Friday, 29 November 2024

ایمزٹی وی (لاہور)  لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں باگڑیاں چوک کے قریب نامعلوم افراد نے متحدہ قومی موومنٹ سینٹرل پنجاب کے صدر عامر بلوچ پر فائرنگ کردی، فائرنگ سے عامر بلوچ تو محفوظ رہے لیکن ان کی گاڑی میں موجود ان کے ماموں جاں بحق جبکہ ان کا کزن زخمی ہوگیا۔ واقعے کے فوری بعد لاش اور زخمی کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمی کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

عامر بلوچ نے واقعے سے متعلق کہا ہے کہ گرین ٹاؤن کے علاقے شیراز ٹاؤن میں اپنا گھرتعمیر کروا رہے ہیں، اس سلسلے میں جب وہ اپنے ماموں اور کزن کے ہمراہ وہاں پہنچے تو قبضہ گروپ کے کارندوں نے فائرنگ شروع کردی،جس کے نتیجے میں ان کے ماموں موقع پرہی جاں بحق ہوگئے۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈِسک)

ابوجا......نائیجریا کے شہر کانو کی جامع مسجد میں نمازجمعہ کے دوران خود کش حملوں اور فائرنگ کے واقعے میں 1۰۰ سے زائد افراد جاں بحق  ہو گئے جبکہ ۲۵۰ زخمی ہوئے- کانو کی جامع مسجد میں حملے کے وقت نمازی جمعہ کی نماز ادا کررہے تھے۔۔زخمیوں اور شہید ہونے والوں کو فوری طورپراسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم دھماکے کے بعد شہر میں ہنگامی صورتحال نافذکردی گئی ہے۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد)   گلگت کی انسداد دہشتگردی عدالت سے سزا یافتہ مجرم جیو اور جنگ گروپ کے مالک میرشکیل الرحمان کے خلاف شہری کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میر شکیل کو ٹرائل کورٹ مجرم قرار دے چکی ہے اس لئے انہیں انٹرپول کے ذریعے واپس لایا جائے۔

