لاہور: ورچوئل یونیورسٹی کا13واں کانووکیشن لاہور کیمپس میں منعقد ہوا۔
جلسہ تقسیم ِ اسنادمیں خزاں 2020، خزاں وبہار 2021 اور بہار 2022 کے سمسٹرز کےدوران کل 22,762طلبا ایسوسی ایٹ ڈگری ، بی ایڈ، دو سالہ بیچلرز،4 سالہ بیچلرز، ماسٹرز اور ایم ایس کے ایوارڈ کے اہل ہوئے، ان میں سے 4977ڈگریاں کانووکیشن میں دی گئیں، جن میں بیچلرز کے 2311، ماسٹرزکے2550اور ایم ایس /ایم فل کے 116طلبا شامل تھے،13ویں کانووکیشن میں کے مہمانِ خصوصی یونیورسٹی کے سابق ریکٹر جناب تاجدار عالم تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کاکہنا تھا کپ یہ دور مصنوعی ذہانت کا دوور ہے جو طلبا اس ٹیکنالوجی سے دور رہیں گے وہ بہت مشکلات کا سامنا کرسکتے ہیں۔
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے انٹرمیڈیٹ حصہ اول (فریش) اور حصہ اول (Repeaters) کے سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس، ہوم اکنامکس گروپس اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء میں شریک ہونے کے اہل اور خواہشمند امیدواروں کو امتحانی فارم جمع کروانے کیلئے بروزبدھ 3 جنوری 2024ء سے تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔
سرکاری تعلیمی اداروں کے انٹرمیڈیٹ حصہ اول (فریش) تمام گروپس کے طلبا و طالبات اپنے امتحانی فارم 3 جنوری 2024 ء سے 16فروری 2024ء تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں۔
جبکہ نجی تعلیمی اداروں کے انٹرمیڈیٹ حصہ اول (فریش) کے سائنس، کامرس، آرٹس اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے امیدوار اپنے امتحانی فارم 3100 روپے فیس کے ساتھ بروز بدھ 3جنوری سے بروز پیر 29جنوری 2024ء تک اپنے کالجوں میں جمع کرواسکتے ہیں۔
سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو جمع کروائے جانے والے امتحانی فارمز کی مکمل فہرست بھی تعلیمی اداروں کے سربراہ کے دستخط کے ساتھ جمع کروانا ہوں گی۔ امتحانی فارمز اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل ویب سائٹ This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it. سے بھی ڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔
اسلام آباد: وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یکم جنوری سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 267 روپے 34 پیسے برقرار رکھی گئی ہے، ڈیزل کی قیمت بھی 276 روپے 21 پیسے برقرار رہے گی۔
مٹی کا تیل 2 روپے 19 پیسے فی لیٹر سستا کرنےکی منظوری دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل آئل ایک روپے 11 پیسے مہنگا کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے نئے سال کے آغاز پرپیغام جاری کردیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے نئے سال کے آغاز پر طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے آگے بڑھنا ہے، انہیں بھرپور محنت کرنے اور اپنے آپ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کا عہد کرنا ہوگا۔ اپنے پیغام میں وائس چانسلر نے تعلیم کو ترقی کا زینہ قرار دیتے ہوئے نوجوان نسل کو ہدایت کی ہے کہ تعلیم کو پہلی ترجیح قرار دے کر اپنی پوری توجہ تعلیم کے حصول پر دیں اور ملک و قوم کی ترقی میں کردار ادا کریں۔
ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی بھی نئے سال کے آغاز پر اس عہد کا اعادہ کرتی ہے کہ تعلیم کے متلاشی افراد کے لئے اپنے دروازے ہمیشہ کھلی رکھے گی اور انہیں تعلیمی نیٹ میں شامل کرنے کے لئے ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی۔
وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی کے سمسٹر بہار 2024ء کے داخلے 15جنوری سے شروع ہورہے ہیں، ہم ملک بھر کے ایسے غریب افراد کے بچوں کو جو فیس ادا کرنے سے قاصر ہوتے ہیں کو فیس میں رعایت فراہم کریں گے۔اپنے پیغام میں وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے علاقائی سربراہان کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ طلبہ کی سہولتوں پر خصوصی خیال رکھے اور داخلوں کے لئے آنے والے طلبہ کو بھرپور ر معاونت فرہم کریں
کراچی: نگران وفاقی وزیرِ مذہبی اُمور و معروف صحافی انیق احمد نے این ای ڈی یونیورسٹی میں منعقدہ’ـ داستان ‘ایپ کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اُردو ڈیجیٹلائز ہوگئی، "داستان... اُردو ہے میرانام" ایپ کا مقصد اُردو زبان کو دورِجدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے، مصنوعی ذہانت پر مبنی آپٹیکل کریٹر ریکگنیشن (او سی آر) پر کام این ای ڈی کا کارنامہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ ہر فرد شعوری اور لاشعوری طور مادری زبان کے دائرے میں رہتا ہے یہی وجہ ہے کہ خواب مادری زبان آتے ہیں.
