لاہور: یو نیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نےپنجاب کے پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلہ برائے سیشن 24-2023 امیدواروں اور کالجوں کیلئے اہم ہدایات جاری کردی۔
ہدایت کے مطابق ایسے امیدواران جن کی تعلیمی اسناد کی ابھی تک آئی بی سی سی سے تصدیق نہیں ہوئی ہے متعلقہ کالج ان امید واروں کو فی الحال داخل کریں گے تاہم ان امیدواروں کا داخلہ اس وقت تک عارضی رہے گا جب تک وہ اپنی تصدیق شدہ تعلیمی اسناد متعلقہ کالج میں جمع نہیں کرا دیتے ۔
جبکہ متعلقہ کالج ان امیدواروں کی تصدیق شد و تعلیمی اسناد ان کی رجسٹریشن کے وقت یونیورسٹی کے پورٹل پر اپ لوڈ کریں گے۔ وہ امیدواران جو کسی بھی ناگریز وجہ سے اپنے کالج میں ذاتی طور پر جوائننگ نہیں دے سکتے ( مثال کے طور پر بیماری یا ملک سے باہر ہونے کے باعث ) ان کے والدین یا قریبی عزیز ان کی طرف سے کالج میں جوائننگ دے سکتے ہیں۔
تاہم متعلقہ کالج اپنے طور پر اس کی تصدیق کر یگا اور ان والدین یا قریبی عزیزوں سے ان کے شناختی کارڈ کی کاپی بھی وصول کرے گا۔ امیدواران کی سہولت کیلئے یو ایچ ایس کی ہیلپ لائن صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک فعال ہے۔
کراچی: ملک کی دو بڑی میڈیکل جامعات ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے ہیلتھ کیئر کے شعبے میں کام کرنے والی افرادی قوت کی تعلیم و تربیت کیلئے قائم بین الا قوامی غیر منافع بخش تنظیم ایسوسی ایشن آف ہیلتھ کیئر سے سمجھوتہ برائے مفاہمت پر دستخط کیے ہیں۔
جس کے نتیجے میں ملکی اور بین الا قوامی سطح پر مختصر اور طویل المیعاد ٹریننگ کے بعد مختلف ممالک کے طبی شعبوں کی ضرورت پوری کی جائے گی۔
سمجھوتے پر ڈاؤ یونیورسٹی کی جانب سے رجسٹرار ڈاکٹر اشعر آفاق اور جے ایس ایم یو کی جانب سے رجسٹر ارا عظم خان نے دستخط کیے جبکہ ڈاکٹر جمیل الرحمن نے نمائندگی کی۔
ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر سعید قریشی اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن اور انڈس اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر عبد الباری بھی موجود تھی۔ پروفیسر سعید قریشی نے کہا کہ دنیا بھر میں ڈاکٹر اور ہیلتھ کیئر کے شعبے میں انسانی وسائل کی کی شدید کمی ہے جسے پورا کرنے کیلئے کسی واسطے کی ضرورت طویل عرصے سے محسوس کی جارہی تھی۔
پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے کہا کہ اگر ہم اپنے الائیڈ ہیلتھ شعبے کے لوگوں کو اسکلڈ اور ٹرین کریں تو ہم دنیا کے ممالک کی ضرورت پوری کر سکتے ہیں۔ ایسوسی یشن آف ہیلتھ کیئر پروفیشنل گلوبلی کے بانی ڈاکٹر جمیل الرحمن اور ڈاکٹر مظہر شیخ نے کہا کہ پاکستان میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ کئیر میں بڑی تبدیلی آرہی ہے۔
لاہور: پاکستان ہاکی ٹیم کو پیرس اولمپکس سے قبل کوالیفائر کھیلنے کیلئے 6 کروڑ 25 لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ ملے گی۔
ذرائع کے مطابق پیرس اولمپکس کی تیاریوں کیلئے قومی ٹیم کا تربیتی کیپ اسلام آباد میں جاری ہے جبکہ کوالیفائرز 15 جنوری سے عمان کے دارالحکومت مسقط میں کھیلا جائے گا۔
بعدازاں قومی ٹیم فائیو اے سائیڈ ہاکی ورلڈکپ میں بھی حصہ لے گی، جو جنوری کے تیسرے ہفتے میں شیڈول ہے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے قومی ٹیم کی میگا ایونٹس میں شرکت کا معاملہ اٹھایا تھا، جس پر کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 10 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کی منظوری دی تاکہ ہاکی کے معاملات کو چلایا جاسکے۔
