دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مین ون ڈےٹیم آف دی ایئر 2023 کا اعلان کردیا
ٹیم آف دی ایئر 2023 میں کوئی پاکستانی کھلاڑی جگہ نہیں بناسکا۔
بھارت کے روہت شرما کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جب کہ کپتان سمیت 6 کھلاڑی بھارت کے ہیں۔
روہت شرما کے علاوہ ٹیم آف دی ایئر میں ویرات کوہلی، شبمن گل، محمد سراج، کلدیپ یادیو اور محمد شامی کو شامل کیا گیا ہے۔
ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ اور ایڈم زمپا کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل میچل، جنوبی افریقا کے ہینرک کلاسن اور مارکو جینسن بھی ٹیم آف دی ایئر کا حصہ ہیں۔
کراچی: آواز انسٹیٹیوٹ آف میڈیا اینڈ مینجمنٹ سائنسز نے شعبہ ابلاغ عامہ، بیچلرز آف بزنس ایڈمنسٹریشن، شعبہ ویژول اسٹڈیز ، کمپیوٹر سائنس اور سافٹ انجینئرنگ تعلیمی سال 2024 میں داخلہ لینے والے طلبا وطالبات کے لئے تعارفی تقریب منعقد کی گئی۔
تعارفی تقریب میں ریکٹر پروفیسر ڈاکٹرنصرت ادریس،فیکلٹی ممبرز ، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر علی نیئر موجود تھے۔
آواز انسٹیٹیوٹ کی ریکٹرپروفیسر ڈاکٹر نصرت ادریس نے طلبا و طالبات کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آج آپکی زندگی کا ایک اہم دن ہے اور آج سے آپ نے اپنی زندگی کے ایمز کی جانب پہلا قدم رکھدیا ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ اپنے چار سالہ تدریسی پروگرام کے دوران انتھک محنت کریں گے اور چار سال بعد اپنے کیریئر کا آغاز کریں گے۔
اس موقع پر بورڈ آف ڈائریکٹر ڈاکٹر علی نیئر نے کہا کہ میں نوجوانوں کو تہہ دل سےخوش آمدید کہتا ہوں اور چاہتاہوں کہ آپ ان چار سالوں میں انتھک محنت سے اپنا تعلیمی سیشن پورا کریں۔
اس موقع پر نئے طلبا وطالبات پرجوش نظر آئے اور کہا کہ اپنے روشن مستقبل کےلئے ایمز کا انتخاب ہمارے لئے مفید ثابت ہوگا۔
کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نےمیٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے متنازع نتائج کا معاملہ پر انٹربورڈ کا دورہ کیا۔
اس دورے کا مقصدمیٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات نے متنازعہ نتائج کو زیرِ غور لانا تھا۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے کمشنر کراچی چیئرمین انٹر بورڈسلیم راجپوت سے ملاقات کی۔
گورنرسندھ نے کراچی کے طلباءکو فیل کئے جانے کے معاملہ پرکمشنر کراچی /چیئرمین سے معاملہ کی تفصیلات طلب کر تے ہوئے شفاف تحقیقات کا حکم دےدیا۔
انہوں نے کہا کہ طالب علموں سے زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی نیز انہوں نے چیئرمین بور ڈ سےاسکروٹبی فیس نہ لینے کی بھی ہدایت کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کمشنر کراچی دس دن میں ان بچوں کے پیپر کی مکمل اسکروٹنی کریں گےاسکروٹنی کا عمل شفاف ہوگا ،جس کی غلطی ہوگی وہ اس کو قبول کریں گےمیرا وعدہ ہے تمام طلباء سے کہ میں ناانصافی نہیں ہونے دوں گاآپ سب کےلیے گورنر ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی کے66% بچوں کو فیل کردیا گیا یہ سندھ کی تعلیم پر سوالیہ نشان ہے
میں نے یہاں بورڈ کے عہدےداروں سے ملاقات کی ہے جبکہ آج اس معاملے پر پیرنٹس فیڈریشن کے چئیرمین سے پہلی مرتبہ بات چیت کی
