹر آئی ٹی اسد عارفین اور ڈپٹی رجسٹرار خالد مخدوم ہاشمی سمیت بڑی تعداد میں اساتذہ اورطالب علم کانفرنس میں شریک ریے.

پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔

بابر اعظم ایک سال میں سب سے زیادہ انٹرنیشنل 50 سے زائد رنز کرنے والے پاکستانی بن گئے، کراچی ٹیسٹ میں نصف سنچری بابر کی اس سال میں 23 ویں انٹرنیشنل ففٹی ہے۔

اس سے قبل مصباح الحق نے2013 میں 22 انٹرنیشنل ففٹیاں اسکور کی تھیں، بابر کی 23 ففٹی پلس میں سات سنچریاں اور سولہ نصف سنچریاں شامل ہیں۔

بابر اعظم نے اس سال ٹیسٹ میں9، ون ڈے میں8 اور ٹی ٹوئنٹی میں 10 ففٹی پلس رنز اسکور کیے۔

سری لنکا کے کھلاڑی کمار سنگاکارا نے 2014 میں25 جب کہ رکی پونٹنگ نے 2005 میں 24 ففٹی پلس اسکور کیے تھے، بھارت کے سارو گنگولی اور انگلینڈ کے جو روٹ بھی ایک کیلنڈر سال میں 23، 23 ففٹی پلس کرچکے ہیں۔

کراچی ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے لیے ڈیبیو کرنے والے ریحان احمد انگلش ٹیم کے کم عمر ترین ٹیسٹ کرکٹر بن گئے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے تیسرے میچ سے قبل انگلش ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین نے لیگ بریک گگلی کرنے والے ریحان احمد کو ٹیسٹ کیپ دی، یہ منظر دیکھنے کے لیے ریحان کے والد نعیم احمد بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔

ٹیسٹ کیپ پانے کے بعد وہ انگلینڈ کے کم عمر ترین کرکٹر بن گئے ہیں، 13 اگست 2004 کو ناٹنگھم میں پیدا ہونے والے آل راونڈر ریحان احمد نے یہ اعزاز 18 برس 126 دن کی عمر میں حاصل کیا۔

قبل ازیں یہ اعزاز برائن کلوز کے پاس تھا، برائن نے 18 سال 149 دن کی عمر میں کیپ حاصل کی تھی۔

واضح رہے کہ انڈر-19 ورلڈکپ میں 12 وکٹیں پانے والے ریحان احمد بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں انگلش اسکواڈ کا حصہ رہے ہیں۔

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے کامرس سال دوم ریگولر کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے ۔

مجموعی طور پر 60.30 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے ہیں ۔ پہلی تینوں پوزیشنیں کامرس کالج نے اپنے نام کر لی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق امسال انٹر بورڈ میں کامرس سال دوم ریگولر کیلئے 44 ہزار 114 طلباء نے رجسٹریشن کرائی تھی ۔ جس کے بعد 43 ہزار 366 طلباء نے امتحان میں حصہ لیا تھا جب کہ 748 طلباء غیر حاضر رہے ۔ ان میں سے 26 ہزار 151 طلباء کامیاب ہو گئے ہیں ۔ کامیابی کا مجموعی تناسب 60.30 فیصد رہا ہے ۔

انٹر کامرس کال دوم کے 976 طلباء اے ون گریڈ میں ‛ 2648 طلباء A گریڈ میں ‛ 4 ہزار 904 طلباء B گریڈ میں ‛ 7 ہزار 903 طلباء C گریڈ میں 8 ہزار 8661 طلباء D گریڈ میں کامیاب ہوئے ہیں اور 1059 طلباء E گریڈ میں کامیاب ہوئے ہیں ۔

کراچی: اگلے 24 گھنٹوں کے دوران شہرکا درجہ حرارت مزید گرسکتا ہےاور کم سے کم پارہ 10 ڈگری تک گرنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 11.2 ڈگری ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت دھند کی وجہ سے حد نگاہ ڈھائی کلو میٹر رہ گئی تھی۔

