لاہور: سرکاری اسکولوں کے سالانہ امتحانات کا شیڈول جاری کردیا۔
شیڈول کے مطابق پہلی سے آٹھویں جماعت کے امتحانات کا آغاز14مارچ سے ہوگا جو 27 مارچ تک جاری رہیں گے۔
امتحانات میں ایک کروڑ سے زیادہ بچے امتحانات میں شرکت کریں گے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ٹیچر اپنی کلاس کے بچوں کے پیپر چیک نہیں کرے گا، انگریزی اور اردو کے علاوہ تمام سوالیہ پرچے اوردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں پرنٹ کئے جائیں گے۔
کراچی: جماعت دہم سائنس و جنرل گروپ ریگولر وپرائیویٹ کےسالانہ امتحانی فارم سال 2024کے جمع کرانےکی تاریخ میں بغیر لیٹ فیس کے توسیع کر دی گئی ۔
ثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ کے مطابق جماعت دہم سائنس و جنرل گروپ ریگولر وپرائیویٹ کے سالانہ امتحانی فارم سال 2024کے جمع کرانے کی تاریخ میں بغیر لیٹ فیس کے توسیع کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اب یہ فارم 15مارچ2024 تک بغیر لیٹ فیس کے جمع کئے جائیں گے۔گورنمنٹ اسکول بغیر کسی فیس کے امتحانی فارم جمع کرا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسکول اور طلباء وطالبات کو سہولت فراہم کرنے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
شیڈول کے مطابق امتحانی فارم بغیر لیٹ فیس کے 15مارچ تک جمع کئے جائیں گے۔
کراچی: بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی نے پی ایچ ڈی پروگرام برائے 2024ء میں داخلوں کا اعلان کردیا ہے۔
آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق داخلہ پراسپیکٹس برائے 2024 ء، داخلہ ٹیسٹ فارم اور فیس واچر جامعہ کراچی کی ویب سائٹ سے 4 سے 11 مارچ کے دوران ڈاون لوڈ کیے جاسکتے ہیں، جبکہ فیس برائے داخلہ کاروائی 6ہزار روپے ہے۔
آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی ملک میں اسکالر شپ دینے والے چند اداروں میں شامل ہے جو 50 ہزار روپے ماہانہ پی ایچ ڈی اسکالرشپ کی مد میں طالب علموں کو دیتا ہے۔ کامیاب امیدواروں کو جامعہ کراچی کے بین الاقومی شہرت یافتہ تحقیقی ادارے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)جامعہ کراچی اور ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی میں داخلہ دیا جائے گا۔
اس پروگرام کے تحت اُمیدواربائیو کیمسٹری، جینٹکس، مائکرو بائیولوجی، بائیو ٹیکنالوجی، میڈیکل ٹیکنالوجی، بائیومیڈیکل انجینئرنگ، فزیولوجی، فارماکولوجی، الائیڈ ہیلتھ سائینسز،نامیاتی کیمیاء، تجزیاتی کیمیاء، طبعیاتی کیمیاء، غیر نامیاتی کیمیاء، حیاتی نامیاتی کیمیاء، اور ٹیکسٹائل کیمسٹری جیسے اہم شعبہ جات میں داخلہ لینے کے مجاز ہوں گے۔
داخلوں کے اُمیدوار بھرے ہوئے داخلہ ٹیسٹ فارم اور اداشدہ فیس واچر11مارچ تک آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے اکیڈمک کوارڈی نیشن آفس میں جمع کر وائیں گے۔
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی ن انٹرمیڈیٹ حصہ دوم (فریش)کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء میں شرکت امیدواروں کو امتحانی فارمز جمع کروانے کی مزید مہلت دے دی۔
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے طلباء کے وسیع تر مفاد میں انٹرمیڈیٹ حصہ دوم (فریش)کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء میں شرکت کے خواہشمند سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ،سائنس جنرل اور ہوم اکنامکس گروپس کے سرکاری تعلیمی اداروں کے اہل اور خواہشمند ریگولر امیدواروں کیلئے امتحانی فارمز اور فیس جمع کروانے کی تاریخوں میں توسیع کردی ہے۔
