Friday, 29 November 2024

ایمزٹی وی (کراچی) (اسٹاف رپورٹر) نصابی اور ہم نصابی سرگرمیاں طلبا کی صلاحیتوں کے اظہار کا موثر ذریعہ ہوتی ہیں۔ ان میں حصہ لینے والے طلبا عملی زندگی میں بھی کامیاب رہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال نے عبدالحق کیمپس میں تدریسی وغیر تدریسی ملازمین اور طلبا کو حسن کارکردگی ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ ایوارڈز انہیں مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی اور ہفتہ طلبا کے کامیاب انعقاد پر دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل سائنسز کے مضامین کی دنیا بھر میں بہت اہمیت ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن جامعہ اردو کو 15 ہزار سے زائد طلبا کے لئے سالانہ 70 کروڑ روپے بجٹ فراہم کرتی ہے جو کہ اخراجات کے لئے نہایت ناکافی ہے کیونکہ اسکے اخراجات 1ارب 20 کروڑ روپے سالانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عبدالحق کیمپس میں20 منزلہ عمارت تعمیر کی جائے گی جسکا پی سی ون تیار کیا جارہا ہے ۔ پروگرام سے رئیس کلیہ فنون پروفیسر ڈاکٹر ناہید ابرار، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر فہیم الدین، رئیس کلیہ مطالعہ مذاہب پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید، صدر شعبہ تعلیم ڈاکٹر اشرف خرم، صدر شعبہ بین الاقوامی تعلقات ڈاکٹر وسیم الدین نے بھی خطاب کیا ۔

 ایمز ٹی وی (بھکر) منکیرہ کے علاقے میں پاک فضائیہ کا میراج طیارہ گر کر تباہ ہو گیاتاہم حادثے میں  پائلٹ محفوظ رہا ۔پولیس کے مطابق پٹی بلندہ کے مقام پاک فضائیہ کا طیارہ معمول کی پرواز پر تھا اور اس دوران گرکر تباہ ہوگیاجبکہ زمین پر بھی کسی جانی ومالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق جیٹ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا جبکہ پاکستان ایئرفورس نے حادثے کی تحقیقات کے لیے بورڈ تشکیل دیدیاہے ۔

ایمزٹی وی (کراچی)(سید محمد عسکری /اسٹاف رپورٹر) سندھ کی سرکاری جامعات میں اب ماہرین تعلیم کے ساتھ ساتھ ممتاز منتظم (Eminent Administrater) کا تقرر بھی کیا جا سکے گا۔ اس مقصد کےلئے گزشتہ ماہ صوبائی اسمبلی میں جامعات کے ترمیمی بل کی منظوری دیدی گئی ہے۔ تاہم ایک میڈیکل جامعہ کے سوا باقی تمام میڈیکل جامعات میں اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔ سندھ جناح میڈیکل یونیورسٹی وہ واحد یونیورسٹی ہوگی جس میں ممتاز منتظم کا تقرر کیا جا سکے گا۔ اسی طرح سندھ کی جامعات میں ریٹائرڈ فوجی اور بیورو کریٹ بھی وائس چانسلربن سکیں گے۔ 1973ء کے ایکٹ کی روشنی میں سندھ کی جامعات میں ماہرین تعلیم ہی کا تقرر ہوتا رہا ہے۔ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر جمیل کاظمی نے اس صورتحال کو افسوسناک قرار دیا کہ جامعات میں اساتذہ کے بجائے ممتاز منتظم کی تقرری کی ترمیم جامعات کو تباہ کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس ترمیم کے خلاف احتجاج کریں گے، اس مقصد کے لئے جامعات کے اساتذہ کی نمائندہ تنظیم کا اجلاس بلایا جا رہا ہے جس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے ۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈی یسک)

