Friday, 29 November 2024

ایمزٹَی وی (فارن ڈیسک) افغانستان کے معاملے پر ہونے والی لندن کانفرنس سے آج وزیراعظم نوازشریف خطاب کریںگے، کانفرنس کا مقصد افغانستان میں دیرپا استحکام کے لیے اسے بین الاقوامی برادری کی جانب سے سپورٹ فراہم کرنا ہے۔ دو روزہ کانفرنس کا انعقاد افغانستان اور برطانوی حکومتوں کے تعاون سے کیا گیا ہے، کانفرنس میں وزیر اعظم نواز شریف، افغان صدراشرف غنی، چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ، برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون، امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور پاکستان اورافغانستان کے لیے امریکی خصوصی نمائندے ڈین فیلڈمین  شریک ہیں ۔ جبکہ خارجہ اموار کے بارے میں وزیراعظم کے میشر سرتاج عزیز پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔ کانفرنس کا ایجینڈا افغانستان میں دیرپا استحکام کے لیے اسے بین الاقوامی برادری کی سپورٹ فراہم کرنا ہے ۔ وزیراعظم نواز شریف بھی لندن پہنچنے پر اس عزم کااعادہ کرچکے ہيں کہ افغانستان کی نئی حکومت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اسی نہج پرآگے بڑھائیں گے جسکا عزم صدر اشرف غنی کے حالیہ دورہ پاکستان میں کیا گیا ۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)

.کولمبیا میں طیارے کے حادثے کے نتیجے میں  10 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ طیارہ دارالحکومت بگوٹا سے سیاحتی مقام "باہیا سولانو" جارہا تھا۔سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ طیارے نے حادثے سے چند منٹ قبل ہی مکینکل خرابی کی نشاندہی کی تھی اور وسطی صوبے کے علاقے "ٹولیما" کے ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی اور اس میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے۔

ایمز ٹی وی (لاہور) مینار پاکستان کے سائے تلے جماعت الدعوۃ کا دو روزہ اجتماع آج شروع ہورہا ہے ملک بھر سے قافلوں کی آمد جاری ہے ، جماعت الدعوۃ نے مینار پاکستان پر منعقد ہونے والے اپنے اجتماع کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ اجتماع کے شرکا کے لیے خیمہ بستیاں بس گئی ہیں ، یہاں آنے والوں کی رہائش اور کھانے پینے کے انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں ۔ جماعت الدعوۃ نے اپنے اجتماع کے شرکا کے لیے رہائش اور کھانے پینے کا انتظام تو مینارپاکستان کے اردگرد کیا ہے جبکہ جلسہ گاہ کے قریب گڈی گرائونڈ کو منتخب کیا گیا ہے جس کی سیکورٹی کے انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں ۔

ایمزٹی وی (کھیل)جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ ٹیم کی قسمت اچھی تھی کہ نیوزی لینڈ سے سیریز ڈرا ہوگئی، اگر کھلاڑیوں کو فل ہیوز کی موت کا اتنا ہی افسوس تھا تو دوسرے دن بیٹنگ کے لئے کیوں آئے تھے؟ آئی سی سی نے باؤنسرز پر مزید پابندی لگائی تو پھر کھیل میں فاسٹ بولرز کا کیا کام باقی رہے گا، انھوں نے ان خیالات کا اظہار ایک انٹرویو میں کیا۔ جاوید میانداد نے کہا کہ آسٹریلیا کے پاس ٹیسٹ سیریز میں مائیکل کلارک اور اسٹیون اسمتھ کے سوا باقی سب ہی ون ڈے بیٹسمین تھے، خوش قسمتی سے ٹاس جیتنے کی وجہ سے پاکستان وہ سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا مگر نیوزی لینڈ کا معاملہ دوسرا اور اس کے پاس اچھے ٹیسٹ بیٹسمین موجود تھے، اس لیے گرین کیپس کو اس بات پر خوش ہونا چاہیے کہ یہ سیریز برابری پر ختم ہوئی۔

