Friday, 29 November 2024

لاہور میں میٹرک کے طالبعلم نے کم نمبر آنے پر خودکشی کرلی۔

پولیس کے مطابق 15 سالہ ارسلان کی خودکشی کا واقعہ لاہور کے سرحدی گاؤں پڈانہ میں پیش آیا۔

پولیس نے بتایاکہ طالب علم میٹرک کے امتحان میں کم نمبر آنے پر دلبرداشتہ تھا اور ارسلان نے پانی کی ٹنکی سے چھلانگ لگا دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اور فارنزک ٹیم نے شواہد اکٹھے کر کے کارروائی شروع کر دی۔ خیال رہے کہ پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز کی جانب سے میٹرک کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے جن میں لاہور بورڈ بھی شامل ہے۔

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے میڈیکل کالجز کی فیس سے متعلق  درخواست ناقابل سماعت قرار دیدیا۔ 

سپریم کورٹ کے جسٹس منصورعلی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے میڈیکل کالجز میں فیسوں سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت جسٹس منصورعلی شاہ نے سوال کیا کہ میڈیکل کالجز کی فیس پر کون سا قانون لگتا ہے اور  فیس کی ریگولیٹری کون کرتاہے؟ سپریم کورٹ ایسے تو کیس نہیں سن سکتا۔

جسٹس محمدعلی مظہر نے سوال کیا کہ  آپ نے پاکستان میڈیکل کمیشن سے فیس کے حوالے سے رابطہ کیا؟  اس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ میں نے وزیراعظم، صدر مملکت کو میڈیکل فیس کےحوالے سے خط لکھا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان میڈیکل ڈینٹل ایکٹ بنایاگیا اور سپریم کورٹ کے فیصلے کو غلط لیاگیا۔ 

جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا آپ ریگولیٹری کے پاس جائیں، سپریم کورٹ کا میڈیکل فیس دیکھنےسے متعلق کیاکام؟ ریگولیٹری جب بنا ہوا ہے تو کیا آپ وہاں گئے ہیں؟ کیا ہم کمیشن بنا سکتے ہیں؟ 

جسٹس محمدعلی مظہر نے ریمارکس دیے کہ یہ  آپ کا ذاتی مسئلہ ہے تو ریگولیٹری سے رجوع کریں۔

بعد ازاں عدالت نے میڈیکل کالجز کی فیس سے متعلق درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر خارج کردی۔ 

ریاض: سعودی عرب میں یکم محرم الحرام کل ہوگی۔

سعودی سپریم کورٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی عرب میں محرم الحرام کا آغاز 7 جولائی کو ہوگا۔

چاند دیکھنے والی کمیٹی نے قمری کلینڈر کے حساب سے فیصلہ کیا ہے کہ ذالحجہ کا مہینہ 30 دن کا ہوگا اوریکم محرم اتوار 7 جولائی کو ہوگی۔

متحدہ عرب امارات اور عمان میں بھی یکم محرم الحرام 7 جولائی کو ہوگی۔ متحدہ عرب امارات اور عمان میں یکم محرم الحرام کو تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

 پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ورلڈ چیمپئین شپ آف لیجنڈز کے 8ویں میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔

انگلینڈ کے ایجبسٹن کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ٹکرائیں گی، جس میں سابق کرکٹرز شاہد آفریدی، عبدالرزاق، مصباح الحق، سعید اجمل کے علاوہ حریف ٹیم کے یوسف پٹھان، یوراج سنگھ، عرفان پٹھان اِن ایکشن ہوں گے۔

میچ پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق رات 8:30 بجے شروع ہوگا۔

قومی ٹیم نے ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا جبکہ بھارتی ٹیم نے انگلیںڈ اور ویسٹ انڈیز کو شکست سے دوچار کیا ہے۔