 نیویارک....امریکا کی کئی ریاستوں میں برف باری نے موسم کی شدت میں  مزید اضافہ کردیا ہے۔۔  شمالی واشنگٹن میں تین انچ برف باری ہوئی ہے۔دن بھر جاری رہنے والی برف باری سے سردی میں شدت میں اضافہ ہوگیا۔طوفانی ہوائوں کے باعث متعدد درخت  اکھڑ گئے اور بجلی کی تاریں گرنے کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔امریکی محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے مزید نیچے جاسکتا ہے۔امریکا میں ’تھینکس گِوونگ ڈے‘ تہوار سے قبل شہریوں کی ایک بڑی تعداد سڑکوں، ریل گاڑیوں اور جہازوں کے ذریعے سفر کرتے ہیں تاکہ وہ اپنے گھروں میں یہ تہوار مناسکے۔ تاہم خراب موسم کے باعث اب تک ایک  ہزارسے زائد پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے واشنگٹن میں امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری سے ملاقات کی ہے اس ملاقات میں امریکی وزارتِ خارجہ اور پاکستانی سفارت خانے نے  تا حال خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

پاکستانی فوج کےشعبۂ تلعقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم باجوہ نے  بتایا کہ گزشتہ شب ہونے والی ملاقات میں جنرل راحیل نے خطے کے سیکورٹی مسائل پر پاکستانی نقطۂ نظر بیان کیا۔

عاصم باجوہ کے مطابق جنرل راحیل شریف نے جان کیری کو خطے کی صورتِ حال پر پاکستانی موقف سے آگاہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری کو سراہتے ہوئے اسے علاقائی سلامتی کے لیے ایک مستحکم قدم قرار دیا۔

جان کیری نے پاکستان کو دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری لانے کی یقین دہانی کرائی۔

واشنگٹن سے نامہ نگار برجیش اپادھیائے کا کہنا ہے کہ امریکی وزارتِ خارجہ نے اس ملاقات کی تصدیق کی ہے تاہم انھوں نے اس کے علاوہ کوئی معلومات فراہم نہیں کی ہے۔

امریکی وزارتِ خارجہ کے مطابق ان کا اس بارے میں آج رات تک کوئی بیان جاری کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا یہ امریکہ کا پہلا سرکاری دورہ تھا جس میں انھوں نے اعلیٰ عسکری اور سیاسی حکام سے ملاقاتیں کیں۔

ایمزٹی وی (کراچی) (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں علمی کتب میلے کا آغاز 18 دسمبر سے ایکسپو سینٹر میں ہوگا جس کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔  پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے سربراہ عزیز خالد کے مطابق 350 اسٹالز بک کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ کتب میلے کو 10 سال مکمل ہو گئے ہیں۔ اس کتب میلے کی بنیاد 2005ء میں رکھی گئی تھی اور اس بار پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے تحت دسواں سالانہ بین الاقوامی کراچی کتب میلہ 18 دسمبر سے شروع ہو رہا ہے۔ پانچ روزہ کتب میلہ 22 دسمبر تک ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری رہے گا یہ کتب میلہ بیک وقت ایکسپو سینٹر کے تین ہالز میں جاری رہے گا جس کیلئے اس بار ریکارڈ پبلشرز اور بک سیلرز نے 350 اسٹالز بک کرا لئے ہیں جبکہ مزید اسٹالز کی بکنگ جاری ہے۔ کتب میلے میں گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی بھارت، ایران، ملائیشیا، سنگاپور، ترکی کے علاوہ برطانیہ کے پبلشرز اور ان کے نمائندے شریک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے تحت کتب میلے کا شروع کیا گیا یہ سفر اپنے دس سال پورے کر رہا ہے اور دسویں کتب میلے کا افتتاح قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کریں گے جبکہ صوبائی وزیرتعلیم نثار احمد کھوڑو مہمان اعزازی کے طور پر شریک ہوں گے۔ کتب میلے کی افتتاحی تقریب جمعرات 18 دسمبر کو ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی جس کے بعد بین الاقوامی کراچی کتب میلے کو عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔ عزیز خالد نے بتایا کہ صرف بھارت سے18 پبلشرز کی کتب میلے میں شرکت متوقع ہے اور ان میں سے اکثر کے اسٹالز ایکسپو سینٹر میں بک کر لئے گئے ہیں جبکہ ایران سے بھی 10 پبلشرز آ رہے ہیں۔