انھوں نے کپتان مصباح الحق کی جانب سے شارجہ ٹیسٹ میں شکست کی وجہ فل ہیوز کی موت کے صدمے کو قرار دینے پر کہا کہ اگر ایسی بات تھی تو پھر انھیں دوسرے دن بیٹنگ کے لیے آنا ہی نہیں چاہیے تھا، پاکستان کے حالات ایسے ہیں کہ ہمارے کھلاڑیوں کو مغربی پلیئرز کی بانسبت ذہنی طور پر زیادہ مضبوط ہونا چاہیے لیکن وہ کہیں زیادہ بہتر انداز میں کھیلے، ان کے سامنے ہمارے بولرز بیوقوف دکھائی دے رہے تھے۔ فل ہیوز کی المناک موت کے حوالے سے جاوید میانداد نے کہا کہ مجھے اس پر کافی افسوس ہوا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ آئی سی سی کی جانب سے ایک اوور میں صرف 2باؤنسرز کی حد بہت ہے، اس میں مزیدکمی نہیں کرنی چاہیے۔ اگر ایسا ہوا تو پھر فاسٹ بولرز کا کیا کردار باقی رہ جائے گا جب ہم لوگ کھیلا کرتے تھے تب تو باؤنسرز پر کوئی پابندی نہیں تھی، میں نے ویسٹ انڈیز میں مسلسل 6 باؤنسرز کا سامنا کیا تھا، ہم سب فانی ہیں اور حادثہ کسی بھی وقت کہیں بھی ہوسکتا ہے، اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ مزید پابندیوں کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

جاوید میانداد نے مصباح الحق کی ان ٹیسٹ میچز میں پرفارمنس اور انداز کپتانی کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ ان کا اور یونس خان کا ٹیسٹ کرکٹ میں فی الحال کوئی متبادل نہیں ہے۔

ایمز ٹی وی (خیبر ایجنسی) پاک افغان بارڈر پر امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں 15 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق پاک افغان بارڈر پر مچ مگی کے علاقے میں ڈرون طیارے کے میزائل حملے میں 15 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، ڈرون طیارے نے دو میزائل داغے تھے۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈِسک)یہ سال دنیا بھرمیں رکارڈ کے مطابق اب تک کا گرم ترین سال ہوگا۔ماہرین موسمیات کے مطابق جب سے برطانیہ میں موسم کا ریکارڈ مرتب ہو رہاہے۔اس سال کے پہلے دس ماہ میں عالمی درجۂ حرارت طویل عرصے سے ریکارڈ کیے جانے والے اوسط درجۂ حرارت سے 0.57 سیلسئس زیادہ رہا اور برطانیہ میں پہلے 11 ماہ کے دوران اوسط درجۂ حرارت، اوسط درجۂ حرارت سے1.6 ڈگری سینٹی گریڈ سےزیادہ رہا۔برطانوی محکمۂ موسمیات کی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ درجۂ حرارت میں یہ اضافہ انسان کی سرگرمیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی گرین ہاؤس گیسوں کے اثرات کے بغیر ممکن نہیں۔

 ایمز ٹی وی (اسلام آباد) چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کاپارلیمانی کمیٹی آج فیصلہ کرے گی،جسٹس سردار رضا کے چیف الیکشن کمشنر بننے کے قوی امکانات ہیں ،جسٹس سرداررضا، جسٹس ریٹائرڈ طارق پرویز اور جسٹس ریٹائرڈ تنویر احمد خان کے نام فائنل کر لیے گئے ، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی، ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار اور فروغ نسیم ، جماعت اسلامی کے سراج الحق اور اے این پی کے اسفند یار ولی سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے تینوں ناموں پر مشاورت کی اور اعتماد میں لیا ۔ وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے اتحادی جماعتوں کے رہنماء محمود خان اچکزئی ، آفتاب شیرپاؤ ، اعجازالحق ، میرحاصل بزنجو، اور مولانا عبدالغفور حیدری سے رابطہ کیا اور تینوں ناموں پرمشاورت کر کے انہیں اعتماد میں لیا ۔ اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ اور وزیر اعظم کی جانب سے اسحاق ڈارنے تینوں نام پارلیمانی کمیٹی کوبھجوادیئے ہیں ۔ پارلیمانی کمیٹی تین ناموں میں سے کسی ایک نام کا حتمی فیصلہ کرے گی ۔ ذرائع کے مطابق جسٹس سرداررضا کےچیف الیکشن کمشنربننے کے قومی امکانات ہیں ۔