25 نومبر کو گلگت بلتستان کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جیو نیوز کے مالک میر شکیل الرحمان، میزبان شائشتہ لودھی، اداکارہ وینا ملک اور ان کے شوہر اسد ملک کو 26، 26 سال قید اور 13،13 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے زرعی ٹیکس سےبچنے کیلئے اپنے آپ کو 5لاکھ کا مقروض ظاہر کیاجبکہ انہوں نے 23 لاکھ 50 ہزار کی زرعی آمدنی ظاہر کی ، عمران خان نےبیرون ملک خدمات کےعوض 84لاکھ  45ہزار 430روپے حاصل کیے، ان کے پاس ایک کروڑ 36لاکھ کی نقد رقم ہے۔ وزیر اطلاعات پرویزرشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سوال کیا کہ عمران خان اپنے ساتھ اس قدر نقد رقم کیوں رکھتے ہیں؟ ان کی گاڑیوں میں پٹرول کوئی اور ڈلوا دیتا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی شوگر مل نے 14-2005ء تک 2ارب 44کروڑ 70لاکھ 70ہزار 543روپے ٹیکس ادا کیا، 2014ء میں نوازشریف نے 26لاکھ 95ہزار 912 روپے ٹیکس ادا کیا، جبکہ عمران خان نے 14-2013ء میں ایک لاکھ 94ہزار 936روپے ٹیکس ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو جبری طورپرجلاوطن کیا گیا، 2007ء سے قبل نوازشریف جبری جلا وطن تھے، وہ 2007ء میں پاکستان آئے تھے۔ وزیراطلاعات پرویز رشید کا مزید کہنا تھا کہ عوام جاننا چاہتی ہے کہ عمران بیرون ملک کیا خدمات انجام دیتے ہیں ،جن دنوں چینی صدر نے دورہ کرناتھا عمران خان نے مخالفت کی، جس کام کو آپ نے بگاڑا، نوازشریف نے چین جاکر اسے درست کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پانی اور کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شروع کیے، حالانکہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کی بات پرعالمی تیل مافیا ناراض ہوتا ہے۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد)عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر زاہد خان نے کہا ہے عمران خان کہتے ہیں سندھ میں زرداری اور پنجاب میں نواز شریف نے دھاندلی کی، اتنی جرأت ہے تو بتا دیں کے خیبر پختونخوا میں کس نے دھاندلی کی؟ سینیٹر زاہد خان نے ایک بیان میں کہا کہ ایسا سیاستدان پہلی بار دیکھ رہا ہوں، عمران خان کا مؤقف یہ ہے کہ جہاں سے وہ جیتے وہاں دھاندلی نہیں ہوئی باقی ہر جگہ دھاندلی ہوئی۔ زاہد خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا الیکشن میں بھی دھاندلی ہوئی، چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم نہیں بلکہ حکیم اللہ محسود تھا، عمران خان خیبر پختونخوا کی صورت حال دیکھیں وہاں لوگوں کا برا حال ہے، خیبر پختونخوا میں خواتین اساتذہ کے تبادلے کیے جا رہے ہیں، تنگ کیا جاتا ہے کہ تحریک انصاف میں شامل ہو جائیں، اگر یہ نیا پاکستان ہے تو پھر اللہ رحم کرے۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد) سپریم کورٹ میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کے کیس کی سماعت کے دوران جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس میں کہا کہ قوم کی بیٹیوں کو نا ستایا جائے۔ اُن کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا ۔ سپریم کورٹ میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مستقل کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ، جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نےکی ۔ سندھ اور بلوچستان نے لیڈی ہیلتھ ورکزر کی مستقلی سے متعلق بیان حلفی عدالت میں جمع کر ائے ۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس میں کہا کہ کوئٹہ میں چار لیڈی ہیلتھ ورکرز سمیت 42 ہیلتھ ورکرز جان کی بازی ہار چکی ہیں ۔ قوم کی بیٹیوں کو اس طرح نا ستایا جائے، عدالت اُن کے حقوق کا مکمل تحفظ کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان 10 دنوں میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کی مستقلی کا نوٹیفیکشن جاری کریں ۔ کیس کی سماعت ایک ماہ کے لئے ملتوی کردی گئی۔

ایمزٹ وی (کھیل)  سرپر بائونسر لگنے سے زخمی ہوکر چل بسنے والے آسٹریلوی بیٹسمین فلپ ہیوز حادثے کا شکار ہونیوالے پہلے کرکٹر نہیں ہیں، اس سے قبل گذشتہ سال ہی 32سالہ جنوبی افریقی ڈیرن رینڈل ڈومیسٹک میچ میں پل شاٹ کھیلتے ہوئے گیند سرپر لگنے سے کریز پر گرے اور اسپتال میں دم توڑ گئے، پاکستانی بیٹسمین ذوالفقار بھٹی سکھر میں کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے گیند سینے پر لگنے پر راستے میں ہی انتقال کر گئے تھے،انکی عمر صرف 22سال تھی،33سالہ انگلش بیٹسمین رچرڈ بیومونٹ 2003 میں کلب میچ کے دوران 5 وکٹیں لینے کے بعد دل کا دورہ پڑنے پر جانبر نہ ہوسکے،انگلش امپائر ایلسوائن جینکنز 2009 میں ایک لیگ میچ کے دوران ایک فیلڈر کی تھرو سر پر لگنے پر اسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئے، وہ اس وقت 72سال کے تھے، پاکستان کے 50سالہ سابق کرکٹر وسیم راجہ سرے کائونٹی کی جانب سے 2006میں میچ کھیلتے ہوئے ہارٹ اٹیک کے باعث چل بسے تھے۔