اس موقعے پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی کا کہنا تھا کہ آپٹیکل کریٹر ریکگنیشن (او سی آر) کی تیکنیک پر کام کے ذریعے امیج فائل کو اُردو ٹیکسٹ میں تبدیل کیا جاسکے گا۔جس کے ذریعے صدیوں پرانی کتب/رسائل/ جرائد و دیگر کو بھی محفوظ کیا جاسکے گا۔
نجمن ترقی اُردو پاکستان کے صدر واجد جواد کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت سے مرتب کردہ او سی آر تکنیک کے ذریعےمرتب کردہ اس ایپ سے اُردو کے زبانی پیغام کو دُرست تلفظ اور ہجوں کے ساتھ پی ڈی ایف میں منتقل کیا جاسکے گا۔
ڈین ای سی ای ڈاکٹر سعد احمد قاضی اور ٹیم لیڈ ڈاکٹر ماجدہ کاظمی کے مطابق این ای ڈی، انجمن ترقی اُردو پاکستان اور این سی ایل لیب کے اشتراک سے "داستان۔۔۔ اُردو ہے میرا نام" ایپ بنانے کے لیے دو سال قبل مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے تھے۔ دو سال کے قلیل عرصے میں اس ایپ کوتیار کرنا دشوار مرحلہ تھا۔ تاہم زبان سے محبت کا حق ادا کرتے ہوئےیہ ایپ تکمیل کو پہنچی۔
تقریب میں اُردو سے محبت کرنے والے حیدر عباس رضوی، غازی صلاح الدین، میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ رفیقی،پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل، شعبہ اردو جامعہ کراچی کی پروفیسر ڈاکٹر راحت افشاں، ڈاکٹر یاسمین فاروقی سمیت عمائدین شہر، اساتذہ اور طالب علموں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ویب ڈیسک : امریکا سے فائزر کی نئی کووڈ ویکسین پاکستان کو چند دنوں میں ملنے کی توقع ہے۔
وفاقی حکام کے مطابق امریکا سے کووڈ ویکسین کی 2لاکھ ڈوززکی آمد چند دنوں میں متوقع ہے اور نئی فائزر کووڈ ویکسین کی مزید 3 لاکھ ڈوزز بھی اسی مہینے مل جائیں گی۔
حکام کا کہنا ہےکہ فائزر کی نئی ویکسین کووڈ 19 کے نئے ویرینٹس کے خلاف بھی مؤثر ہے، کووڈ ویکسین حجاج کرام اور ہائی رسک لوگوں کو لگائی جائے گی۔
حکام نے بتایا کہ پاکستان میں ابھی تک نئے ویرینٹ جے این ون کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا اور پاکستان میں ابھی کووڈ 19 کے کیسز کی شرح ایک فیصد سے بھی کم ہے۔
واضح رہےکہ امریکا، برطانیہ اور بھارت میں کورونا کے نئے ویرینٹ جے این ون کے کیسز سامنے آئے ہیں اور نئے ویرینٹ سے بھارت میں اموات بھی ہوئی ہیں جب کہ امریکا میں کورونا کے نئے ویرینٹ سے متاثر افراد کااسپتالوں میں داخل ہونا بڑھ گیا ہے۔
سڈنی: آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
ڈیوڈ وارنر نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی فیملی کو زیادہ وقت دینا چاہتا ہوں۔
ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے باوجود چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گا، اگر آسٹریلوی ٹیم چاہے تو مجھے ایونٹ میں شامل کر سکتی ہے۔
ڈیوڈ وارنر نے 161 میچز میں ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 33 نصف سنچریوں اور 22 سنچریوں کی مدد سے 6932 بنائے ہیں۔ انہوں نے 179 رنز کی بڑی اننگز بھی کھیل رکھی ہے۔
آسٹریلوی کرکٹر نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا اعلان پہلے ہی کر دیا تھا اور 3 جنوری کو اپنا آخری ٹیسٹ پاکستان کے خلاف سڈنی میں کھیلیں گے۔
اسلام آباد: ہیکرز نے انڈین گزیٹ کی ویب سائٹ ہیک کر کے پاکستانی فلم ‘ڈھائی چال’ کا نام اور پاکستانی پرچم ویب سائٹ پر نمایاں کر دیا۔
ہیکرز نے انڈین گزیٹ کی ویب سائٹ ہیک کر کے حال ہی میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ‘ڈھائی چال’ کا نام اور بھارتی جھنڈے کی جگہ پاکستانی پرچم ویب سائٹ پر نمایاں کر دیا جس پر ایگل کا نشان بھی بنا ہوا ہے۔
فیصل پروڈکشن کی فلم ‘ڈھائی چال’ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے گرد گھومتی ہے جسے پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 3 مارچ 2016 کو گرفتار کیا تھا، فلم دیکھنے کے لیے عوام بالخصوص نوجوان بڑی تعداد میں سینما گھروں کا رخ کر رہے ہیں۔
فلم بینوں کا کہنا ہے پروڈیوسر ڈاکٹر عرفان اشرف نے جس طرح صوبہ بلوچستان کی کہانی کو دنیا کے سامنے پیش کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔
کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے (SSC-Part I)جماعت نہم سائنس و جنرل گروپ ریگولر اورپرائیویٹ کے سالانہ امتحانات برائے سال 2023 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر قائم مقام ناظم امتحانات خالد احسان اور رزلٹ کمیٹی کے ممبران بھی موجود تھے۔
چیئرمین بورڈ سید شرف علی شاہ نے کہا کہ طلباء وطالبات یہ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر دیکھ سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سائنس گروپ میں ایک لاکھ 68ہزار 319طلباء و طالبات رجسٹر ڈ ہوئے جن میں سے ایک لاکھ 61ہزار 929طلباء وطالبات امتحانات میں شریک ہوئے۔کامیابی کا تناسب50.90 فیصد رہا۔
علاوہ ازیں پرائیویٹ جنرل گروپ میں5ہزار 501 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے پرائیویٹ جنرل گروپ میں بھی ساتوں پرچوں میں کامیابی کا تناسب44.14فیصد رہا۔
کراچی: سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ پروٹوکول نے اینٹی نارکوٹکس فورس کے اشتراک سے منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں نوجوان طلباء و طالبات کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے ایک فکر انگیز سیمینار کا انعقاد کیا۔
جس میں اساتذہ و طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی اینٹی نارکوٹکس فورس کے جوائنٹ ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل شاکر اللہ خان تھے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اے این ایف کے جوائنٹ ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل شاکر اللہ خان نے کہا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس، منشیات کی لعنت کا مقابلہ کرنے کے لیے قائم کیا جانے والا ایک اہم ریاستی ادارہ ہے۔2023 میں اس ادارے نے ایک ملین امریکی ڈالر مالیت کی 6 میٹرک ٹن منشیات ضبط کیں اور منشیات کی اسمگلنگ اور سپلائی میں ملوث تقریباََ 300 ملزمان کوگرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ اے این ایف نشہ آور ادویات، سائیکو ٹراپک و خام کیمیائی مادوں کی اسمگلنگ اور پیداوار کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے چیئر پرسن ڈاکٹر عماد الحق نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسان عقل کی بنیاد پر اشرف المخلوقات کہلاتا ہے اور زمین پر اللہ کا نائب ہے۔منشیات کا استعمال براہ راست دماغ پر اثر انداز ہوتا ہے جس سے عقل بری طرح متاثر ہوتی ہے۔وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے بچائیں کیونکہ نوجوان ہمارے ملک کا تابناک مستقبل ہیں۔
ماڈل ایڈکشن ٹریٹمنٹ اینڈ ری ہیبیلیٹیشن سینٹرلیاری کی کلینیکل سائیکالوجسٹ اور ایڈکشن تھراپسٹ، ثناء اسلم نے کہا کہ نشہ ایک دائمی، دوبارہ پیداہونے والا عارضہ ہے جس میں لوگ منشیات کے منفی نتائج اور نقصانات کو جاننے کے باوجود اضطراری طور پر نشہ آور اشیاء کی تلاش اور استعمال کے لیے تڑپ رہے ہوتے ہیں۔اسے دماغی عارضہ سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس میں دماغی سرکٹ میں باضابطہ تبدیلیاں ظہور پذیر میں آتی ہیں جن میں ریوارڈ، تناؤ اور خود پر قابو پانا شامل ہے۔
اظہارِ تشکر پیش کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے رجسٹرار کموڈور (ر) سید سرفراز علی نے کہا کہ منشیات کااستعمال پاکستان میں دورِ حاضر کا سب سے سنگین چیلنج ہے اور تعلیمی اداروں میں منشیات کی لت بڑھ رہی ہے جس سے طلباء کی جسمانی اور ذہنی صحت متاثر ہورہی ہے۔تعلیمی اداروں میں منشیات کی لت کے خطرناک مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت ِ عملی تیار کرنے کی اشد ضروت ہے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں تاکہ سپلائی چین کو روکا جاسکے اور ان لوگوں کو قرار واقعی سزا دی جائے جو غیر قانونی منشیات کے گھناؤنے دھندے میں ملوث ہیں۔
اس طرح کے فکر انگیز سیمینار کے انعقاد پر پروٹوکول افسر، نعمان احمد اور ان کی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی کی انتظامیہ جامعہ میں منشیات سے پاک ماحول کو فروغ دینے پر بجا طور پر قابل ستائش ہے۔