درج بالا گروپس کے امیدوار اپنے امتحانی فارم بروز جمعہ 8 مارچ 2024 ء سے بروز بدھ 20 مارچ 2024ء تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں۔ سرکاری کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولز یہ امتحانی فارمز بروز جمعرات 21مارچ 2024ء تک اپنے نمائندوں کے ذریعہ انٹربورڈ آفس میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔
رواں سال 2024ء میں بھی وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پرتمام سرکاری کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے ان طلباء کی فیس معاف کردی گئی ہے جو پہلی دفعہ انٹرمیڈیٹ حصہ دوم کے امتحانات میں شرکت کررہے ہیں، لہٰذا سرکاری تعلیمی اداروں کے طلباء بغیر کسی فیس کے امتحانی فارمز جمع کرواسکتے ہیں۔
سرکاری تعلیمی اداروں کو جمع کروائے جانے والے امتحانی فارمز کی مکمل فہرست بھی تعلیمی اداروں کے سربراہ کے دستخط کے ساتھ جمع کروانا ہوں گی۔
امتحانی فارمز اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔
کراچی: ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیرِاہتمام سندھ بھر کی جامعات کے درمیان ایچ ای سی ریجنل سینٹر میں اُردو اور انگریزی زبانوں میں تقریری مقابلوں کے اختتامی مرحلے کا انعقاد کیا گیا۔
جس کے مہمانانِ خصوصی وائس چانسلر کراچی یونی ورسٹی ڈاکٹرخالد عراقی، وائس چانسلر برہان یونی ورسٹی ڈاکٹر وسیم قاضی اور دیوان یونی ورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اورنگزیب تھے۔ جب کہ تقریری مقابلوں کے جج صاحبان میں جامعہ کراچی کی پروفیسر تنظیم الفردوس، معروف صحافی/کمیونیکیشن مینیجر اوریک این ای ڈی یونی ورسٹی فروا حسن اور سینیر اینکر ردا سیفی جب کہ انگریزی کے جج صاحبان میں اینکر پرسن نتاشہ حسیب، اربیلہ میمن اور امیر علی لاشاری شامل تھے۔
اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد عراقی کا کہنا تھا کہ بحث و تمحیص کامقصد مثبت معاشرےکی تشکیل ہے۔ ہمارا نوجوان بلند حوصلے اور بلند کردار کا مالک ہے اور علم حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں آپ تمام کو اس مرحلے تک پہنچنے کے لیے مبارک دیتا ہوں اور ایچ ای سی کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔
ریجنل ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن جاوید علی میمن نے طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ان تقریری مقابلوں کے انعقاد کا مقصد دلیل اور مطالعے کا فروغ ہے۔ ڈیجیٹل دور میں ہم مطالعے سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ باآسانی ڈیجیٹل ٹولز سے مطالعے کو فروغ دے سکتے ہیں۔
انگریزی تقاریری مقابلوں میں مہران یونیورسٹی نے پہلی، جی سی یونی ورسٹی حیدرآباد نے دوسری جب کہ لیاقت یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اُردو تقریری مقابلوں میں لمز یونیورسٹی نے پہلی، بے نظیر آباد یونی ورسٹی نے دوسری اور کراچی یونیورسٹی کی ٹیم نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ یاد رہے ان مقابلوں کا اگلہ اور فائنل مرحلہ ایچ ای سی اسلام آباد میں منعقد کیا جائےگا جس میں ملک بھر سے ٹیمیں حصہ لیں گی
ویب ڈیسک : گوگل کی مقبول سروس میپس میں حالیہ مہینوں میں متعدد بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں، خاص طور پر آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس فیچرز پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
ایسا ہی ایک اور نیا اے آئی فیچر گوگل میپس کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