انہوں نے کہا کہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ معاملے کی حقائق پتہ چلیںاسی فیصد ریزلٹ جن طلباء کا آتا رہا ہے ان کی ڈیٹیل چئیرمین پیرنٹس فیڈریشن کمشنر کراچی کو دیں گے
سیکیورٹی خدشات پراسلام آباد کی 3 جامعات غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق ایئر، بحریہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کو بند کرنے کے احکامات آج جاری ہوئے۔
یونیورسٹیوں کی بندش سے طلبہ کے فائنل امتحانات بھی متاثر ہوئے ہیں۔
اسلام آباد میں ان یونیورسٹیز کے علاقے میں متعدد تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یونیورسٹیز کی غیر معینہ مدت تک بندش سے متعلق طلبہ کو رات گئے مطلع کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں انتخابات اور پریس کلب پر دھرنوں کے باعث سیکیورٹی پہلے ہی سخت ہے۔
دوسری جانب دارالحکومت اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں رات گئے سیکیورٹی اداروں نے سرچ آپریشن بھی کیا ہے۔
اسلام آباد: دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی جلد ہی رمضان المبارک کے چاندنظرآنے متوقع تاریخ سامنے آگئی۔
ماہرین فلکیات کے مطابق دنیا بھر کے مسلمان مارچ میں رمضان کا استقبال کریں گے، پاکستان میں یکم رمضان المبارک 11 مارچ کو ہوگا تاہم حتمی تاریخ کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی چاند نظر آنے کے بعد کرے گی۔
یوں رواں سال رمضان المبارک 26 سال کے بعد سردیوں میں آرہا ہے۔
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ 2024 سے رمضان سردیوں میں آتا رہے گا تاہم ابتدائی 2 سال تک رمضان کا آخری حصہ موسم بہار میں ہوگا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق 2031 تک رمضان المبارک موسم سرما میں ہوگا اور پھر 8 سال تک یعنی 2039 تک موسم خزاں میں آئے گا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف ) نے اردن کے خلاف فیفا ورلڈکپ 2026کوالیفائرز کا ہوم میچ نیوٹرل وینیو پر کرانے کا عندیہ دے دیا۔
پی ایف ایف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم کی سہولیات فیفا معیار کے مطابق نہیں ہیں۔
پاکستان اور اردن کے درمیان فیفا ورلڈکپ کوالیفائرز راؤنڈ ٹو کا ہوم میچ 21 مارچ کو شیڈولڈ ہے تاہم اب اس میچ کے اسلام آباد میں ہونے کے امکانات نہیں رہے۔
پی ایف ایف کا کہنا ہے کہ میچ کےلیے وینیو 21 جنوری تک فائنل کرنا تھا،نومبر میں تاجکستان کے خلاف میچ کے بعد سے کوشش تھی کہ اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم کو فیفا کے معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جاسکے لیکن ایسا نہ ہوسکا۔
پی ایف ایف کا کہنا ہے کہ سب سے بڑا چیلنج فیفا کے معیار کے مطابق لائٹس لگانا ہے جو نہیں ہوسکا، اس لیے اب میچ کیلئے نیوٹرل وینیو کے آپشن پر غور شروع کردیا ہے۔
مزید برآں اس سلسلے میں اردن کی فٹبال فیڈریشن سے مشاورت کے بعد حتمی اعلان کردیا جائے گا۔
کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ریسرچ سیکشن کے تحت ہونے والے ہفتہ طلبہ کاآغازکل سے بورڈ آفس کی سماعت گاہ بلاک بی پہلی منزل میں شروع ہو رہا ہے۔
ان مقابلوں کا افتتاح ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین سید شرف علی شاہ کریں گے۔
ڈائریکٹرایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر کے مطابق یہ تمام مقابلہ جات صبح10 بجے سے شروع ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلا مقابلہ 23 جنوری کو بروزمنگل حسن قرأت سے ہوگا، 24 جنوری کو نعت خوانی، 25 جنوری کو اردو تقاریر (عنوان: پاکستان کا اصل مستقبل ہم سے ہے)، 29 جنوری بروز پیر سندھی تقاریر (عنوان: خود غرضی ء کان خودداری بھتر آ ھی) 30 جنوری بروز منگل انگریزی تقاریر (Topic:Readers are the Leaders)، جبکہ آخری مقابلہ 31 جنوری بروز بدھ کوملی نغمے کا ہوگا۔
ان مقابلوں کیلئے بورڈ سے الحاق شدہ نجی اور سرکاری اسکولوں کے طلبہ کی نامزدگی کے لئے فارم بورڈ کے ریسرچ سیکشن میں جمع ہوچکے ہیں تمام مقابلہ جات میں 700 سے زائد طلبا وطالبات حصہ لے رہے ہیں۔
ان مقابلہ جات میں منصفین کے فرائض اپنے اپنے شعبہ جات کے ما ہرین انجا م دے رہے ہیں۔ نتائج کااعلان ان پروگرام کے اختتام پر ہی کردیا جائے گا۔
کراچی: سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی(SSUET) اور انسٹی ٹیوشن آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرانک انجینئرز (IEEEP)کے باہمی اشتراک سے 39 ویں آل پاکستان آئی ٹرپل اِی اسٹوڈنٹس سمینار کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کے الیکٹرک (K-Electric) کے چیف پیپل آفیسر (Chief People Officer) رضوان ڈالیاتھےجبکہ شرکاء میں IEEEP کراچی چیپٹر کے چیئرپرسن انجینئر خالد پرویز، IEEEP اسٹوڈنٹس سیمینار کی کنوینئر ڈاکٹر شاہینہ نور، انجینئر نوید انصاری، انجینئر اشتیاق الحق، انجینئر مونس صدیقی، روسائے کلیات، سربراہانِ شعبہ جات، اساتذہ اور طلباء کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔ایونٹ کا مقصد انڈسٹری اور ایکڈمیا کے مابین تعلقات کو فروغ دینے اور روابط کو بڑھانے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے چیف پیپل آفیسر رضوان ڈالیا نے کہا کہ ملک کے ترقی نہ کرنے کی وجوہات میں سے ایک یہ بھی ہے کہ ہم نے انجینئرز کی اہمیت و مہارت کو حقیقی معنوں میں سمجھا ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ طلباء کو انٹرن شپ کی بجائے دورانِ تعلیم کسی انڈسٹری سے چھ ماہ یا سال بھر کے لیے منسلک ہوجانا چاہئے تبھی ان کی موزوں و مناسب ٹریننگ ممکن ہے۔اساتذہ کو بھی اپنی قابلیت و مہارت میں اضافہ کرنے کے لیے انڈسٹری میں ٹریننگ کرنی ضروری ہے۔
دورِ حاضر میں نئی ٹیکنالوجیز کی وجہ سے کام نہ صرف آسان ہوگیا ہے بلکہ اس کے معیار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ہم اپنے ادارے میں پیشگی مطلع کرنے والے ماڈل کی پیروی کررہے ہیں۔اب ہم ٹیکنالوجی کی مدد سے نہ صرف ٹرانسفارمر کے پھٹنے کا قبل از وقت پتہ چلا لیتے ہیں بلکہ اسے پھٹنے سے پہلے ہی تبدیل بھی کردیتے ہیں۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ یہ تقریب علم کے تبادلے، باہمی اشتراک اور عزم کا ایک ناقابلِ یقین سفر ہے کیونکہ مصنوعی ذہانت، سائبر سیکوریٹی، مشین لرننگ، ٹیک کنٹرول سولیوشن، اور ایمبیڈڈ سسٹم جیسے شعبوں میں طلباء کی شاندار پریزنٹیشن، انکی تخلیقی اور علمی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
سرسیدیونیورسٹی کے رجسٹرار کموڈور (ر) انجینئرسید سرفراز علی نے کہا کہ یہ تقریب جدت، تحقیق اور تعاون کے جذبے کی اعلیٰ مثال ہے اور یہ فورم فائنل ایئر اور پوسٹ گریجویٹ اسکالرز کو اپنی بہترین ذہنی صلاحیتوں اور تحقیقی کاوشوں کے اظہار کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے تاکہ وہ مسلسل ارتقائی سفر کی جانب گامزن الیکٹریکل، کمپیوٹر، سافٹ ویئر انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، الیکٹرانکس، بائیومیڈیکل اور دیگر انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سے متعلقہ شعبوں میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔
اظہارِ تشکر پیش کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر نے کہا کہ دورِ حاضر کے دو اہم ایشوز ہماری اجتماعی بیداری کا تقاضا کرتے ہیں۔ایک ذمہ دار تعلیمی کمیونیٹی کے طور پر ہمیں اپنی تحقیق اور معمولات میں پائیدار طریقوں کو شامل کرنے کی ضرورت ہے۔
اختتامِ تقریب پر نتائج کا اعلان کیا گیاجس کے تحت دو کیٹیگریز یعنی گولڈ اور سلور میں 6 انعامات کا اعلان کیا گیا۔گولڈ کیٹیگری میں روحیل رشید (سرسید یونیورسٹی)، محمد باسط (مہران یونیورسٹی) اور ماہ نور محمود(NUST) فاتح قرار پائے اور سلور کیٹیگری میں کاشان خان(سرسید یونیورسٹی)، جواد ملک(سرسید یونیورسٹی) اور مناہل کمال (رفاح یونیورسٹی) کو فاتح قرار دیا گیا، جبکہ سرسید یونیورسٹی نے فاتحین کی زیادہ تعداد پر مقابلے کی ٹرافی حاصل کی۔
لاہور: گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سینڈیکیٹ نے فوری طور پر 70 اساتذہ کی تنخواہیں جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔
سینڈیکیٹ نے عارضی وائس چانسلر احمد عدنان کے فیصلوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور فوری طور پر متاثر اساتذہ کو تنخواہیں جاری کرنے کی ہدایت کی ۔
اجلاس میں 3 سینڈیکیٹ ممبران کی رکنیت بھی بحال کر دی گئی۔ ممبران نے سینڈیکیٹ کی اجازت کے بغیر کئے گئے تمام فیصلے واپس لینے کی ہدایت کی ۔ ایڈیشنل رجسٹرار ڈاکٹر شوکت کو دوبارہ رجسٹرار آفس کے روز مرہ کے امور دیکھنے کی ذمے داری دے دی گئی، سینڈیکیٹ کی ہدایت پر تعینات تمام انتظامی افسروں کو بحال کرنے کی ہدایت کی گئی ۔
ادھر پنجاب یونیورسٹی کے بعد گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے اساتذہ نے بھی الیکشن ڈیوٹی سے انکار کر دیا۔ اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن نے وائس چانسلر کو خط لکھا کہ دوران تعلیمی سیشن الیکشن کی لازمی ٹریننگ لینا مشکل ہے ۔ نئےتعلیمی سیشن کی تیاریاں بھی کرنی ہیں، ہمیں ہماری بنیادی ذمہ داری پوری کرنے دی جائے۔
کراچی: کراچی کے ہوائی اڈے پر بیرون ملک سے آنے والے 2 مزید مسافروں میں کورونا ’جے این ون‘ ویوینٹ کی تصدیق کے بعد وبائی مرض سے نمٹنےکےلیے محکمہ صحت سندھ نے 11رکنی صوبائی ٹاسک فورس قائم کردی۔
جی ڈی محکمہ صحت سندھ ڈاکٹر وقار محمود کی سربراہی میں 11 رکنی ٹاسک فورس کام کرے گی، ٹاسک فورس میں شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے ماہرین شامل ہوں گے۔
11 رکنی ٹاسک فورس وزیر صحت سندھ کو یومیہ رپورٹ کرے گی اور کورنا سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی ایکشن پلان تیار کرے گی اور وبائی مرض کی روک تھام کے لیے باقاعدہ لائحہ عمل تیار کرے گی۔
واضح رہے کہ آج صبح ہی بیرون ملک سے آنے والے 2 مزید مسافروں میں کورونا ’جے این ون‘ ویوینٹ کی تصدیق ہوئی تھی جب کہ گزشتہ روز ارسال کردہ مسافروں کے ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ (آر آئی ٹی) 4 پی سی آر ٹیسٹ بھی مثبت آگئے تھے۔
حکام نے کہا تھا کہ کورونا کی نئی قسم جے این ون ویرینٹ کے7 مثبت کیسز میں سے 2 بیرون ملک جب کہ 5 مقامی ہیں جب کہ متاثرہ مسافروں کو ٹیسٹ سے آگاہ کر کے گھروں میں قرنطینہ کی سختی سے ہدایت کی گئی تھی