ایمز ٹی وی (کوئٹہ) کوئٹہ کے علاقے سرکی روڈ پر پرانی سبزی منڈی کے قریب دھماکہ ہوا ،   جس سے ایک شخص جاں بحق اور9زخمی ہوگئے جنہیں سول ہسپتال منتقل کردیاگیا۔  تفصیلات کے مطابق دھماکے کی آواز دو کلومیٹر تک سنی گئی جس کا نشانہ سبزی منڈی میں  خریداری کے لیے پہنچنے والے تاجرتھے۔  زخمی ہونے والے شخص  کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔سی سی پی او کوئٹہ نے بتایاکہ دھماکے میں تیس سے چالیس کلو گرام بارودی مواد استعمال کیاگیا،بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق بارودی مواد ایک گاڑی میں نصب کیاگیاتھا جس کا ممکنہ نشانہ سیکیورٹی فورسز تھیں لیکن اس دھماکے کا نشانہ عام شہری بن گئے ۔پولیس کے مطابق دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور موقع پر تین گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور دھماکے کی مزید  تحقیقات شروع کردی ہیں ۔

ایمزٹی وی (کھیل)  جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے میچ میں دفاعی چیمپیئن پاکستان نے آخری لیگ میچ میں آسٹریلیا کو بھی یکطرفہ طور پر 9 وکٹ سے روند دیا، گرین شرٹس نے 130 رنز کا ہدف صرف 10 اوورز میں حاصل کرلیا، اسرار حسن نے 4 شکار کیے، ناصر علی نے 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز سجائی۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 129 رنز بنائے، اسٹیفن پالمر26 اورلنزے ہیون 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اسرار حسن نے 6 اوورز میں 29 رنز دے کر4 وکٹیں لیں، ہارون نے 2 جب کہ ادریس سلیم، ساجد نواز اور محمد جمیل نے ایک، ایک بیٹسمین کو پویلین بھیجا۔

جواب میں گرین شرٹس نے130 رنز کے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے صرف 60 گیندوں کا استعمال کیا، اسرار حسن 29 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، ناصر علی نے 39 گیندوں پر ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 80 رنز کی اننگز سجائی۔

7 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کے لیگ مرحلے کا اختتام ہوچکا ہے، دفاعی چیمپئن پاکستان کا ابتدائی میچ میں روایتی حریف بھارت سے سامنا ہوا جس میں کامیابی سمیٹنے کے بعد ٹیم نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور ایک ایک کرکے سب کو چاروں شانے چت کردیا، دوسرے میچ میں انگلینڈ، تیسرے میں جنوبی افریقہ، چوتھے میں بنگلہ دیش پانچویں مقابلے میں سری لنکا کو یکطرفہ طور پر مات دی۔ ایونٹ کے سیمی فائنلز 6 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔

  ایمزٹی وی (شمالی وزیرستان) شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی ایک اور کارروائی میں 15دہشتگرد مارے گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج نے ایک اور کامیاب کارروائی کی، جسمیں فضائی حملے کرکے 15 دہشتگرد وں کو ہلاک کردیا گیا، دوسری طرف لیویز فورس کے مطابق وادی تیراہ کے علاقے اکاخیل اور ملحقہ اورکزئی ایجنسی کے علاقے کلایہ سے 8 شدت پسندوں کی لاشیں ملی ہیں، جنہیں شناخت کے لئےتحصیل جمرود میں لیویز سنٹرمنتقل کردیا گیا ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق مقتولین کا تعلق کالعدم لشکراسلام سے ہیں۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز اکاخیل اور کلایہ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں بھی 11 شدت پسند مارے گئے تھے۔ اُدھر ہنگو کے علاقے کاہی میں دکان کے ساتھ نصب بارودی مواد پھٹنے سے تین دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