کراچی: سندھ میں آج رات سے مون سون ہوائیں داخل ہونےکا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں مون سون بارش برسانے والے سسٹم کے حوالے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا مون سون ہوائیں آج شام مشرقی سندھ میں داخل ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں بادلوں کا راج ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور شہر بھر میں سمندری ہوائیں چل رہی ہیں، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا درجہ حرارت آج چھتیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔شہر میں اس وقت درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ گرمی کی شدت 38 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے۔آج محسوس کیے جانے والا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سے بھی تجاوزکرسکتا ہے تاہم شام یا رات میں بوندا باندی کا امکان ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں نے کہا مون سون ہوائیں آج شام مشرقی سندھ میں داخل ہوں گی، کراچی میں مون سون کا پہلا اسپیل 8 جولائی کی شام میں داخل ہوگا، لو پریشر سسٹم کے نمودار ہونے سے کراچی میں بارش ہوسکتی ہے۔

کراچی: جامعہ این ای ڈی کے تحت بتیسویں سینٹ کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ جس کی کمان بحیثیت چئیرمین سینٹ شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے سنبھالی۔

سینٹ کے اس اجلاس میں 23-2022 کے سالانہ اکاؤنٹ کی حتمی رپورٹ کی منظوری 24-2023 کی فائنل ڈیمانڈ کی منظوری جب کہ 25-2024 کا بجٹ بھی پیش کیا گیا۔

اجلاس کا آغاز کرتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے بجٹ کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 24-2023 کے بجٹ کاآغاز (266.444) ملین کے خسارے سے ہوا تھا لیکن یونی ورسٹی اسے 1.803 ملین کے سرپلس سے اختتام کررہی ہے جب کہ 25-2024 کا بجٹ 5,172.541 ملین کا ہے، اس بجٹ کی ابتدا، تخمینے کے تحت (320.860)ملین کے خسارے سے ہورہی ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سروش کا کہنا تھا کہ ہم سندھ حکومت بالخصوص وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی این ای ڈی کے لیے کاوشوں کے ممنون ہیں۔

اس موقعے پر سیکریٹری جامعات و بورڈز عباس بلوچ کا کہنا تھاکہ این ای ڈی کا بڑھتا ہوا معیار اور اس کے فارغ التحصیل انجینئرز پورے ملک کے نوجوانوں کے لیے مثال ہیں۔ پچھلے آٹھ سالہ دور میں جامعہ کا بجٹ سرپلس میں تبدیل کرنے پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی سمیت تمام ٹیم مبارک باد کی حق دار ہے۔ اجلاس میں ڈین ڈاکٹر سعد قاضی نے سالانہ کارکردگی رپورٹ جب کہ ڈائریکٹر فنانس سجیرالدین نے سالانہ بجٹ پیش کیا۔ بتیسویں سینٹ اجلاس میں پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل، رجسٹرار سید غضنفر حسین سمیت 75 ممبران نے شرکت کی۔

کراچی: محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ نے انٹر سال اول میں داخلوں 2024-25کے قواعد و ضوابط جاری کردیئے

مرکزی داخلہ پالیسی میں اوپن میرٹ “اے ون اور اے گریڈ” تک محدود کر دیاگیا ہے جبکہ دیگر تمام گریڈز کے حامل امیدوار زونل پالیسی پر داخلہ حاصل کرسکیں گے
سندھ کے محکمہ کالج ایجوکیشن کی جانب سے الیکٹرانک سینٹرلائزڈ کالج داخلہ کے تحت کراچی سمیت سندھ کے سرکاری کالجوں میں سیشن 25-2024کے لیے انٹر سال اول میں داخلہ پالیسی کی منظوری دے دی گئی ہے۔

الیکٹرانک سینٹرلائزڈ کالج داخلہ کے طریقہ کار کے تحت ویب سائٹ seccap.dgcs.gos.pk پر امیدواروں اپنی درخواستیں آن لائن جمع کراسکیں گے جس کی آخری تاریخ 25 جولائی ہے اور 30 جولائی 2024 تک کالجوں میں داخلوں کے لیے تمام فیکلٹیز کی پلیسمنٹ لسٹوں کا اجرا ہوگا۔