آئندہ تین روز کے دوران موسم دن کے وقت خشک اور رات میں سرد رہنے کی توقع ہے جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی موسم خشک اور بالائی سندھ کے اضلاع میں دھند چھا سکتی ہے۔

بلوچستان کی شمالی مشرقی سمت سے 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، آئندہ 3 روز کے دوران دن کے وقت شمال مشرقی اور رات میں جنوب مغربی (سمندری) ہوائیں چل سکتی ہیں۔

کیوی کرکٹر کین ولیمسن نے نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سےدستبردارہونے کا اعلان کردیا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق کین ولیمسن نے نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے تاہم دیگر فارمیٹس میں ٹیم کی کپتانی فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔

کیوی کرکٹر کین ولیمسن ٹیسٹ میچز میں بطور بیٹر شرکت کریں گے، انہوں نے 40 میچز میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے 22 میں کامیابی سمیٹی جبکہ 10 میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

کین ولیمسن کی قیادت میں نیوزی لیںڈ نے پہلی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ جیتنے والا ملک بنا، انہوں نے فائنل میں بھارت کو شکست دی تھی۔

ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہونے کے بعد ولیمسن نے کہا کہ ورک لوڈ کے باعث وہ کپتانی سے دستبردار ہوئے، البتہ وائٹ بال میں قیادت جاری رکھوں گا۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ نے دورہ پاکستان کیلئے ٹِم ساؤتھی نیوزی لینڈ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ ٹوم لیتھم کو کیوی ٹیسٹ ٹیم کا نائب کپتان مقرر کردیا گیا ہے۔

 

کراچی: دورہ پاکستان کیلئے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان ہوگیا۔

اسکواڈ کی قیادت ٹِم ساؤتھی کریں گے۔دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے کراچی میں شروع ہوگا
دوسرا میچ 3 جنوری سے ملتان میں کھیلا جائے گا۔

اسکواڈ میںٹم ساؤتھی (کپتان)، مائیکل بریسویل، ٹام بلنڈل، ڈیون کونوے، میٹ ہنری، ٹام لیتھم، ڈیرل مچل،
ہنری نکولس، اعجاز پٹیل، گلین فلپس ایش سوڈھی، بلیئر ٹکنر، نیل ویگنر، کین ولیمسن اورول ینگ
شامل کیا گیاہے۔

واضح رہے کین ولیمسن نے ٹیسٹ کی قیادت سے دستبرداری کااعلان کردیا ہے جسکےبعد ٹیم کی قیادت کی زمہ داری ٹم ساؤتھی کے سپرد کی گئی ہے۔

کیوی پیسر ٹرینٹ بولٹ اور کائل جیمیسن (کمر کی انجری) کے باعث اسکواڈ کا نہیں ہیں، البتہ تجربہ کار اسپنر ایش سودھی اور گلین فلپس کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان میں ہونے والے 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز نیوزی لینڈ کے لیے اس عرصے کی آخری ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سیریز ہے۔دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے کراچی میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا میچ 3 جنوری سے ملتان میں کھیلا جائے گا۔

کراچی: سرسیدیونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن اور پروٹوکول کے زیرِ اہتمام ’’اسٹریٹ کرائم سے اپنے آپ کو کیسے بچایا جائے ‘‘ کے موضوع پر ایک لیکچر کا انعقاد کیا گیا .

جس میں سٹیزن پولیس لاءژن کمیٹی ضلع شرقی کے چیف عابدعزیر نے ایک فکر انگیز معلوماتی پریزنٹیشن دی ۔