38سال کے بھارتی رامن لامبا 1998میں کلب میچ کے دوران شارٹ لیگ پر فیلڈنگ کرتے ہوئے سر کی شدید انجری کا شکار ہوئے جو جان لیوا ثابت ہوئی، انگلش ای ین فولی(33برس) 1993 کے ایک ڈومیسٹک میچ میں ہک شاٹ کھیلتے ہوئے آنکھ کے نیچے زخم کھا بیٹھے، اسپتال میں سرجری کیلیے بے ہوش کیا گیا تو اس حالت سے باہر آنے کا موقع نہ مل سکا، سابق انگلش اوپنر ولف سلیک(34 برس)گیمبیا میں بیٹنگ کرتے ہوئے اچانک میدان میں گر پڑے تاہم ان کی موت کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جاسکا۔ پاکستان کے 18 سالہ عبدالعزیز 1959 میں کراچی میں بیٹنگ کرتے ہوئے سینے پر گیند لگنے کے بعد اسپتال میں طبی امداد ملنے سے قبل ہی دار فانی سے کوچ کرچکے تھے۔ انگلینڈ کی طرف سے ایک ٹیسٹ کھیلنے والے 56سال کے اینڈی ڈیوکیٹ کی موت لارڈز میں ایک میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے 1942میں ہوئی،اسی میدان پر 25 سالہ جارج سمرز نے 1870میں سر پر گیند لگنے پر جان گنوا دی تھی۔

ایمزٹی وی (وہاڑی) وہاڑی میں ملتان روڈ پر مسافر بس اور ٹرک میں تصادم ہوا۔ حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 21 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پاک پتن میں داتا دربار پر حاضری دے کر زائرین بس میں واپس ملتان جارہے تھے۔ ملتان روڈ پر گڑھا موڑ کے قریب بس ڈرائیور نے گاڑی کو اوورٹیک کرنا چاہا جس کے نتیجے میں بس مخالف سمت سے آنے والے ٹرک میں جاگھسی۔ حادثے کے نتیجے میں 22 مسافر زخمی ہوگئے جنہیں گڑھا موڑ اسپتال منتقل کیا گیا۔ حالت تشویشناک ہونے پر 8 زخمی ڈی ایچ کیو اسپتال وہاڑی لائے گئے جہاں ایک زخمی دم توڑ گیا۔

 ایمز ٹی وی (اسلام آباد) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے بتایاکہ تحریک انصاف کے علاوہ اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے چیف الیکشن کمشنر کے لیے جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی کے نام پر اتفاق کرلیاگیاہے اوراِس ضمن میں وہ جمعہ کی شام تک وزیراعظم نواز شریف سے رابطہ کریں گے ۔خورشید شاہ نے بتایاکہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے آئینی طریقہ کار پر عمل کررہے ہیں ، وزیراعظم نواز شریف نے رابطہ کیا تھا ، چیف الیکشن کمشنر کا تقررحکومت اور اپوزیشن دونوں کی ذمہ داری ہے ،اتفاق رائے کی کوشش میں تاخیر ہوئی لیکن اب وہ کہہ سکتے ہیں کہ یکم دسمبر تک تقرری کا اعلان ہوجائے گا

ایمز ٹی وی (نیوز ڈیسک)

اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کے 30 نومبر کے جلسے کی اجازت سے متعلق جہانگیر ترین اور اسد عمر کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت ہوئی جس میں ضلعی انتظامیہ نے عدالت کو بتایا کہ 30 نومبر کو جلسے کے لیے تحریک انصاف سے معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت تحریک انصاف کو وفاقی دارالحکومت میں جلسے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

30 نومبر کو تحریک انصاف کے جلسے میں انتظامیہ کی اجازت کے بغیر پولیس کو کارکنوں کی گرفتاری کا اختیار نہیں ہوگا جبکہ دوران سماعت عدالت کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بھی امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، بعد ازاں عدالت نے درخواستوں پر مزید کارروائی 2 دسمبر تک ملتوی کردی ہے