پالیسی کے تحت کالج زون سسٹم اس سال کراچی ریجن میں جاری رکھا جائے گا جس سے طلبہ اپنے قریبی کالجوں میں داخلہ لے سکیں گے، صرف گریڈ اے ون اور اے گریڈ کے طلبہ کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ کسی بھی کالج میں داخلے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

اسی طرح بی، سی، ڈی اور ای گریڈ والے طلبہ اپنے قریبی متعلقہ زون میں ہی درخواست دے سکیں گے اور زون کے باہر درخواست دینے کی صورت میں ان کا داخلہ نہیں ہوگا،

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فاتح بھارتی ٹیم سمندری طوفان کے باعث بارباڈوس میں پھنس گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بارباڈوس میں کیٹگری 4 طوفان بیریل کی پیشگوئی کی گئی ہے، سمندری طوفان کے پیش نظر بارباڈوس کے ائیرپورٹ کو بند کر دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ دوسرا شدید ترین طوفان بتایا جا رہا ہے، بارباڈوس میں کرفیو جیسی صورتحال ہے کسی کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان کے اگلے چند گھنٹوں میں ساحل سے ٹکرانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بارباڈوس میں ہلکی بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے، بھارتی ٹیم ہوٹل کے اندر موجود ہے اور ہوٹل کا اسٹاف بھی بہت کم تعداد میں موجود ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی اسکواڈ کو قطاروں میں لگ کر کھانا لینا پڑ رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی بورڈ چارٹرڈ فلائٹ کے بھی انتظامات کر رہا ہے تاہم صورتحال ائیرپورٹ کھلنے پر منحصر ہے، اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کے لائحہ عمل کا کسی کو علم نہیں۔

پی ایم ڈی سی نے NRE سٹیپ ٹو امتحان کا اعلان کردیا۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل 20-21 جولائی اور 27-28 جولائی 2024 کو نیشنل رجسٹریشن امتحان (NRE) کا دوسرا مرحلہ یعنی کلینیکل اسکلز ایگزامینیشن (CSE) منعقد کرے گی۔ امتحان 3 گھنٹے اور 30 منٹ کا ہوگا

، جس میں میڈیسن، سرجری، پریکٹیکل اسسمنٹ اور امراض نسواں، اطفال، امراض چشم، اور ENT سمیت مختلف شعبوں کے 20 اسٹیشن شامل ہونگے ۔ تھیوری اور CSE دونوں امتحانوں میں پاس ہونے کے لیے % 60 نمبر لینے کی شرح درکار ہونگی ۔

NRE مرحلہ 2 امتحان میں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پاکستان میں طبی تعلیم اور پریکٹس کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے صرف قابل پیشہ ور افراد ہی میڈیکل اور ڈینٹل کے شعبوں میں داخل ہوں۔صدر پی ایم ڈی سی

لندن: برطانیہ میں غیر ملکی طلبہ کی تعداد میں کمی سے یونیورسٹیزکے دیوالیہ ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یارکشائر کی 10 بڑی یونیورسٹیز میں سے 4 خسارے میں چلی گئی ہیں جبکہ کچھ یونیورسٹیز کو عملے اورکورسز کی تعداد کم کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

ایک سروے کے مطابق برطانیہ میں سال 2024 کے کیلئے اعلیٰ تعلیم (پوسٹ گریجوایشن) کی درخواستیں دینے والے غیر ملکی طلبہ کی تعداد میں 27 فیصد کمی آئی ہے۔

برطانوی میڈیا کا بتانا ہے کہ امیگریشن قوانین میں سختی کی وجہ سے غیر ملکی طلبا کی تعداد میں کمی آئی ہے، گزشتہ سال برطانوی حکومت کی جانب سے برطانیہ میں آنیوالوں کی تعداد کم کرنے کیلئے قوانین مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

برطانوی وزیر داخلہ جیمز کلیورلی نے پارلیمنٹ میں نئے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیرون ملک سے آنے والے ہنر مندوں کو والدین اور بچے لانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

Page 52 of 3032