اسلام آباد میں 3 فروری سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی کے انتظامات کے اخراجات بھی برداشت کیے جائیں گے، وزیر اعظم کے پروگرام مائنڈ گیمز کیلئے بھی رقم مختص کی جائے گی۔
دبئی : آئی سی سی نے ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی، رینکنگ میں بابر اعظم کی بدترین کاکرکردگی کے باعث دو درجے نیچےآگئے۔
آئی سی سی کی تازہ ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن 864 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قابض ہیں جبکہ انگلینڈ کے جو روٹ 859 پوائنٹس کے ہمراہ دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں تین درجے ترقی پاکر چھٹے نمبر پر آگئے، بابراعظم خراب فارم کے باعث دو درجہ تنزلی کےبعد 8ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں
پاکستان کیخلاف تین ٹیسٹ میچوں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے والے اسٹیو اسمتھ اور مارنوس لبوشین بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں۔
سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں محمد رضوان کی شاندار 88 رنز کی اننگز نے ان کے لیے 10 درجے کی نمایاں چھلانگ لگائی اور 668 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 17ویں رینک حاصل کی جبکہ سعود شکیل 693 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 14ویں نمبر پر چلے گئے۔
دوسری جانب بالنگ کے شعبے میں عامر جمال نے ڈیبیو سیریز میں ہی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے 12 درجے ترقی حاصل کی اور وہ کیرئیر بیسٹ 45 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ شاہین آفریدی 733 پوائنٹس کے ساتھ 12ویں نمبر پر موجود ہیں۔
کراچی: علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے نیا اعزاز اپنے نام کرلیا ۔
انسٹیٹیوٹ کے 30 طلباء کو ملک کے ممتاز صنعتی ادارے نیشنل ریفائنری نے دو سالہ انٹرن شپ کے لیے منتخب کرلیا ہے۔الیکٹرانک اور الیکٹریکل کے طلباء کا یہ انتخاب اے آئی ٹی کی شاندار کارکردگی اور پیشہ ورانہ مہارت کی عکاسی کرتا ہےجو کہ یہ انسٹیٹیوٹ کی ایک بہت بڑی اور اہم کامیابی ہے۔
نیشنل ریفائنری نے ان طلباء کو عملی مہارت اور صنعت سے متعلق معلومات اور علم فراہم کرنے کے لیے خصوصی طور پر ایک جامع تربیتی پروگرام تیار کیا ہے۔انٹرن شپ کے پہلے سال نیشنل ریفائنری کی طرف سے طلباء کو ایک مناسب معاوضہ دیا جائے گا اور دوسرے سال طلباء کی گزشتہ سال کی کارکردگی اور مہارت کی بنیاد پرمعاوضے و دیگر مراعات میں اضافہ کیا جائے گا۔
تاہم طلباء مالی فوائد کے علاوہ، کینٹین کے رعایتی نرخوں سمیت سالانہ، اتفاقی و بیماری کی چھٹیوں کے حقدار ہوں گے۔علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے طلباء کی بڑے پیمانے پر ایک ممتاز ادارے میں انٹرن شپ کی پیشکش اس بات کی غماز ہے کہ اے آئی ٹی پیشہ ورانہ تربیت اور مہارت سے لیس بہترین پروفیشنل تیار کررہا ہے اور یہاں کے فارغ التحصیل طلباء کے لیے پیٹرولیم کے سیکٹر میں ملازمت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
پشاور: پشاورتعلیمی بورڈ نے نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا شیڈول تبدیل کردیا۔