گوگل میپس میں 2023 میں متعارف کرایاجانے والا اسکرین ریڈر نامی فیچرکو مزید بہتر بناتے ہوئے اس میں آڈیو سپورٹ کا اضافہ کیا جا رہا ہے ۔یہ نیا فیچر ان افراد کے لیے کارآمد ہوگا جن کی بینائی خراب ہوتی ہے یا وہ کسی ایسی نامعلوم جگہ پر موجود ہوں جہاں کی زبان سے وہ ناواقف ہوں۔
کمپنی کے مطابق جب آپ فون کیمرے کا رخ کسی مخصوص مقام یا دکان کی جانب کریں گے تو گوگل میپس کی جانب سے متعلقہ تفصیلات آڈیو کے ذریعے بتائی جائیں گی۔
اس کے لیے گوگل میپس سرچ بار میں کیمرا آئیکون پر کلک کرکے اردگرد کے ماحول کو اسکین کرنا ہوگا۔
ایسا کرنے سے پہلے ٹاک بیک اسکرین ریڈر فیچر ان ایبل کرنا ضروری ہوگا جو اسمارٹ فون کی سیٹنگز میں Accessibility مینیو میں موجود ہوگا۔گوگل کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ فونز کے لیے متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور بہت جلد تمام صارفین اسے استعمال کر سکیں گے۔
کراچی: دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (تمغہ امتیاز) کے ویژن اور خصوصی احکامات کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز کے زیر اہتمام اور طلباء کی تمام سوسائٹیز کے تعاون سے جامعہ میں پہلی بار اسٹوڈنٹس ویک (ہفتہ طلباء) منایا گیا۔
گزشتہ روز ہونے والی اختتامی تقریب میں بہترین میوزیکل کانسرٹ کا انعقاد کیا گیا میوزیکل کنسرٹ کے بعد شاندار آتش بازی کا مظاہرہ ہوا ، ہفتہ طلباء میں شرکت کرنے والے طلباء کے اعزاز میں’گالا ڈنر‘ رکھا گیا جس کے بعد قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین نے کہا کہ طلباء کی انرجی کو مثبت انداز میں استعمال کرنے کیلئے پہلی بار ہفتہ طلباء کو انعقاد کیا گیا ، امید کرتی ہوں کہ جس موثر انداز سے طلباء نے تمام سرگرمیوں میں حصہ لیا اسی طرح کلاسز کے آغاز اور امتحانات میں بھی مقابلے کی فضاء قائم کریں گے ۔ وائس چانسلر نے طلباء کی رائے کی بنیاد پر بہترین کارکردگی دکھانے والی اسٹوڈنٹ سوسائٹی کو کیش پرائز بھی دیا۔
قبل ازیں ہفتہ طلباء کے پانچویں روز رسول اللہ ﷺ کی شان میں نعت خوانی کا مقابلہ منعقد کیا جس میں طلبہ و طالبات نے حصہ لیا، نعت خوانی کے مقابلے سے یونیورسٹی میں روح پروز منظر بندھ گیا جبکہ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین نے خصوصی دعا پڑھی ۔
بعد ازاں تقریری اور بیت بازی کے مقابلےکے ساتھ ساتھ اوپن مائیک ایونٹ کا انعقاد بھی کیا گیا، داؤد انجینئر یونیورسٹی میں ڈائریکٹر امور طلباء انجینئر صدام علی کھچی کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر کے احکام کی روشنی میں ہفتہ طلباء کے دوران یونیورسٹی میں اکیڈمک سرگرمیاں معطل رہیں ۔
قبل ازیں ہفتہ طلباء کے پہلے روز افتتاحی تقریب کے بعد اسٹینڈ اپ کامیڈی ، پرائز پویلین ، ڈانس ، اوپن مائیک ، اسٹیج ڈرامہ ، گیت ، شعر و شعاری کے مقابلوں میں طلباء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔
دوسرے روز کلچرل شو منعقد ہوا ، داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں تمام قومیتوں کے طلباء زیر تعلیم ہیں جہاں تمام ثقافتوں کے رنگ نکھرتے ہیں ، ایونٹ میں سندھ ، پنجابی ، پشتون ، بلوچی ، گلگت بلتستانی اور کشمیری ثقافتوں کے رقص پیش کئے گئے اور طلبہ و طالبات نے بھرپور حصہ لیا۔ شعبہ فن تعمیر میں آرٹ نمائش اور مقابلے منعقد ہوئے جہاں طلباء نے اپنی فنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے معروف شخصیات اور مشہور جگہوں کے خاکے بنائے اور رنگ برنگی پینٹنگز بھی بنائیں، بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء میںانعامات تقسیم کئے گئے۔
ایونٹ کا تیسرا دن اسپورٹس سرگرمیوں کے نام رہا جس میں والی بال، بیٹ منٹن ، شطرنج ، لوڈو ، ٹیبل ٹینس ، رسہ کشی اور کمپیوٹر گیمز کے مقابلے ہوئے جبکہ آڈیٹوریم میں فلم بھی دکھائی گئی۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین نے تمام اسپورٹس مقابلے دیکھے اور طلباء کی حوصلہ افزائی کی ۔ ہفتہ طلباء کے چوتھے روز کارنیول ڈے منایا گیا ۔
پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے اسکول کے اوقات کار کے دوران کلاس رومز میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی۔
ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو مراسلہ بھیج دیا جس میں انہیں کہا گیا ہے کہ تمام اسکول سربراہان کو ہدایات جاری کی جائیں کہ کلاس رومز میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہےکہ اسکول سربراہ صبح کے وقت تمام اسٹاف سے موبائل فون جمع کرے گا اور ایمرجنسی پر عملہ لینڈ لائن نمبر پر رابطہ کرسکے گا۔
نئی دہلی: مودی سرکار نے ماہر تعلیم پروفیسر نتاشا کول کو ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے بھارت میں داخل ہونے سے روک دیا اور ایئرپورٹ سے ہی واپس برطانیہ بھیج دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ماہر تعلیم نتاشا کول کشمیری پنڈت ہیں اور اس وقت برطانیہ میں مقیم ہیں۔ انھیں کرناٹک میں کانگریس کی حکومت نے ’آئین اور قومی اتحاد کنونشن 2024‘ میں شرکت کے لیے مدعو کیا تھا۔
پروفیسر نتاشا کول اس کانفرنس میں شرکت کے لیے برطانیہ سے بھارتی شہر بنگلور پہنچی تھیں تاہم انھیں سفری دستاویزات اور کانفرنس میں شرکت کے کرناٹک حکومت کا اجازت نامہ دکھانے کے باوجود بھارت میں داخل ہونے سے روک کر واپس برطانیہ بھیج دیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پروفیسر نتاشا کول کشمیریوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کے خلاف آواز اُٹھاتی رہی ہیں اور انھیں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا حامی بھی سمجھا جاتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹ کو بنیاد کر بنگلورو ہوائی اڈے پر امیگریشن حکام نے یونیورسٹی آف ویسٹ منسٹر کی پروفیسر نتاشا کول کو ڈی پورٹ کردیا۔
اپنے ایک بیان میں پروفیسر نتاشا کول نے کہا کہ جمہوری اور آئینی اقدار پر بات کرنے پر مجھے بھارت میں داخلے سے روکا گیا حالانکہ مجھے کرناٹک کی کانگریس حکومت نے ایک معزز مندوب کے طور پر کانفرنس میں مدعو کیا تھا لیکن مرکز میں مودی کی حکومت نے مجھے بھارت میں داخل ہی نہیں ہونے دیا۔
پاکستان سپر لیگ 9 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے کیرون پولارڈ کی دھواں دار اننگز کی بدولت پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔
کراچی کنگز نے پشاور زلمی کا 155 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں با آسانی حاصل کرلیا، کیرون پولارڈ 49 اور جیمز ونس 38 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
یہ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیتا اور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
زلمی کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار دکھائی دی، پشاور نے 19.5 اوورز میں 154 رنز بنائے اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔
پشاور زلمی کی اننگز
شعیب ملک نے صفر پر صائم ایوب کو آؤٹ کیا، بعدازاں محمد حارث 6 رنز بناکر میر حمزہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم 72 رنز بناکر نمایاں رہے، اس کے علاوہ ٹام کوہلر کیڈمور 2، رومن پاؤل 39، آصف علی 23، عامر جمال ایک، لوک ووڈ 8 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
محمد ذیشان، سلمان ارشاد اور وقار سلام کوئی رن نہ بناسکے۔
کراچی کنگز کی جانب سے میر حمزہ اور حسن علی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں