Saturday, 30 November 2024

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) سانحہ پشاور کے بعد چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے افغانستان کی عسکری قیادت سے باضابطہ طورپر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر ملافضل اللہ سمیت دیگر اہم شدت پسندوں کی حوالگی کا مطالبہ کردیا ، آرمی چیف نے اعلیٰ افغان عسکری قیادت سے ملاقات کی اورپشاور کے سکول میں ہونیوالی دہشتگردی کے شواہد سے آگاہ کرتے ہوئے طالبان قیادت اور دیگر شدت پسندوں کی حوالگی کا مطالبہ کیا،آرمی چیف کے ہمراہ ڈی جی ملٹری آپریشن بھی موجود ہیں اور افغانستا ن کے اندر پاک افغان سرحد کے قریب پاک افغان سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن کا بھی امکان ہے ۔ پاکستان کی قیادت کی طرف سے باضابطہ مطالبے اور سانحہ پشاور کے بعد ’ضرب عضب ‘ کی وجہ سے افغانستان میں چھپے شدت پسندوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا امکان ہے ۔

ایمزٹی وی(کراچی) سانحہ پشاور نے پوری قوم کو افسردہ کردیا ہے، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پرعوام نے اس اندوہناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پشاور میں وحشت و بربریت کی جو داستان گزشتہ روز رقم کی گئی وہ صدیوں نہیں بھلائی جاسکے گی، ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل اداس ہے، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر لوگوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت اور دہشگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے، سوشل میڈیا پر لوگوں نے اپنی ڈسپلے پکچرز کو سیاہ کردیا ہے، دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم ساتھ ہے اسکا بھی اظہار کیا ۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) چینی موبائل فرم نے دنیا کا پتلا ترین اسمارٹ فون متعارف کروادیا، دنیا کا پتلا ترین/سخت جان اسمارٹ فون سیب اور تربوز کودو ٹکڑوں میں تقسیم اور اخروٹ توڑسکتا ہے۔ چینی موبائل فرم اوپو نے ایپل اورسیم سنگ کی ٹکر پر دنیا کا پتلا ترین اسمارٹ فون مارکیٹ میں متعارف کروا دیا ہے۔ چین کی مایہ ناز ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی اوپو کی جانب سے پیش کیا گیا "OppoR5" نامی یہ ہینڈ سیٹ صرف 4 اعشاریہ 85 ملی میٹر موٹا اور155 گرام وزن کا حامل ہے۔ 13 میگا پکسل بیک اور5 میگا پکسل فرنٹ کیمرا لیے اس اسمارٹ فون کی 5 اعشاریہ 2 انچ کی ڈسپلے اسکرین ہے۔ گذشتہ روز اس پتلے ترین اور سخت جان باڈی کے حامل اس اسمارٹ فون کا کریش ٹیسٹ کیا گیا جسکے تحت سیب اور تربوز کو دو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کے علاوہ اخروٹ توڑنے، کیل ٹھونکنے اور اسے گاڑی کے ٹائر کے نیچے سے بھی گزارا گیا تاہم ’’Oppo R5‘‘ کی باڈی پر ذرا سا اسکریچ بھی نہیں آیا۔ جدید اور رائڈ سسٹم سے لیس دھات اور گلاس سے بنا "OppoR5" سفید، سلور اور سنہری رنگوں میں 499 ڈالر کی قیمت فروخت کیساتھ بہت جلد فروخت کیلئے پیش کردیا جائیگا ۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک )   صدر اوباما ایک مسودۂ قانون پر دستخط کریں گے جس کے تحت روس پر نئی پابندیں عائد کی جائیں گی۔

اس مسودۂ قانون میں روس کی دفاعی صنعت کو نشانہ بنایا گیا ہے اور اسے کانگریس نے بھاری اکثریت سے منظور کیا۔

ترجمان جاش ارنسٹ نے کہا کہ اس مسودۂ قانون سے ہمارے اتحادیوں کو ’ایک منتشر پیغام جائے گا،‘ لیکن صدر اوباما پھر بھی اس پر دستخط کر رہے ہیں کیوں کہ اس کی مدد سے ’لچک برقرار رہے گی۔‘

روسی کرنسی روبل کی قدر میں اس سال تیل کی قیمتوں میں کمی اور مغربی ممالک کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کے باعث نصف کے قریب کمی واقع ہو گئی ہے۔

منگل کو تجارتی لین دین کے دوران روبل تیزی سے گرا۔

امریکہ اور یورپی ممالک نے کرائمیا کے الحاق اور مشرقی یوکرین میں علیحدگی پسندوں کے حملوں کے جواب میں روس پر پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے روم میں روسی وزیرِ خارجہ سے ملاقات کے بعد کہا: ’یہ پابندیاں ہفتوں یا دنوں کے اندر ختم کی جا سکتی ہیں، اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ صدر پوتن کیا قدم اٹھاتے ہیں۔‘

ایمز ٹی وی( فارن ڈیسک)    یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیڈیریکا موغرینی اور یورپی یونین کو توسیع دینے کے سلسلے میں مذاکراتی کمشنر نے پیر کو کہا تھا کہ ’یہ گرفتاریاں یورپی اقدار کے منافی ہیں۔‘

واضح رہے کہ ایک سرکردہ اخبار اور ٹی وی اسٹیشن سے پولیس کے چھاپے میں کم از کم ۲۲ سے زائد افراد گرفتار کیے گئے ہیں اور ان کے بارے میں یہ کہا جا رہا ہے کہ حزب اختلاف سے ان کے تعلقات ہیں-

صدر اردگان نے چند دن پہلے ہی فتح اللہ گولن کے حامیوں کے خلاف مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

فتح اللہ گولن پہلے ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان کے حامی ہوا کرتے تھے لیکن اب وہ امریکہ میں خود اختیاری جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ ان پر ترکی میں متوازی حکومت چلانے کا الزام ہے۔

اردوگان نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ صحافیوں کی گرفتاری کے لیے مارے جانے والے چھاپوں سے میڈیا کی آزادی پر کوئی حرف آیا ہے

ایمزٹی وی (صحت)  برڈ فلو وائرس کی ممکنہ وبا سے نمٹنے کے لیے محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کیا گیا ہے ساحلی علاقوں میں سائبیریا سے پرندوں کی ہجرت کرنے کا موسم بھی شروع ہوگیا،یہ پرندے سائبیریا میں سخت برف باری کی وجہ سے دسمبر میں کراچی اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں ہجرت کرکے 2ماہ کے لیے آتے ہیں جس کے بعد واپس چلے جاتے ہیں، یہ پرندے افغانستان سے ہوتے ہوئے کراچی اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں ہر سال ہجرت کرکے آتے ہیں۔

ماہرین محکمہ صحت اور پولٹری فارمز نے کہا ہے کہ برڈفلو وائرس ہجرت کرکے آنے والے متاثرہ پرندے سے پھیلتا ہے جس کی وجہ سے دیگر پرندے اورمرغیاں شدید متاثر ہوجاتی ہے اور ان متاثرہ مرغیوں کے براہ راست رابطے میں رہنے والے افراد H1N1وائرس سے متاثر ہوجاتے ہیں، یہ وائرس ایک سے دوسرے میں منتقل ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے،ماہرین لائیو اسٹاک کاکہنا ہے کہ برڈ فلو سردیوں کے موسم میں لاحق ہوتا ہے، موسم کی تبدیلی، سرد ہوائیں چلنے سے مرغیوں میں موسمی بیماریوں (انفلوائینزا وائرس )لاحق ہوتا ہے۔

مرغیوں کو وائرس سے بچانے کیلیے حفاظتی تدابیر پرعملدرآمدکی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ پولٹری فارمرز شیڈز کی اچھی طرح صفائی رکھی جائے جبکہ مرغیوں کی ویکسی نیشن کوبھی یقینی بنائیں، عوام کو صحت مند مرغیوں کے گوشت کی فراہمی ممکن ہو سکے، پولٹری فارمرز اور شیڈکا مطلوبہ درجہ حرارت کو برقرار رکھا جائے، مرغیوں کو سردیوں میں ٹھنڈی ہواسے بچاؤکے لیے سائنسی بنیادوں پرحفاظتی اقدامات کیے جائیں ایسے پلاسٹک کے شیڈ لگانے سے گریز کیاجائے جس سے پرندوں کو ہوا نہ ملے اور پرندے دم گھٹنے سے ہلاک ہوجائیں۔

ماہرین پولٹری کا کہنا ہے کہ شیڈ میں تازہ ہوا کی آمد و رفت کا مناسب انتظام کریں، مرغیوں میں بیماریوں کا امکان نہ رہے، مرغیوں کوتازہ ہواکیلیے اقدامات کو یقنی بنایاجائے، پولٹری فارم میں شیڈ کا درجہ حرارت برقرار رکھنے کیلیے ہیٹر یا بھٹی کا استعمال کیا جاسکتا ہے لیکن اس بات کا بھی خیال رکھاجائے کہ پولٹری فارم کے اردگرد دھواں جمع نہ ہوکیونکہ دھویں سے پرندوں کے پھیپھڑوں شدید متاثر ہوجاتے ہیں، سردیوں میں پرندوں کو وٹا من ای دینا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ اگرکوئی پرندہ مرجائے تو اسے گہرا گڑھا کھودکر زمین میں دبا دینا چاہیے اور فارم کے اردگردچونا بھی چھڑک دیا جائے تاکہ جراثیم پیدا ہونے کا خطرہ کم سے کم ہو سکے، انھوں نے شیڈول کے مطابق پرندوں کی ویکسی نیشن کروا نے کی ضرورت پر بھی زور دیا ، ادھر محکمہ صحت نے برڈ فلو سرویلینس سیل کو فعال کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