سٹیزن پولیس لاءژن کمیٹی ضلع مشرقی کے چیف عابدعزیر نے کہا ہے کہ سی پی ایل سی 1989ء میں قائم کی گئی تھی تاکہ کسی بھی مجرمانہ فعل کی شکایت پر فوراََ کاروائی کی جائے اور شکایت کنندہ کی داد رسی کی جائے ۔ سی پی ایل سی ایک منفرد اور کامیاب ماڈل ہے جو قانون نافذکرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر جرائم پر قابو پانے اور مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے فعال و موثر حکمتِ عملی تیار کرتا ہے ۔ سی پی ایل سی نے بروقت کاروائی، مشاورت، ثالثی اور فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے نہ صرف عوام میں اعتماد پیدا کیا بلکہ اس کے بہترین نتاءج سامنے آئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ حالیہ سیلاب جس نے سندھ اور بلوچستان کے متعدد علاقوں کو بری طرح متاثر کیا، اس میں سی پی ایل سی نے گھروں کی تعمیر نوسمیت متاثرہ خاندانوں کو راشن کے تھیلے ، ادویات، پناہ گاہ اور مچھردانی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔

کراچی میں رواں سال کرائم انڈیکس 53.31 ہے ۔ 2022 میں بھتہ خوری , دھمکیاں او ر ہراساں کرنے کے 438 ، عام تنازعات کے 397،گمشدہ اور گھروں سے بھاگنے کے 1150،گمشدہ بچوں کے 533 اورسائبر کرائم کے 140 کیس درج ہوئے جبکہ ڈکیتی کی 1249 اور اغوا برائے تاوان کی 6وارداتوں کا اندراج ہوا ۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سرسیدیونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ پاکستان میں جرائم کی صورتحال انتہائی تشویشناک رہی ہے ۔ جرائم کا یہ حال تیسری دنیا کے ہر ملک میں ہے ۔ ۔ جس کی وجہ بڑھتی ہوئی آبادی اور صحیح معاشی پالیسیوں کا نہ ہونا ہے ۔ ہمار ا معیار زندگی بہت بلند ہوچکا ہے ۔ بیروزگاری کی انتہا پر اس معیار زندگی کو پانے کے لے لوگ شارٹ کٹ کا سہار ا لیتے ہیں اور اس رجحان کو تقویت اس لیے بھی ملتی ہے کہ ہمارے ملک میں سزا کا کوئی تصور ہی نہیں ہے ۔ سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے لئے پُرامن اور سازگار ماحول ضروری ہے ۔


ایسی سرمایہ کاری سے بہتر کوئی سرمایہ کاری نہیں جس کے توسط سے نوجوان معاشرے کا ایک فعال اور موثر فرد بن جائیں ۔ تعلیم نوجوانوں کے لئے پُرکشش ملازمتوں کے دروازے کھولتی ہے جبکہ تربیت انھیں منفی اورتخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے بچاتی ہے اور ایک اچھا شہری بناتی ہے ۔ سی پی ایل سی نے جرائم کے خاتمہ کے لئے بہت موثر اقدامات کئے ۔ انھوں نے بہترین حکمت عملی کے ساتھ جرائم پر بہت حد تک قابو پالیا ہے ۔

اگر معاشرے میں قانون کی بالادستی نہ رہے تو جرائم میں تو اضافہ ہوگا ۔ قانون جتنا سخت اور غیر لچکدار ہوگا لو گ جرائم سے اسی قدر دور رہیں گے ۔قبل ازیں رجسٹرار سید سرفراز علی نے خیرمقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ امن ہر شخص کی ضرورت ہے ۔ امن کے بغیر کوئی بھی معاشرہ کامیابی اور ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا ۔ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال قدرے بہتر ہوئی ہے اور پہلے کے مقابلے میں لوگ اب اپنے آپ کو زیادہ محفوظ تصور کرنے لگے ہیں ۔ دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے ۔ اغوا برائے تاوان کی واردتیں نہ ہونے کے برابر ہیں ۔

پاکستان خصوصاََ کراچی کو مستحکم اور پُرامن بنانے کے لیے جہاں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیرمعمولی کامیابی حاصل کی اور ان کی کوششیں اور کاوشیں ہ میں تحفظ کا احساس دلارہی ہیں ، وہاں مجھے اس بات کا اظہار کرتے ہوئے بڑی خوشی ہورہی ہے کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے میں سی پی ایل سی کا بہت بڑا کردار ہے ۔