 ایمز ٹی وی (کراچی) عوامی نیشنل پارٹی ولی گروپ کی سربراہ بیگم نسیم ولی خان نے متحدہ کے مرکز نائن زیرو کا دورہ کیا۔ اس موقع پر الطاف حسین نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ باچا خان کے عدم تشدد اور امن و محبت کے پیغام کے فروغ کے لئے جلد ہی کراچی میں مہاجروں اور پختونوں کا مشترکہ جلوس نکالا جائے گا۔ الطاف حسین نے بیگم نسیم ولی خان کو اپنی ماں کہہ کر مخاطب کیا اور کہا کہ انہوں نے ظالم اور جابر حکمرانوں کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ بیگم نسیم ولی خان نے الطاف حسین سے کہا کہ  وہ باچا خان کے امن مشن کا آغاز نائن زیرو سے کر رہی ہیںان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین  نے جن جذبات کا اظہار کیا ہے وہ ایک بیٹا ہی کر سکتا ہے۔

 ایمز ٹی وی (اسلام آباد) چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے چیف الیکشن کمشنر کے تقررکے کیس کی سماعت کی ،سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے لیے اٹارنی جنرل کو ساڑھے گیارہ بجے تک کی مہلت دیتے ہوئے جواب طلب کرلیاہے ،دوران سماعت اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایاکہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر بیرون ملک رہے لیکن چیف الیکشن کمیشن کے تقرر کے معاملے پر رابطے میں تھے اورآج شام کو بھی ملاقات کررہے ہیں ۔عدالت نے استفسار کیاکہ کیا آپ یقین دہانی کراسکتے ہیں ، پانچ دسمبر تک تقررہوجائے گاجس پر اٹارنی جنرل نے بتایاکہ مشاورت کا عمل آج مکمل ہوجائے گا اورامکان ہے کہ آج شام کو ہی نوٹیفکیشن جاری کردیاجائے جس پر عدالت نے حکومت سے ہدایات لینے کیلئے ساڑھے گیارہ بجے تک مہلت دیتے ہوئے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی ۔

ایمز ٹی وی( فارن ڈیسک)

برطانیہ  میں بسنے والی کسی بھی کمیونٹی کے  مقابلے میں مسلمانوں کے ساتھ نوکری کے حوالے سے امتیازی سلوک برتا جاتا ہے اورانہیں تعصب کا نشانا بناتے ہوئے نوکری کرنے کے سب سے کم مواقع فراہم کئے جاتے ہیں۔ برسٹل یونی ورسٹی میں تعینات شعبہ سماجیات کے سینئر پروفیسرز نبیل خطاب اور ران جانسٹن نے نیشنل اسٹیٹسٹک لیبر فورس سروے کے  حاصل کردہ اعدادو شمار کے حوالے سے اپنی تحقیق میں کہا  کہ برطانیہ میں مسلمانوں کو ملک میں بسنے والی دیگر 14 نسلی و مذہبی اقلیتوں کے مقابلے میں 75 فیصد کم نوکری کے مواقع دستیاب ہوتے ہیں جب کہ مسلم خواتین کو عیسائی خواتین کے مقابلے میں65 فیصد کم نوکری کے مواقع فراہم کئے جاتے ہیں۔

  ایمز ٹی وی (کراچی)  آٹھویں دفاعی نمائش آئیڈیا2014ءکا ایکسپو سینٹرمیں افتتاح کے لئے وزیراعظم نواز شریف کراچی کے لیے روانہ ہوگئے ہیں چار روزہ بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیا  2014ءکا اہم پہلو بین الاقوامی دفاعی سیمینار ہے جس کا انعقاد کل شام کو ہی ہوگا۔ نمائش میں جنگی سازوسامان کی نمائش کی جائے گی جب کہ جنگی ٹینک الخالد، جے ایف 17 تھنڈر،بکتر بند گاڑیاں اور میزائلوں سے لیس کشتیوں سمیت مقامی سطح پر تیار کی گئی دیگر دفاعی مصنوعات بھی نمائش کے لئے پیش کی جائیں گی۔کراچی میں منعقد ہونے والی اس نمائش میں پاکستان سے اہم دفاعی معاہدہ کرنے والا ملک روس بھی پہلی بار شرکت کرے گا جب کہ نمائش کے موقع پر غیر ملکی مندوبین، اہم سرکاری حکام اور نمائش کے شرکا کے درمیان کئی اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں بھی ترتیب دی گئی ہیں۔