ایمزٹی وی (کھیل)  بھارت کے شہر بھوبنیشور میں منعقدہ چیمپئنز ٹرافی کی فائنلسٹ قومی ہاکی ٹیم دہلی سے11 گھنٹے کی طویل مسافت کے بعد گذشتہ روز واہگہ بارڈر پہنچی تو پی ایچ ایف حکام اور سابق اولمپئنز کی بڑی تعداد نے خوش آمدید کہا۔ پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں کے والہانہ استقبال کی تیاریاں کر رکھی تھیں لیکن واہگہ بارڈر پر پہنچتے ہی انھیں سانحہ پشاور کی بُری خبر مل گئی جس کے باعث ہاکی فیڈریشن کے حکام، سابق اولمپئنز اور عوام نے قومی ہیروز کا سادگی کے ساتھ استقبال کیا۔

وطن واپس پہنچنے والے پلیئرز کے چہروں پر بھی قومی سانحہ کے باعث افسردگی عیاں تھی۔ بعد ازاں قومی ٹیم کو بس کے ذریعے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہورلایا گیا جہاں پر ظہرانے کے بعد کھلاڑی اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے۔ اس موقع پر کپتان محمد عمران نے کہاکہ بھارت کو اسی کی سرزمین پر ہرانے کی بہت خوشی اور یہ ٹیم کایہ بڑا کارنامہ ہے، میں سلور میڈل آرمی کے نام کرتا ہوں۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ کھلاڑیوں شاندار کارکردگی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھتے ہوئے ملک وقوم کا نام روشن کریں گے۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)  ایران کا کہنا ہے کہ اس نے 14 سال قبل سڈنی میں ایک کیفے پر حملہ کرنے والے ہارون  مونس کو آسٹریلیا سے ملک سے باہر کرنے کی درخواست کی تھی جسے آسٹریلیا نے مسترد کر دیا تھا۔

ایران میں پولیس کے سربراہ جنرل اسماعیل احمدی موغدم نے رپورٹروں کو بتایا کہ مونس ایران میں فراڈ کے جرم میں مطلوب تھا۔

مونس نے آسٹریلیا میں سیاسی پناہ کی درخواست دی تھی تاکہ وہ مہاجر کا درجہ حاصل کر سکیں جسے جنرل موغدم نے ایک کھیل قرار دیا۔

دوسری جانب آسٹریلیا کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ کیسے مونس کو مختلف الزامات پر ضمانت پر رہا کیا گیا۔

ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ سرگرم مذہبی کارکن تھے مگر حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں تھا کہ اُن کے عالمی اسلام پسند تحریکوں کے ساتھ روابط ہیں۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ نے پشاور حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ نے پشاور سانحے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں اور عورتوں کو مارنا غیر اسلامی فعل ہے۔افغان طالبان پشاور سانحے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس بات کی بھی وضاحت کرتے ہیں کہ یہ قدم اٹھانے والے افغان طالبان نہیں ہیں۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی جماعتوں‌ کا اجلاس جاری ہے،اجلاس سے قبل وزیر اعظم نے سزائے موت پانے والے دہشتگردوں‌ کو سزائے موت دینے کی منظوری دیدی،پارلیمانی جماعتوں‌ کے اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج قوم ایک بدترین سانحے سے گزر رہی ہے۔ہم نے اپنی حکومت سنبھالنے کے بعد دہشتگردی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے اے پی سی بلائی جس میں‌ فیصلہ ہوا کہ معاملہ مذاکرات سے حل کیا جائے جس کے بعد اس کا آغاز کیا گیا لیکن کوئی کامیابی حاصل نہیں‌ ہو سکی جس کے بعد ان کیخلاف فوجی آپریشن کا آغاز کیا گیا جس میں پاک فوج نے نمایاں‌ کامیابی حاصل کی .ہم نے اس سلسلے میں کافی سفر طے کر لیا ہے تھوڑا باقی ہے لیکن سانحہ پشاور کو کبھی فراموش نہیں‌ کیا جا سکتا.وزیراعظم نے افغان صدر سے اپنی ملاقات کا بھی زکر کیا کہ افغان صدر نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی.اجلاس کے دوران کے سانحہ پشاور کے شہدا کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی.اجلاس سے قبل ترجمان وزیر اعظم نے بتایا اب دہشتگردی کے مقدمات میں سزائے موت پانے والے دہشتگردوں کو اب سزائے موت دی جا سکے گی۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ پشاور میں میرے بچوں کی جانیں لینے والوں سے حساب لینے کا وقت آ گیا ہے ہم ان بزدلوں کو  بلوں سے نکال کرصفایا کرینگے۔ آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمرتوڑ دی ہے، ہم ان بزدلوں کو ان کی بلوں سے نکال کر صفایا کرینگے۔ وزیراعظم کاکہناتھاکہ پشاورکے سکول میں بچوں پرظلم وبربریت کو کسی صورت برداشت نہیں کیاجائےگا۔