پشاور بورڈ کے چیئرمین پروفیسر نصیر اللہ خان کاکہناہےامتحانی شیڈول کی تبدیلی کا فیصلہ طلبا اور والدین کےمطالبے اور رمضان المبارک کے تقدس کے لئے تبدیل کیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ شیڈول کی تبدیلی کا فیصلہ خیبرپختونخوا کےتمام بورڈز کےچیرمینز کے اجلاس میں کیا گیا ۔
سمیت خیبر پختونخوا کےتمام بورڈز کے تحت میٹرک کے امتحانات اب امتحانات 18 اپریل کو ہوں گے۔
بھارت میں ہاتھیوں کے غول نے اسکول پر حملہ کرکےعمارت کو تہس نہس کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست تامل ناڈو میں پیش آیا جہاں سرکاری اسکول میں ہاتھیوں کے غول نے حملہ کردیا
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہاتھیوں کے غول نے اسکول میں داخل ہوتے ہی حملہ کیا اور اپنی پوری طاقت سے اسکول میں توڑ پھوڑ کرکے عمارت کو نقصان پہنچایا۔
ہاتھیوں کے جھنڈ نے اسکول میں لگے درختوں کو بھی جڑ سے اکھاڑ پھینکا لیکن خوش قسمتی سے اسکول میں موجود کسی بھی شخص کو نقصان نہیں پہنچا۔
اسکول میں ہاتھیوں کی توڑ پھوڑ اور نقصان کا تخمیہ لگانے کیلئے سرکاری ٹیم نے اسکول کا دورہ بھی کیا جب کہ ہاتھیوں کے غول کی اسکول پر یلغار کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔
لاہور: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کاموسم سرماکی تعطیلات کے حوالے سے بڑااعلان کردیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبے بھر میں تمام نجی و سرکاری اسکولز میں موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے بھرمیں تمام تعلیمی ادارے10جنوری سے کھلیں گے۔
انکا مزید کہنا تھاکہ سردی میں اضافے کے باعث اسکولز کے اوقات کار تبدیل کئے جارہے ہیں،
10جنوری سے 22جنوری تک تمام اسکولز 30:9بجے اسکولز کھلیں گے،
تمام تعلیمی ادارے بچوں کو گرم کپڑے اورجیکٹس پہننے پر پابندکریںگے۔
کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے قائم مقام ناظم امتحانات خالد احسان نے 15جنوری 2024 سے شروع ہونے والے ضمنی امتحانات 2023 کے ایڈمٹ کارڈ جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ سے الحاق شدہ اسکولوں کے سربراہان یا ان کے نمائندے طلباء و طالبات کے ایڈمٹ کارڈ حاصل کرنے کیلئے الگ الگ اتھارٹی لیٹر کے ساتھ اپنے شناختی کارڈ کی کاپی اور آفس کارڈ کے ہمراہ مقررہ تاریخوں میں میٹرک بورڈ سے ایڈمٹ کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔
جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈ ان کے دیئے گئے رہائشی پتوں پر ارسال کر دیئے گئے ہیں۔
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈنے ضمنی امتحانات برائے2023 میں شریک امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈز جاری کردیئے۔
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اعلان کیا ہے کہ بروز پیر 15 جنوری 2024ء سے شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے ضمنی امتحانات برائے 2023ء کے سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس اور آرٹس گروپ کے پرائیویٹ امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈز اور امتحانی شیڈول ان کی جانب سے دیئے گئے پتوں پر بھیج دیئے گئے ہیں۔
جن امیدواروں کو بروز منگل 9 جنوری 2024ء تک ایڈمٹ کارڈز وصول نہ ہوں وہ بروز بدھ 10جنوری 2024ء سے انٹربورڈ آفس کے متعلقہ سیکشن سے اپنے ڈپلیکیٹ ایڈمٹ کارڈز حاصل کرسکتے ہیں۔
امیدواروں کو ڈپلیکیٹ ایڈمٹ کارڈز کے حصول کیلئے امتحانی فارم اور فیس جمع کروانے کی رسید، میٹرک کے سرٹیفکیٹ یا مارکس شیٹ کی کاپی اور رجسٹریشن کارڈ لانا لازمی ہوگا۔